ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی (این ٹی سی اے) نئی دہلی میں 3 سے 5 نومبر 2023 تک ایک آرٹ نمائش بعنوان ’’سائیلنٹ کنزویشن : فرام مارجنس ٹو دی سینٹر‘‘ منعقد کرنے جا رہی ہے

Posted On: 29 OCT 2023 4:31PM by PIB Delhi

ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کے تحت نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی (این ٹی سی اے) سنکل فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر نئی دہلی کے انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر میں 3 سے 5 نومبر 2023 تک ایک آرٹ نمائش منعقد کرنے جا رہی ہے جس کا عنوان ہے ’’سائیلنٹ کنزرویشن : فرام مارجنس ٹو دی سینٹر‘‘۔ صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو  افتتاحی تقریب کی مہمانِ ذی وقار ہوں گی جس کا اہتمام 3 نومبر 2023 کو شام 4 بجے سے ہوگا۔ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپندر یادو، قبائلی امور کے مرکزی وزیر جناب ارجن منڈا اور ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر مملکت جناب اشونی کمار چوبےبھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔

این ٹی سی اے، سنکل فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر اس آرٹ نمائش کے توسط سے پروجیکٹ ٹائیگر کے 50 برس مکمل ہونے کا جشن منارہی ہے۔ پروجیکٹ ٹائیگر بھارت میں جنگلی جانوروں کے تحفظ سے متعلق ایک پہل قدمی ہے جس کا آغاز 1973 میں کیا گیا تھا، اور اس کا مقصد بنگال ٹائیگر ، بھارت کے قومی جانور ،کا تحفظ و سلامتی اور اس کے رہنے کے مقامات کی بازبحالی  تھا، تاکہ سابقہ دہائیوں میں اس جانور کی آبادی میں انحطاط کے خطرے کو ختم کرکے اس کی آبادی میں اضافہ کیا جا سکے۔ یہ پروجیکٹ ان علاقوں کے انتخاب اور تحفظ پر توجہ مرکوز کرتا ہے جو خاص طور پر شیروں کی آبادی اور ان سے منسلک ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے منظم ہیں۔ گذشتہ برسوں میں، ٹائیگر ریزرو کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، اور اب ملک بھر میں 54 ریزرو موجود ہیں۔ پروجیکٹ ٹائیگرکا ایک اہم پہلو مقامی برادریوں کو تحفظ کی کوششوں میں روزگار کےمواقع فراہم کرنا اور انسانوں کے ساتھ جنگلی جانوروں کے ٹکراؤ کو کم کرنا ہے۔

آرٹ کی نمائش قبائلی برادریوں اور بھارت کے ٹائیگر ریزروز کے آس پاس آباد دیہی باشندوں کے درمیان منفرد تعلق اور جنگل و جنگلی جانوروں کے ساتھ ان کے گہرے تعلق کو ظاہر کرے گی، سب ان کے آرٹ ورک کے ذریعہ پیش کیا جائے گا۔ پیش کیے جانے والا آرٹ ورک پینٹنگ کی شکل میں ہوگا اور مختلف قبائلی برادریوں جیسے گونڈ، بھیل اور متعدد دیگر  قبائلی برادریوں کے صدیوں قدیم رشتوں کی عکاسی کرے گا۔ پینٹنگز خریداری کے لیے دستیاب ہوں گی، جس سے حاصل ہونے والی رقم براہِ راست فنکاروں کے بینک کھاتوں میں جمع کی جائے گی۔ نمائش کے دوران نہ صرف یہ فن پارے نمائش کے لیے پیش کیے جائیں گے، بلکہ متعدد قبائلی فنکار بھی دہلی جائیں گے اور اس تقریب میں شامل ہوں گے ، اس طرح دیکھنے والوں اور آرٹ کے شائقین کو براہِ راست بات چیت کا موقع حاصل ہوگا۔

نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی (این ٹی سی اے) کا قیام 2006 میں عمل میں آیا تھا۔ یہ بھارت میں شیروں کے تحفظ کے کام میں پیش پیش رہی ہے۔ اس کے کام کا دائرہ زمینی تحفظ کے اقدامات سے لے کر جدید ترین تکنیکی آلات کا استعمال کرتے ہوئے شیروں اور ان کی رہائش گاہ کی سائنس پر مبنی نگرانی، ٹائیگر ریزروزکا آزادانہ جائرہ، ٹائیگر ریزروز کے لیے مالی اور تکنیکی مدد، جنگلی جانوروں کے لیے محفوظ جگہ بنانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تعاون کو یقینی بنانے کے لیے کمیونٹی کی ترقی تک پھیلا ہوا ہے۔ اس نمائش کا اہتمام این ٹی سی اے اور سنکل فاؤنڈیشن نے مشترکہ طور پر کیا ہے اور یہ مختلف بھارتی شہروں اور پوری دنیا میں اس طرح کی نمائشوں کے سلسلے کی پہلی نمائش ہوگی۔

 

**********

(ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:425


(Release ID: 1972853) Visitor Counter : 106