صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدرجمہوریہ ہند کے ذریعہ حقوق انسانی کے ایشیابحرالکاہل فورم کی سالانہ جنرل میٹنگ اور دو سالہ کانفرنس کاافتتاح


تحریرکردہ قانون سے بڑھ کر یہ عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر لحاظ سے انسانی حقوق کو یقینی بنائے:صدر جمہوریہ مرمو

Posted On: 20 SEP 2023 12:59PM by PIB Delhi

 صدرجمہوریہ ہند  محترمہ دروپدی مرمو نے آج (20 ستمبر 2023) نئی دہلی میں انسانی حقوق  کے  ایشیا بحرالکاہل  فورم کی سالانہ جنرل میٹنگ اور دو سالہ کانفرنس کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے سب پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کو علیحدہ معاملہ کے طور پر نہ دیکھیں اور مادرِ فطرت کی آبیاری پر یکساں توجہ دیں جو انسانوں کی بے راہ رویوں سے شدید زخمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ہمارا ماننا ہے کہ کائنات کا ہر ذرہ الوہیت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فطرت کے لیے اپنی محبت کو دوبارہ زندہ کرنا چاہیے تاکہ اسے محفوظ کیا جا سکے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ انسان جتنی تخلیق کرتا ہے اتنی ہی بربادی بھی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائنسی مطالعات کے مطابق یہ سیارہ چھٹے معدومیت کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں انسانوں کی بنائی ہوئی تباہی کو اگر نہ روکا گیا تو نہ صرف نسل انسانی بلکہ زمین پر موجود دیگر زندگیوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ تحریر کردہ قانون سے بڑھ کر یہ عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر لحاظ سے انسانی حقوق کو یقینی بنائے۔

صدر جمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ کانفرنس کا ایک اجلاس خصوصی طور پر ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر مختص ہے۔ انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ کانفرنس ایک جامع اعلامیہ کے ساتھ سامنے آئے گی جس سے انسانیت اور کرۂ ارض کی بہتری کی راہ ہموار ہوگی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے آئین نے جمہوریہ کے آغاز سے ہی عالمی بالغ رائے دہی کے حق کو اپنایا اور ہمیں صنفی انصاف اور جان و مال کے تحفظ کے میدان میں متعدد خاموش انقلابات لانے کے قابل بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کے لیے کم از کم 33 فیصد ریزرویشن کو یقینی بنایا اور ایک خوشگوار واقعہ میں ریاستی اسمبلیوں اور قومی پارلیمنٹ میں خواتین کے لیے اسی طرح کے ریزرویشن فراہم کرنے کی تجویز اب ایک شکل اختیار کر رہی ہے۔ اس نے کہا کہ یہ صنفی انصاف کے لیے ہمارے دور میں سب سے زیادہ تبدیلی لانے والا انقلاب ہوگا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان انسانی حقوق کو بہتر بنانے کے لیے دنیا کے دیگر حصوں میں رائج بہترین طور طریقوں سے سیکھنے کے لیے تیار ہے جو ایک جاری منصوبہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایشیا بحرالکاہل خطہ فورم کا پوری دنیا میں انسانی حقوق کے اداروں اور متعلقین کے ساتھ غور و خوض اور مشاورت کے ذریعے بین الاقوامی اتفاق رائے پیدا کرنے میں بہت بڑا کردار ہے۔

صدر جمہوریہ کی تقریر ملاحظہ کرنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں

**********

(ش ح۔  ق ت۔ع آ)

U-9729


(Release ID: 1959006) Visitor Counter : 139