وزارت دفاع
رکشامنتری جناب راج ناتھ سنگھ نے ورنداون، اترپردیش میں لڑکیوں کے پہلے سینک اسکول کا افتتاح کیا
انہوں نے اس اسکول کو مسلح دستوں میں شامل ہونے اور مادروطن کی حفاظت کرنے کی خواہشمند لڑکیوں کے لیے روشنی کا ایک مینار قرار دیا
Posted On:
01 JAN 2024 4:29PM by PIB Delhi
رکشامنتری جناب راج ناتھ سنگھ نے یکم جنوری 2024 کو متھرا، اترپردیش میں ورنداون میں سم وِد گروکولم گرلس سینک اسکول کا افتتاح کیا۔ لڑکیوں کے اس پہلے سینک اسکول میں تقریباً 870 طالبات داخلہ لے سکتی ہیں۔اس اسکول کا افتتاح تمام ریاستوں / مرکز کے زیرانتظام خطوں میں این جی اوز/ نجی ریاستی حکومت کے اسکولوں کے ساتھ شراکت داری میں 100 نئے سینک اسکول قائم کرنے کی پہل کے تحت کیا گیا ہے۔ ان میں سے اب تک 42 اسکول قائم کیے جاچکے ہیں۔یہ اسکول ان 33 موجودہ سینک اسکولوں کے علاوہ ہیں جو سابقہ طریقے کے تحت پہلے سے کام کررہے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکشامنتری نے سم وِد گروکولم گرلس سینک اسکول کو مسلح دستوں میں شامل ہونے اور مادروطن کی خدمت کرنے کی خواہشمند لڑکیوں کے لیے روشنی کا ایک مینار قرار دیا۔انہوں نے کہا‘‘وزیراعظم جناب نریندرمودی کی وژنری قیادت کے تحت حکومت نے خواتین کو مسلح دستوں میں ان کا مناسب مقام دیا ہےجس کو برسوں سے نظرانداز کیا جارہا تھا۔انہیں بھی اپنے مرد ہم وطنوں کی طرح ملک کی حفاظت کرنے کا حق حاصل ہے۔خواتین کو بااختیار بنانے کی تاریخ میں وہ ایک سنہرالمحہ تھا جب ہم نے سینک اسکولوں میں لڑکیوں کے داخلے کو منظوری دی تھی، آج ہماری خواتین نہ صرف فائٹرجیٹ اڑارہی ہیں بلکہ وہ سرحدوں کی حفاظت بھی کررہی ہیں۔’’
یہ بات قابل ذکر ہے کہ جناب راج ناتھ سنگھ نے 2019 میں مرحلے وار طریقے سے 22-2021 کے تعلیمی سال سے سینک اسکولوں میں لڑکیوں کے داخلے کی منظوری دی تھی۔یہ فیصلہ میزورم میں سینک اسکول چھنگ چھپ میں وزارت دفاع کے ذریعے شروع کیے گئے پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد کیا گیا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 100 نئے سینک اسکول قائم کرنے کی وژن کے پیچھے طلباء کو نئی تعلیمی پالیسی 2020کے مطابق معیاری تعلیم فراہم کرانے اور انہیں مسلح دستوں میں شامل ہونے سمیت بہتر کریر کے مواقع فراہم کرانے کے مقاصد کارفرما تھے۔اس سے نجی شعبے کو بھی یہ موقع ملتا ہے کہ وہ کل کے ذمہ دارشہری کے طور پرآج کے نوجوانوں کو تیار کرنے کے سلسلے میں حکومت کے ساتھ ساتھ کام کریں۔
سم وِد گروکولم گرلس سینک اسکول، ورنداون کے افتتاح کے دوران موجود معززین میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران شامل تھے۔
********
ش ح۔ ا گ۔ ج ا
U. No.3152
(Release ID: 1992162)
Visitor Counter : 154