وزارت دفاع
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے، جکارتہ میں آسیان وزرائے دفاع کی 10ویں میٹنگ- پلس کے موقع پر اپنے انڈونیشیائی اور ویتنامی ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ میٹنگیں کیں
Posted On:
16 NOV 2023 4:28PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 16 نومبر 2023 کو جکارتہ، انڈونیشیا میں آسیان وزرائے دفاع کی 10ویں میٹنگ - پلس (اے ڈی ایم ایم - پلس) کے موقع پر اپنے انڈونیشیائی اور ویتنامی ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ میٹنگیں کیں۔ انڈونیشیا کے وزیر دفاع جناب پرابوو سوبیانتو کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران وزیر دفاع نے اس سال آسیان کی انڈونیشیا کی قیادت اور اے ڈی ایم ایم - پلس کی بہترین تنظیم کی ستائش کی۔
دونوں وزراء نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کا جائزہ لیا اور بالخصوص میری ٹائم ڈومین میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔ انہوں نے تربیت، عملے کی بات چیت اور مشقوں کی شکل میں باقاعدہ تبادلوں کا بھی جائزہ لیا اور دفاعی صنعت میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک نے 2021-2024 سائیکل کے لیے انسانی امداد اور قدرتی آفات سے نجات (ایچ اے ڈی آر) کے بارے میں ماہر ورکنگ گروپ (ای ڈبلیو جی) کی مشترکہ صدارت کی ہے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے ویتنام کے قومی دفاع کے وزیر جنرل فان وان گیانگ سے بھی بات چیت کی۔ دونوں وزراء نے جون 2022 میں وزیر دفاع کے ویتنام کے دورے کے دوران دستخط کیے گئے '2030 کی طرف ہندوستان-ویتنام دفاعی شراکت داری پر مشترکہ ویژن بیان' کے نفاذ میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے تربیت، صلاحیت سازی، دفاعی صنعت میں تعاون، اقوام متحدہ کے قیام امن ، دو طرفہ جہازوں کے دوروں اور مشقوں کا احاطہ کرنے والے وسیع میدان پر محیط تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔
وزیر دفاع نے 10ویں اے ڈی ایم ایم – پلس کے موقع پر آسیان کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن سے بھی ملاقات کی۔ آسیان کی مرکزیت کے لیے ہندوستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے، جناب راجناتھ سنگھ نے آسیان کے رکن ممالک کی ہندوستان-آسیان سرگرمیوں میں پرجوش شرکت کی تعریف کی، جس میں آسیان- ہندوستان کے وزرائے دفاع کی پہلی غیر رسمی میٹنگ، آسیان-انڈیا میری ٹائم کی پہلی بحری مشق، اقوام متحدہ کی قیام امن سے متعلق کارروائیوں میں خواتین کے لئے بھارت کی پہل قدمیوں اور سمندر میں پلاسٹک سے ہونے والی آلودگی کے تدارک سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔
وزیر دفاع نے آسیان سکریٹریٹ کی جانب سے آسیان-انڈیا پروجیکٹوں کے نفاذ میں بہترین تعاون کی مزید تعریف کی۔ انہوں نے آسیان-بھارت جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو آگے بڑھانے کے پیش نظر آسیان- بھارت تعاون کو مزید بڑھانے کے طور وطریقوں اور ذرائع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس سے پہلے دن میں، جناب راجناتھ سنگھ نے 10ویں اے ڈی ایم ایم – پلس میں شرکت کی۔ انہوں نے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کو اے ڈی ایم ایم - پلس کی کامیاب صدارت کے لئے مبارکباد دی۔ میٹنگ کے دوران، وزیر دفاع نے اے ڈی ایم ایم - پلس کے نئے سربراہ کے طور پر لاؤس کا خیرمقدم کیا اور 2024 میں تقریبات کے انعقاد کے لیے ان کی تمام کامیابیوں کے لئے اپنی نیک خواہش کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح- ع م - ق ر)
U-1072
(Release ID: 1977409)
Visitor Counter : 144