خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت

خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزارت ستمبر 2023  کے دوران چھٹا راشٹریہ پوشن ماہ منانے جارہی ہے


اس کامقصد ‘‘سُپوشت بھارت، ساکشر بھارت، سشکت بھارت’’ پر مرکوزخیال کے ذریعہ پورے ملک میں غذائیت سے متعلق سمجھ کو فروغ دینا ہے

Posted On: 31 AUG 2023 5:10PM by PIB Delhi

حکومت ہند کی اہم پہل، پوشن ابھیان، حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں، نوعمر لڑکیوں اور 6 سال سے کم عمر کے بچوں میں تغذیہ کو جامع انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیر اعظم کے ذریعہ شروع کیا گیا پوشن (وزیر اعظم کی مجموعی غذائیت کے لیے جامع اسکیم) ابھیان، تغذیہ  کی کمی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشن کے انداز میں کام کرتا ہے۔ 15ویں مالیاتی کمیشن کی مدت کے دوران پوشن ابھیان، آنگن واڑی خدمات اسکیم اور نوعمر لڑکیوں کے لیے اسکیم کو مشن سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2 کے تحت مربوط کیا گیا تاکہ ایک مربوط غذائی امدادی پروگرام شروع کیا جاسکے جس کا مقصد مواد، ترسیل، رسائی اور نتائج کومستحکم کرنا ہے۔ اس کے تحت توجہ صحت، تندرستی اور بیماریوں اور تغذیہ کی کمی کے خلاف قوت مدافعت کو فروغ دینے والے طور طریقوں پر مرکوز ہے۔

خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزارت ستمبر 2023 کے دوران چھٹا راشٹریہ پوشن ماہ منانے جا رہی ہے۔ اس سال اس کا مقصد زندگی بھر چلنے والے ایک طریقہ کارکے ذریعے تغذیہ کی کمی کے مسئلہ سے جامع طور پر نمٹنا ہے، جو مشن پوشن 2.0 کا سنگ بنیاد ہے۔ اس نقطہ نظر کے تحت  پوشن ماہ 2023 کا مرکزی نقطہ انسانی زندگی کے اہم مراحل: حمل، بچپن، لڑکپن، اور نوجوانی  کے ایام  میں تغذیہ کے بارے میں وسیع پیمانے پر آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اس کا مقصد پورے ملک میں ایک مرکزی خیال کے ذریعے تغذیہ سے متعلق سمجھ کو فروغ دینا ہے، جس کا مرکز ‘‘سُپوشت بھارت، ساکشر بھارت، سشکت بھارت’’ (یعنی تغذیہ سے بھرپور ہندوستان، تعلیم یافتہ ہندوستان، بااختیار ہندوستان) ہے۔

ایک ماہ تک جاری رہنے والا یہ پروگرام خصوصی بریسٹ فیڈنگ(بچوں کو ماؤں کے ذریعہ دودھ پلانا) اور مکمل خوراک کے ارد گرد کلیدی موضوعات پر توجہ مرکوز کرنے والی مہم کے ذریعے زمینی سطح پرتغذیہ سے متعلق بیداری کو بڑھانے کے لیے ملک بھر میں مرکوز کوششوں کا مشاہدہ کرے گا۔ سوستھ بالک اسپردھا (صحت مند بچوں کا مسابقہ) جیسی سرگرمیوں کا مقصد بچوں میں تغذیہ اور مجموعی بہبود کے لیے صحت مند مسابقہ کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ دیگر اقدامات میں پوشن بھی پڑھائی بھی (غذائیت کے ساتھ ساتھ تعلیم)، مشن لائف(ماحول کے موافق طرز زندگی) کے ذریعے غذائیت کو بہتر بنانا، قبائلیوں پر مرکوز تغذیہ، حساسیت، جانچ، علاج اور بات چیت کے ذریعے خون کی کمی سے نمٹنا جیسے امور شامل ہیں۔ مزید برآں پوشن ماہ کے تحت جن آندولن تحریک ‘میری ماٹی میرا دیش’ مہم کے تحت متحدہ جشن منانے کے لیے ایک وسیع پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی، جو ملک کی آزادی اور ترقی کے سفر کی یادگار ہے۔

گاؤں، بلاک اور ضلع کی سطح پر رسائی پروگرام، شناختی مہم، کیمپ اور گھروں کے دورے کیے جائیں گے، جس میں کمیونٹی کے متنوع طبقات کو شامل کیا جائے گا تاکہ مکمل غذائیت کے بارے میں بیداری پھیلائی جا سکے۔ انفرادی اور کمیونٹی دونوں سطحوں پر غذائیت کے متلاشی رویے کی حوصلہ افزائی کرنا ابھیان کے اہداف کو حاصل کرنے میں ایک اہم جزو ہے۔ اس مقصد کو مشن سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0 کے ذریعے جاری رکھا جا رہا ہے۔

اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے یکم ستمبر سے 30 ستمبر تک تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر راشٹریہ پوشن ماہ منایا جائے گا۔ ابھیان کے آغاز سے لے کر اب تک ملک بھر میں پوشن ماہ کے پانچ کامیاب پروگرام منعقد کیے گئے ہیں، جن میں ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ ساتھ مختلف وزارتوں اور محکموں کی سرگرم شرکت دیکھی گئی ہے۔ 2022 میں پچھلے پوشن ماہ کے دوران، اہم موضوعات پر 170 ملین سے زیادہ حساسیت کی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ آج تک ہر سال پوشن پکھواڑہ (مارچ) اور پوشن ماہ (ستمبر) کے تحت جن آندولن کے حصے کے طور پر 600 ملین سے زیادہ سرگرمیاں انجام دی گئی ہیں۔

متنوع سرگرمیوں کے ذریعے پوشن ماہ 2023 کا مقصد بڑے پیمانے پر کمیونٹی کی شمولیت کو بڑھانا ہے، نیزگرام پنچایتوں اور شہری مقامی  بلدیاتی اداروں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وزیر اعظم کے امرت کال میں سُپوشت بھارت کے نظریہ کو پورا کرنا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

 

ش ح۔م ع۔ف ر

(U: 9042)



(Release ID: 1953801) Visitor Counter : 127