تعاون کی وزارت
داخلی امور اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر ، جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی میں نیشنل کوآپریٹو آرگینکس لمیٹڈ) این سی او ایل) کے زیر اہتمام ’کوآپریٹیو کے ذریعے نامیاتی مصنوعات کے فروغ‘ پر قومی سمپوزیم سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کیا
جناب امت شاہ نے این سی او ایل کا لوگو، ویب سائٹ اور بروشرکا آغاز کیا اور این سی او ایل کے ممبروں میں ممبرشپ سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے صحت مند شہریوں، محفوظ زمین، پانی کے تحفظ اور خوشحال کسانوں کے ہدف کو حاصل کرنے میں این سی او ایل اہم کردار ادا کرے گا
نیشنل کوآپریٹو آرگینکس لمیٹڈ کا قیام قدرتی کاشتکاری کرنے والے تمام کسانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے اور ان کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کا انتظام کرنے کے لیے کیا گیا ہے
این سی اوایل ایک کثیرمقصدی اقدام ہے، جو زمین اور پانی کے تحفظ اور خوراک کی پیداوار بڑھانے کے ملک کے مشن کو تحریک اور سمت فراہم کرے گا
اس تنظیم کا بنیادی مقصد مصنوعات سے حاصل ہونے والے منافع کا 50 فیصد ،چھوٹے اور حاشیے پر رہنے والے کسانوں کو فراہم کرنا ہے
یہ آئندہ 5 سال میں ملک کا سب سے بڑا اقدام ہوگا اور لوگوں کو صحت مند رکھنے کے وزیراعظم مودی کے ہدف کو حاصل کرنے کی سمت ایک بڑا قدم ثابت ہوگا
قدرتی کھیتی سے کھادوں کی مانگ میں کمی آئے گی اور غذائی اجناس کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا
مودی حکومت نے ملک کے چھوٹے کسانوں پر توجہ مرکوز کرکے زرعی معیشت کو مضبوطی فراہم کرنے کا کام کیا ہے
’بھارت آرگینکس‘ آنے والے دنوں میں دنیا کی آرگینک مصنوعات یعنی نامیاتی مصنوعات کی مارکیٹ میں سب سے بھروسہ مند اور سب سے بڑا برانڈ بن جائے گا
’آج ایک ہی مقام پر ‘ آرگینک کا تصور یعنی تمام نامیاتی مصنوعات کے لیے خوردہ دوکانوں کا نیٹ ورک این سی او ایل کے ذریعے شروع کیا جا رہا ہے
تمام پی اے سی ایس، ایف پی اوز اور ترقی پسند کسانوں کو اس تنظیم میں شامل ہونا چاہیے اور ’بھارت برانڈ‘ کو مضبوط کرنا چاہیے اور اس برانڈ کے ذریعے خود کو بھی خوشحال بنانا چاہیے
’بھارت برانڈ‘کے آغاز کے ساتھ، بھارت اگلے 10 سال میں دنیا کی قدرتی کھیتی کے شعبے میں ایک مضبوط پوزیشن حاصل کرے گا
ہمارے ملک کےکسان کو کروڑوں مویشیوں سے روزانہ گائے کا گوبر ملتا ہے، اس گوبر کے تجارتی استعمال بہت بڑا انقلاب لا یا جاسکتا ہے اور اس سے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے
این ڈی ڈی بی کی ویب سائٹ سوئل لمیٹڈ اور وارانسی بائیو گیس پلانٹ سے تیار کردہ نامیاتی کھاد کے پلانٹ کا بھی آج افتتاح کیا گیا
Posted On:
08 NOV 2023 6:04PM by PIB Delhi
داخلی امور اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے نیشنل کوآپریٹو آرگینکس لمیٹڈ (این سی او ایل) کے زیر اہتمام ’کوآپریٹیو کے ذریعے نامیاتی مصنوعات کے فروغ‘ پر قومی سمپوزیم سے خطاب کیا۔ جناب امت شاہ نے این سی او ایل کا لوگو، ویب سائٹ اور بروشرکا آغاز کیا اور این سی او ایل کے ممبروں کو ممبرشپ سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر کئی معززشخصیات کے ساتھ ساتھ امداد باہمی کے مرکزی وزیر مملکت جناب بی ایل ورما، امداد باہمی کے سکریٹری اور این سی او ایل کے چیئرمین بھی موجود تھے ۔
اپنے خطاب کے دوران جناب امت شاہ نے کہا کہ قدرتی کھیتی ایک خود کفیل بھارت کی تعمیر کے لیے امرت مہوتسو کے سال میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے طے کردہ متعدد اہداف میں سے ایک ہے۔ مذکورہ مقصد کے حصول کے لیے ہمیں کئی محاذ پر کام کرنا ہوگا اور ان کے درمیان تال میل پیدا کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں قدرتی کھیتی کو 50 فیصد سے اوپر لے جانے کا ہدف کثیر جہتی نقطہ نظر کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا اور آج مکمل ہونے والے یہ تین کام اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے لیے یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ آج ہم زرعی پیداوار کے شعبے میں نہ صرف خود انحصار ہیں بلکہ سرپلس بھی ہیں اور ہمیں اس سفر کا جائزہ لینا ہے ۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ پیداوار کو بڑھانے کے لیے کھادوں اور جراثیم کش دواؤں کے زیادہ استعمال کے مضر نتائج آج ہمارے سامنے آنے لگے ہیں۔ ان کے زیادہ استعمال نے نہ صرف زرخیزی کو کم کیا ہے، زمین اور پانی کو آلودہ کیا ہے بلکہ اس سے بہت سی بیماریاں بھی پیدا ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ملک بھر کے کسانوں سے قدرتی کھیتی کو اپنانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5-6 سال میں ملک کے لاکھوں کسانوں نے قدرتی کھیتی کو اپنایا ہے اور ایسے کسانوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں اور صارفین دونوں کے لیے مناسب سرٹیفکیشن کا نہ ہونامسئلہ پیداکرتا ہے لہٰذا اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی کابینہ نے 11 جنوری 2023 کو نیشنل کوآپریٹو آرگنکس لمیٹڈ(این سی او ایل) کے قیام کو منظوری دی ہے۔
داخلی امور اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں نیشنل کوآپریٹو آرگینکس لمیٹڈ کا قیام ملک بھر میں قدرتی کھیتی کرنے والے تمام کسانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے اور ان کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے انتظامات کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آرگینکس کی 6 مصنوعات کو بھی آج مارکیٹ میں لانچ کیاگیا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ آئندہ دنوں میں بھارت آرگینکس نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی آرگینک مارکیٹ میں سب سے زیادہ بھروسہ مند اور سب سے بڑا برانڈ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹریک ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ جب کوآپریٹیو اور کسانوں کو صحیح پلیٹ فارم ملتا ہے تو ہم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج لانچ کی گئی 6 مصنوعات سمیت مجموعی طور پر 20 مصنوعات اس سال دسمبر تک لائی جائیں گی اور ان کی پیداوار کرنے والے کسانوں کو اس کے فوائد ملنا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے مدر ڈیری کے 150 آؤٹ لیٹس کے ذریعے 6 مصنوعات کی فروخت شروع کی جارہی ہے اور یہ مصنوعات آن لائن بھی دستیاب ہوں گی۔ اس کے ساتھ آرگینک اشیاء ایک ہی مقام پر حاصل ہونے کے تصور کے ساتھ آج تمام آرگینک مصنوعات کا ایک ریٹیل آؤٹ لیٹ نیٹ ورک بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے ملک کے چھوٹے کسانوں کو بنیاد بناکر زرعی معیشت کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام کسان کوآپریٹیو کے ذریعے قدرتی کھیتی سے منسلک ہوجائیں تو ہم ہر شہری صحت مند ہو، زمین محفوظ ہو، پانی محفوظ ہو اور ہمارے کسان خوشحال ہوں یہ چار مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے جو وزیر اعظم جناب نریندرمودی نے طے کیے ہیں ۔
امداد باہمی کے مرکزی وزیر نے کہا کہ ہمارے ملک میں کروڑوں مویشی پالنے والے ہر روز تجارتی طور پر گائے کا گوبر تیار کرتے ہیں۔ کاروباری حیثیت سے اس کا استعمال ایک بڑی تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے اور کسانوں کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج نیشنل ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ(این ڈی ڈی بی) سوئل لمیٹڈ کی ویب سائٹ اور وارانسی بائیو گیس پلانٹ سے تیار کردہ نامیاتی کھاد کا بھی افتتاح کیاگیا ہے۔ گائے کے گوبر کو زمین کے تحفظ، قدرتی کھیتی اور ملک میں کسانوں کی آمدنی بڑھانے میں استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ڈی بی اور گجرات اسٹیٹ فرٹیلائزرز اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ (جی ایس ایف سی) نے بھی اعلیٰ معیار کے گائے کے گوبر کے لیے ایک برانڈ رجسٹر کیا ہے۔ مذکورہ کمپنی نے وارانسی میں 4000 کیوبک میٹر کی گنجائش والا گوبر گیس پلانٹ بھی قائم کیا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ اورامداد باہمی کے وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے کی گئی کوششوں کی وجہ سے "سہکار سے سمردھی" کے منتر سے ملک کے دیہی اور زرعی شعبے، چھوٹے اور پسماندہ کسانوں، 8 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ کوآپریٹو سوسائٹیاں اور ملک کے 90 فیصد لوگ اس کوآپریٹو تحریک میں شامل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی کھیتی سے کھادوں کی مانگ میں کمی آئے گی اور اس سے غذائی اجناس کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جتنی جلدی ہم اس نئی شروعات کو شامل کریں گے اتنا ہی ہمارا ملک زراعت کے میدان میں آگے بڑھے گا اور اس کے لیے مودی حکومت نے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ نیشنل کوآپریٹو آرگنکس لمیٹڈ کو امول، نیشنل کوآپریٹو کنزیومر فیڈریشن آف انڈیا لمیٹڈ (این سی سی ایف)، نیشنل ایگریکلچر کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا لمیٹڈ (این اے ایف ای ڈی)، نیشنل ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ (این ڈی ڈی بی) اور نیشنل کوآپریٹو ڈیولپمنٹ(این سی ڈی سی) کے ذریعہ مشترکہ طور پر فروغ دیاگیا ہے۔ اسے 500 کروڑ روپے کے مجاز سرمائے کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔ اب تک، مدھیہ پردیش، گجرات، اتر پردیش، آندھرا پردیش، مہاراشٹرا اور ناگالینڈ میں اس کے 950 سے زیادہ ممبرس ہیں جب کہ 2000 سے زیادہ کوآپریٹو اداروں سے رکنیت کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کوآپریٹو آرگنکس لمیٹڈ ایک کثیر مقصدی اقدام ہے، جو زمین اور پانی کے تحفظ اور خوراک کی پیداوار میں اضافے کے ملک کے مشن کو رفتار اور سمت عطا کرے گا۔ یہ آئندہ 5 سال میں ملک کا سب سے بڑا اقدام ہوگا اور تمام ہم وطنوں کو بہتر صحت فراہم کرنے کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ہدف کو حاصل کرنے کی سمت ایک بڑی پیش رفت ثابت ہوگا۔ جناب شاہ نے کہا کہ یہ تنظیم قدرتی کھیتی میں مصروف کسانوں کی مصنوعات کی مارکیٹنگ، برانڈنگ اور برآمد کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کرے گی۔ نامیاتی مصنوعات کے انضمام، سرٹیفکیشن، ٹیسٹنگ، معیاری کاری، حصولی، اسٹوریج پروسیسنگ، برانڈنگ، لیبلنگ، پیکیجنگ اور مارکیٹنگ کے بعد، برآمد کا سارا کام نیشنل کوآپریٹو آرگنکس لمیٹڈ کرے گا، جس سے آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں ہماری آرگینک یعنی نامیاتی مصنوعات کو ایک شناخت حاصل ہوگی۔
امداد باہمی کے مرکزی وزیر نے پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیز(پی اے سی ایس) ، فارمرز پروڈیوسر آرگنائزیشنز (ایف پی اوز) اور ملک بھر کے ترقی پسند کسانوں سے درخواست کی کہ وہ این سی او ایل کے ساتھ منسلک ہوں ، 'بھارت برانڈ' کو مضبوط کریں اور اس برانڈ کے ذریعے خود کو خوشحال بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قدرتی کھیتی سے منسلک ہر کسان کو نیشنل کوآپریٹو آرگینکس لمیٹڈ میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اور دنیا میں نامیاتی مصنوعات سے جو بھی منافع کمایا جاتا ہے، وہ براہ راست کسانوں کے بینک کھاتوں میں جانا چاہئے۔ اس بات کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) سے زیادہ وصول کی گئی قیمت کا 50 فیصد فی کلو گرام کی بنیاد پر براہ راست کسان کے بینک کھاتوں میں جمع کیا جائے گا۔ جناب شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سال 2024 تک 25,000 سے زیادہ ممبران این سی او ایل میں شامل ہوں گے اور اس تنظیم نے نامیاتی کسانوں کا ڈیٹا بیس بنانے کا کام بھی شروع کیا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ 'بھارت برانڈ' کے آغاز کے بعد ہندوستان اگلے 10 سال میں عالمی آرگینک مارکیٹ میں نہایت مضبوط پوزیشن حاصل کرلے گا ۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ ایک طویل مدتی مارکیٹ منصوبہ تیارکرنے کے لیے یہ نہایت ضروری ہے کہ ملک کے ہر ضلع اور تحصیل میں نیشنل پروگرام فار آرگینک پروڈکشن (این پی او پی) کے ذریعے تسلیم شدہ لیبارٹری قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں کل 246 لیبارٹریاں ہیں جن میں سے 147 پرائیویٹ جب کہ 99 سرکاری ہیں لیکن ان میں سے صرف 34 لیبارٹریز کو این پی او پی نے تسلیم کیا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ سرکار کے مکمل نقطہ نظر کے ساتھ، حکومت نے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر اگلے سال تک تقریباً 100 موبائل لیبارٹریز اور 205 لیبارٹریز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے 300 لیبارٹریز کا اضافہ ہوگا اوراس کے تحت ملک کے تقریباً ہر ضلع کا احاطہ کیا جائے گا، جس کی وجہ سے زمین اور مصنوعات کی جانچ اور تصدیق بھی کی جا سکے گی۔ اس طرح اگلے سال تک ملک بھر میں 439 لیبارٹریز ہوں گی جو کسانوں کو اپنی مصنوعات کی تصدیق کروانے اور نیشنل کوآپریٹو آرگینکس لمیٹڈ کو تصدیق شدہ مصنوعات کی خریداری میں بڑی سہولت فراہم کریں گی۔
*************
ش ح۔ ش م ۔ ج ا
U-839
(Release ID: 1975823)
Visitor Counter : 99