کابینہ سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نیشنل کرائسس مینجمنٹ کمیٹی (این سی ایم سی) کی خلیج بنگال میں آنے والے سمندری طوفان ’مائچانگ‘ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ

Posted On: 01 DEC 2023 6:13PM by PIB Delhi

کابینہ سکریٹری جناب راجیو گوبا کی صدارت میں نیشنل کرائسس مینجمنٹ کمیٹی (این سی ایم سی) نے خلیج بنگال میں آنے والے سمندری طوفان ’مائچانگ‘سے متعلق ریاستی حکومتوں اور مرکزی وزارتوں/محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے آج میٹنگ کی۔

ڈائریکٹر جنرل، انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) نے کمیٹی کو سائیکلون ’مائچانگ‘کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ جنوب مشرق اور اس سے ملحقہ جنوب مغربی خلیج بنگال میں بنا دباؤ گزشتہ 06 گھنٹے کے دوران 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ مغرب-شمال مغرب کی طرف بڑھ گیا۔ اس دوران اس کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی اور یہ آج ہندوستانی کے معیاری وقت کے مطابق 1130 بجے اسی خطے میں طول البلد 9.5 ڈگری شمال، اور عرض البلد 86.0 ڈگری مشرق، میں مرکوز رہا، جو کہ پڈوچیری کے مشرق-جنوب مشرق میں تقریباً 730 کلومیٹر، چنئی کے مشرق-جنوب مشرق میں 740 کلومیٹر، نیلور کے جنوب مشرق میں  860 کلومیٹر، باپتلا کے جنوب مشرق میں  930 کلومیٹر اور مچھلی پٹنم کے جنوب مشرق میں  910 کلومیٹر  والے علاقے میں واقع تھا۔

اس کے مغرب-شمال مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔ یہ 2 دسمبر تک گہرے دباؤ میں اور 3 دسمبر کے آس پاس جنوب مغربی خلیج بنگال میں ایک گردابی طوفان میں تبدیل ہوجائے گا۔ مزید یہ کہ یہ شمال مغرب کی طرف بڑھے گا اور 4 دسمبر کی دوپہر تک جنوبی آندھرا پردیش اور ملحقہ شمالی تمل ناڈو کے ساحلوں کے قریب پہنچ جائے گا۔ اس کے بعد، یہ جنوبی آندھرا پردیش کے ساحل کے تقریباً متوازی تقریباً شمال کی طرف بڑھے گا اور نیلور اور مچھلی پٹنم کے درمیان 5 دسمبر کی دوپہر کے دوران جنوبی آندھرا پردیش کو پار کرے گا اور ایک گردابی طوفان کے طور پر 80-90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ جائے گا۔

تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے چیف سکریٹریوں اور فنانس سکریٹری، پڈوچیری نے کمیٹی کو طوفان کے متوقع راستے میں عوام اور املاک کی حفاظت کے لیے کئے جانے والے تیاری سے متعلق اقدامات اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ماہی گیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سمندر میں نہ نکلیں۔ مناسب پناہ گاہیں، بجلی کی فراہمی، ادویات اور ہنگامی خدمات کو تیار رکھا جا رہا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے تمل ناڈو، آندھرا پردیش، اڈیشہ اور پڈوچیری کے لیے 18 ٹیمیں دستیاب کرائی ہیں اور 10 اضافی ٹیمیں تیار رکھی گئی ہیں۔ کوسٹ گارڈ، آرمی اور نیوی کی ریسکیو اور ریلیف ٹیموں کے ساتھ جہازوں اور ہوائی جہازوں کو تیار رکھا گیا ہے۔

مرکزی ایجنسیوں اور تمل ناڈو، آندھرا پردیش، اڈیشہ اور پڈوچیری کی حکومتوں کے تیاری سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے، کابینہ سکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی حکومتوں کے حکام کے ذریعہ تمام ضروری احتیاطی اور تدارکی اقدامات کئے جائیں۔ مقصد اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ جانوں کا نقصان نہ ہو اور املاک اور انفرا اسٹرکچر کو کم سے کم نقصان ہو۔ مزید یہ کہ تمام ضروری خدمات کو کم سے کم وقت میں بحال کیا جانا چاہیے۔

اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سمندر میں موجود ماہی گیروں کی محفوظ واپسی ہو۔ آئل رگْس، جہازوں وغیرہ میں تعینات افراد کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ کابینہ سکریٹری نے تمل ناڈو، آندھرا پردیش، اڈیشہ اور پڈوچیری کی حکومتوں کو یقین دلایا کہ تمام مرکزی ایجنسیاں تیار ہیں اور ان کی مدد کے لیے دستیاب ہوں گی۔

میٹنگ میں تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے چیف سکریٹری، سکریٹری خزانہ، پڈوچیری، مرکزی داخلہ سکریٹری، سکریٹری محکمہ ماہی پروری، سکریٹری وزارت توانائی، بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارتوں / پٹرولیم و قدرتی گیس/ٹیلی کام کی وزارتوں کے ایڈیشنل سکریٹریز، این ڈی ایم اے کے ممبر سکریٹری، آئی ایم ڈی کے ڈی جی، کوسٹ گارڈ کے ڈی جی، آئی ڈی ایس کے ڈی سی آئی ایس سی ، این ڈی آر ایف کے آئی جی اور وزارت داخلہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

 

******

ش  ح۔ م م ۔ م ر

U-NO. 1668


(Release ID: 1981705) Visitor Counter : 90