ارضیاتی سائنس کی وزارت

بھارت موسم کی پیش گوئی اور آب و ہوا کے مطالعہ میں قائدانہ کردار ادا کرے گا: جناب کرن رجیجو


وزیر اعظم مودی حال ہی میں دبئی میں ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ ، سی او پی 28 سے خطاب کے لیے مدعو کیے گئے منتخب سربراہان حکومت میں شامل تھے ، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی برادری موسمیاتی تبدیلی کو کم کرنے میں بھارت کے قائدانہ کردار کو محسوس کرتی ہے: جناب رجیجو

جناب رجیجو نے بھارت کی ڈوپلر ریڈار کی ضروریات کو پورا کرنے میں نجی شعبے سے مزید شرکت کی اپیل کی

ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر نے آئی ایم ڈی کے 150 سال کی تکمیل کے موقع پر تقریب میں لوگو جاری کیا

Posted On: 26 DEC 2023 7:09PM by PIB Delhi

 بھارت موسم کی پیش گوئی اور آب و ہوا کے مطالعہ میں قائدانہ کردار ادا کرے گا۔ ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر جناب کرن رجیجو نے آج یہ بات کہی۔

انھوں نے کہا، ’محکمہ ارضیاتی علوم کے پاس پہلے ہی ایک قلیل مدتی منصوبہ موجود ہے اور اب محکمہ امرت کال کے لیے ایک منصوبہ تیار کر رہا ہے تاکہ 2047 تک خود کفیل بھارت کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔‘‘

جناب رجیجو بھارتی محکمہ موسمیات، آئی ایم ڈی کی قوم کے لیے خدمات کے 150 سال مکمل ہونے کے  موقع پر لوگو جاری کرنے کے بعد مجمع سے خطاب کر رہے تھے۔

جناب رجیجو نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی اُن منتخب سربراہان حکومت میں شامل ہیں جنہیں حال ہی میں دبئی میں ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ، سی او پی 28 سے خطاب کے لیے مدعو کیا گیا ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی برادری موسمیاتی تبدیلی کو کم کرنے میں بھارت کے قائدانہ کردار کو سمجھتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے عالمی ماحول دوست توانائی برادری کے جرات مندانہ اقدامات کے ذریعے ’لائف اسٹائل فار انوائرنمنٹ‘(ایل آئی ایف ای) کو عالمی مشن بنانے کا خیال پیش کیا ہے۔

جناب رجیجو نے کہا کہ قومی سطح پر طے شدہ شراکت (این ڈی سی) کے مطابق بھارت نے 2030 کے لیے اپنے دو اہداف کو وقت سے پہلے ہی حاصل کر لیا ہے۔

جناب رجیجو نے مقامی سطح پر موسم کی پیش گوئی میں مزید ڈوپلر ریڈار کی بھارت کی ضرورت کو پورا کرنے میں نجی شعبے سے زیادہ سے زیادہ شرکت کی اپیل کی۔

انھوں نے کہا کہ پی ایل آئی اسکیموں کے ساتھ بھارت اب مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ نجی شعبے کو ’میک ان انڈیا‘ ڈوپلر ریڈار کی فراہمی کے لیے آگے آنا چاہیے۔

جناب رجیجو نے آئی ایم ڈی پر زور دیا کہ وہ آب و ہوا کی تبدیلی کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے اگلے ماہ سے شروع ہونے والی اپنی سال بھر کی تقریبات کے دوران اسکولی بچوں کو متحرک کرے۔

’’آب و ہوا کی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ عالمی تشویش کے امور ہیں۔ ہمیں اس بارے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ تمام افراد کو ایک ساتھ آنا ہوگا کیونکہ آلودگی اور شدید موسم جیسے بادل پھٹنے اور فوری شدید بارشوں کا رجحان زمین پر وسیع پیمانے پر موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہیں۔‘‘

اس موقع پر ارضیاتی علوم کے سکریٹری ڈاکٹر ایم روی چندرن نے آئی ایم ڈی کی موسمی اور آب و ہوا کی خدمات کو عام لوگوں اور اسٹیک ہولڈروں تک پہنچانے کی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ بیداری اور رسائی کے پروگراموں کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایم ڈی کے ڈی جی ڈاکٹر موتیونجے مہاپاترا نے اپنے استقبالیہ خطاب میں 1875 میں اس کے آغاز سے لے کر آزادی سے پہلے کے دور، آزادی کے دور اور موجودہ لوگو کے ارتقا  پر روشنی ڈالی۔

بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) 1875 میں حکومت ہند کے پہلے سائنسی محکموں میں سے ایک کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔ اپنے 150 سال کی تکمیل کے موقع پر آئی ایم ڈی ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ آئی ایم ڈی اس سنگ میل کو 15 جنوری 2024 سے 15 جنوری 2025 کے دوران سال بھر کی تقریبات کے ساتھ منائے گا۔

آئی ایم ڈی کا لوگو 1875 کے بعد سے محکمہ کے قابل ذکر سفر کی علامت ہے۔

  • یہ آئی ایم ڈی کے ذریعہ قوم کے لیے وقف خدمت کے 150 سال کی علامت ہے۔
  • یہ ویدر ریڈی اور کلائمیٹ اسمارٹ قوم کے لیے موسم اور آب و ہوا کی مدد فراہم کرنے میں محکمہ کی مسلسل پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے۔
  • یہ ’وسودھیو کٹمبکم‘کے جذبے کے ساتھ عالمی بہبود میں آئی ایم ڈی کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
  • یہ لوگو منحصر بھارت سے خود کفیل بھارت (آتم نربھر بھارت) کی طرف عبور کرنے کی علامت ہے۔
  • یہ قدیم دور سے جدید دور تک بھارتی موسمیات کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے ، جس کے لوگو میں ’آدتیہ جیت جیتے ورشٹی‘ کندہ ہے۔
  • لوگو کی قومی ترنگے کی مماثلت آئی ایم ڈی کی خدمات کو قومی وژن اور مشن کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کو یقینی بناتی ہے۔

***

 

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 2992



(Release ID: 1990578) Visitor Counter : 72


Read this release in: English , Hindi , Marathi , Tamil