صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے 69 ویں قومی فلم ایوارڈز پیش کئے
فلمیں بیداری اور حساس شعور پھیلانے کا نہایت مؤثر ذریعہ ہیں: صدر مرمو
Posted On:
17 OCT 2023 8:37PM by PIB Delhi
ہندوستان کی صدر محترمہ دروپدی مرمو نے آج 17 )اکتوبر( 2023 نئی دہلی میں مختلف زمروں میں 69 ویں قومی فلم ایوارڈز پیش کیے۔ انہوں نے محترمہ وحیدہ رحمن کو سال 2021 کے لیے دادا صاحب پھالکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی سرفراز كیا۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ نے محترمہ وحیدہ رحمٰن کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور شخصیت كے بل پر فلم انڈسٹری میں بلندیوں پر پہنچی ہیں۔ انہوں نے اپنی ذاتی زندگی بھی وقار، خود اعتمادی اور اصالت کے ساتھ گزاری ہے۔ انہوں نے ایسی کئی فلمیں چنیں جن میں ان کے کردار نے خواتین سے وابستہ رکاوٹوں کو توڑا۔ انہوں نے ایک مثال قائم کی ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے خواتین کو خود ہی قدم اٹھانا چاہیے۔
صدر نے كہا کہ پلوی جوشی، عالیہ بھٹ اور کریتی سینن نے جنہیں بہترین اداکاری کے لیے ایوارڈز ملے ہیں، اپنی فلموں میں بااختیار خواتین كے کردار ادا کیے ہیں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہدایتکار سریشتی لکھیرا نے اپنی ایوارڈ یافتہ فلم ’ایک تھا گاوں‘ میں ایك 80 سالہ خاتون کی جد و جہد کے جذبے کو پیش كیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین كے کرداروں کو ہمدردانہ اور فنکارانہ طور پر پیش كرنے سے معاشرے میں خواتین کے لیے حساس شعور اور احترام میں اضافہ ہوگا۔
صدر مملکت کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس سال ایوارڈز حاصل کرنے والی فلموں میں آب و ہوا میں تبدیلی، لڑکیوں کی اسمگلنگ، خواتین پر جبر، بدعنوانی اور سماجی استحصال جیسے مسائل کو اجاگر كیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی كہا كہ کہ فطرت اور فن سے قبائلی برادریوں کی محبت، مہاتما گاندھی کے نظریات كو مستحكم كرنے، مشکلات کے درمیان ناقابل شکست جذبے کے ساتھ لڑنے، تعلیم کی انقلابی طاقت اور فن اور ثقافت کے میدان میں خصوصی کامیابیوں جیسے مختلف موضوعات پر اچھی فلمیں بنائی گئی ہیں۔
صدر نے کہا کہ فلم صرف ایک انڈسٹری نہیں ہے۔ یہ محض کاروبار اور تفریح تک محدود نہیں ہے۔ فلمیں بیداری اور حساس شعور پھیلانے کا انتہائی مؤثر ذریعہ ہیں۔ بامعنی فلموں میں کامیابیوں کے ساتھ ساتھ معاشرے اور ملک کے مسائل کو بھی دکھایا جاتا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ فلمی برادری ہمیں اپنی فلموں کے ذریعے ہندوستانی معاشرے کی متنوع حقیقت کا واضح تعارف فراہم کرتی ہے۔ سینما ہمارے معاشرے کی دستاویز بھی ہے اور اسے بہتر کرنے کا ذریعہ بھی۔ انہوں نے کہا کہ سینما کے فنکار انقلاب آفریں ایجنٹ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ملک کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہیں اور شہریوں کو جوڑتے ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستانی فلموں کو ملک کے سماجی تنوع اور بھرپور ثقافتی ورثے کا نگہبان ہونا چاہیے۔ ایسی فلمیں نہ صرف ملک اور معاشرے کے لیے سود مند ثابت ہوں گی بلکہ تجارتی لحاظ سے بھی کامیاب رہیں گی۔ انہوں نے فلمی برادری پر زور دیا کہ وہ یہ تجربہ وسیع تر عزم کے ساتھ کریں۔
صدر مملکت نے معاشرے اور سنیما كے حق میں متاثر کن خدمات انجام دینے پر 69 ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی ایوارڈ یافتہ فلموں سے وابستہ تمام لوگوں کو ستائش كی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ فلمی برادری عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کے نئے معیار قائم کرتی رہے گی اورترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں ہندوستانی فلمیں اہم کردار ادا کریں گی۔
***
ش ح۔ ع س۔ ک ا
U NO 10934
(Release ID: 1968610)
Visitor Counter : 106