وزارت خزانہ

انکم ٹیکس کے محکمہ نے جموں و کشمیر میں تلاشی اور ضبطی کی کارروائی کی

Posted On: 11 OCT 2023 7:27PM by PIB Delhi

محکمہ انکم ٹیکس نے 09.10.2023 کو وادی کشمیر میں ایک سرکردہ کاروباری گروپ پر تلاشی اور ضبطی کی کارروائی انجام دی جو مختلف شعبوں جیسے سیمنٹ، اسٹیل، گلاس، پلائی ووڈ، رئیل اسٹیٹ، سیاحت، ٹیکسٹائل اور ہیلتھ کیئر وغیرہ میں مصروف ہے۔ وادی کشمیر کے سری نگر، سوپور، بڈگام، سونمرگ، پلوامہ کے علاقوں اور دہلی میں 40 سے زیادہ جگہوں پر یہ کارروائی کی گئی۔

سرچ آپریشن کے دوران مجرمانہ دستاویزات، ہاتھ سے لکھی ڈائریاں اور ڈیجیٹل آلات قبضے میں لیے گئے ہیں۔ مختلف فیکٹریوں اور ریٹیل آؤٹ لیٹ میں بھی اسٹاک میں فرق دیکھا گیا ہے۔ وادی کشمیر میں 50 کروڑ روپے سے زیادہ کی غیر منقولہ جائیدادوں میں غیر اعلانیہ سرمایہ کاری کے ثبوت بھی مختلف جگہوں سے ملے ہیں۔

اب تک کی گئی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ گروپ گزشتہ کئی سالوں میں سیمنٹ سیکٹر میں اپنی فروخت میں 60 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمی بتا کر اپنی قابل ٹیکس آمدنی کو دبا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کیش واؤچر اور سیلز انوائسز کی شکل میں شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں جن کا حساب کتابوں میں درج نہیں تھا۔ اسی طرح ٹیکسٹائل اور پلائی ووڈ سیکٹر میں 50 کروڑ روپے سے زائد کے اکاؤنٹ کی کتابوں میں غیر اعلانیہ فروخت کے شواہد بھی ملے ہیں۔

گروپ کے ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں، جو کشمیر اور دہلی میں چل رہا ہے، ان دستاویزات کو برآمد کیا گیا ہے جو رقم کی وصولی کا ثبوت دیتے ہیں۔ کھاتوں کی کتابوں میں اس طرح کی رسیدوں کو دبانے کا تخمینہ تقریباً 10 کروڑ روپے ہے۔

گروپ سے متعلق ایک اہم شخص نے اعتراف کیا ہے کہ مذکورہ طریقہ کار غیر ظاہر شدہ آمدنی کے حصول کے لیے اپنایا جا رہا ہے۔

تلاشی کارروائی کے نتیجے میں 1.70 کروڑ روپے سے زیادہ کی بے حساب نقدی ضبط کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 16 لاکھ روپے مالیت کے بے حساب سونے چاندی کے سکے بھی ضبط کیے گئے۔

مزید تفتیش جاری ہے۔

*************

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 10695



(Release ID: 1966830) Visitor Counter : 78


Read this release in: English , Hindi , Punjabi