عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت

سلامتی كے امور كے برطانوی وزیر جناب  ٹام ٹُگینڈھیٹ كی کلکتہ میں جی 20 وزارتی اجلاس کے موقع پر ہندوستان کے اپنے ہم منصب ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ساتھ  باہمی ملاقات؛ ان کے ساتھ برطانوی حکومت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے


دونوں رہنماؤں نے قریبی تعاون کا اعادہ کیا

ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی جی 20 صدارت بین الاقوامی تعاون کو آسان بنانے اور بدعنوانی کے خلاف جنگ میں احتساب کو بڑھانے کی جاری رفتار کو سیاسی تحریک دے گی

ڈاکٹر جتیندر سنگھ كے مطابق ‘‘وزیر اعظم مودی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ہندوستان بدعنوانی کے خلاف قطعی عدم برداشت کی سخت پالیسی پر گامزن ہے’’

Posted On: 13 AUG 2023 2:39PM by PIB Delhi

سلامتی كے امور كے برطانوی وزیر جناب  ٹام ٹُگینڈھیٹ نے ہندوستان کے اپنے ہم منصب ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے کلکتہ میں منعقد ہونے والے جی 20 كے انسداد بدعنوانی وزارتی اجلاس کے موقع پر ایک باہمی میٹنگ کی۔ ان کے ساتھ برطانوی حکومت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی تھا۔ انہوں نے ہندوستان کے ساتھ قریبی تعاون کا اعادہ بھی کیا۔

یہ بتاتے ہوئے کہ دونوں ممالک زیادہ شفاف اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے کوشاں ہیں، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ہندوستان بدعنوانی کے خلاف قظعی عدم برداشت کی سخت پالیسی كا حامل ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے دونوں ممالک کے درمیان انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) ایجادات کے اشتراک، بین شعبہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور بدعنوانی کی روک تھام اور اس سے نمٹنے کے لیے شراکت داری قائم کرنے میں وسیع تعاون پر زور دیا۔

جناب  ٹام ٹُگینڈھیٹ نے برطانیہ کی اس پیشکش کی تجدید کی کہ ہندوستان، بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن (یو این سی اے سی) پر دستخط کنندہ ہونے کے ناطے، یو این سی اے سی کے آرٹیکل 16 کو بھی نافذ کرے جو غیر ملکی سرکاری اہلکاروں کی رشوت ستانی (غیر ملکی رشوت ستانی) سے متعلق ہے۔ انہوں نے ہندوستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی کاروباری لین دین میں غیر ملکی سرکاری عہدیداروں کی رشوت ستانی کا مقابلہ کرنے سے متعلق تنظیم برائے اقتصادی تعاون اور ترقی (او ای سی ڈی) کنونشن پر دستخط کرے۔او ای سی ڈی انسداد رشوت ستانی کنونشن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جس کا برطانیہ رکن ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان پہلے ہی یو این سی اے سی کی توثیق کر چکا ہے۔

انہوں نے كہا كہ "یکم دسمبر 2022 کو ہندوستان نے وزیر اعظم مودی کی قیادت میں عالمی بحرانوں کے درمیان جی 20 کی صدارت سنبھالی۔ انہوں نے کہا کہ "واسودھائیو کٹمبکم" کے ہندوستان کے پیغام کو قبول کرتے ہوئے جی 20 کی ترقی یافتہ اور ابھرتی ہوئی دونوں معیشتیں بدعنوانی سے لڑنے جیسے اہم عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے ذمہ داریاں بانٹنے کے لیے یكجا ہوئی ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت کے کام کاج میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان میں ای-گورننس کو اپنانا، براہ راست فائدے کی منتقلی کے لیے آدھار سسٹم کا نفاذ، سرکاری دفاتر میں خریداری میں اصلاحات كے علاوہ سیٹیزن چارٹر شامل ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان جی 20 انسداد بدعنوانی ورکنگ گروپ (اے سی ڈبلیو جی) فورم اور متعلقہ مشترکہ میٹنگوں میں سرگرمی سے حصہ لیتا ہے۔

"ہندوستان کی قیادت میں، جی 20 اے سی ڈبلیو جی نے اہم سنگ میل حاصل کیے ہیں۔ ان میں اعلیٰ سطحی اصولوں کے تین سیٹوں کو اپنانا اور ورکنگ گروپ کے تین کامیاب اجلاسوں کی میزبانی کرنا شامل ہیں۔ اس سے بین الاقوامی تعاون کو آسان بنانے اور بدعنوانی کے خلاف جنگ میں احتساب کا داءرہ وسیع كرنے کی جاری رفتار کو سیاسی تحریک ملے گی۔

***

ش ح۔ ع س۔ ک ا



(Release ID: 1948348) Visitor Counter : 118