تعاون کی وزارت

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے وزیر جناب امت شاہ نے آج پونے، مہاراشٹر میں کوآپریٹیو سوسائٹیز کے سینٹرل رجسٹرار (سی آر سی ایس) دفتر کا ڈیجیٹل پورٹل لانچ کیا


کوآپریٹیو سوسائٹیوں کا کلچر پورے ملک میں مہاراشٹر سے ہی پھیلا ہے اور مہاراشٹر کا کوآپریٹیو ماڈل ملک میں کوآپریٹیو تحریک کو آگے بڑھا رہا ہے

ملٹی اسٹیٹ کوآپریٹیو کو آپریٹ کرنے والے سنٹرل رجسٹرار (سی آر سی ایس) دفتر کا کام آج پوری طرح سے ڈیجیٹل ہورہا ہے، تمام کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے کام جیسے نئی شاخیں قائم کرنا، دوسری ریاستوں میں توسیع یا آڈیٹنگ جیسے کام اب آن لائن ہوں گے

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے پچھلے 9 برسوں میں بہت سوچ سمجھ کر ’’سہکار سے سمردھی‘‘ کا نظریہ سامنے رکھا ہے، وزیر اعظم مودی نے ملک کے کروڑوں غریبوں کو بنیادی سہولتیں  فراہم کرنے کا کام کیا ہے

اگر ملک کے غریب لوگوں کے پاس کاروبار شروع کرنے کے لیے پونجی کی کمی ہے تو اس کے لیے کوآپریٹیو تحریک ہی درست راستہ ہے، جس کے توسط سے کم پونجی والے کئی لوگ ایک ساتھ آکر ایک بڑا کاروبار قائم کرسکتے ہیں

جدت طرازی، جواب دہی اور شفافیت سے ملک میں کوآپریٹیو کی قبولیت میں اضافہ ہوگا

ہندوستان نے دنیا کو امول، اِفکو (آئی ایف ایف سی او) اور کربھکو (کے آر آئی بی ایچ سی او) جیسی کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی کئی کامیابیوں کی کہانیاں رقم کی ہیں، اب ہمیں انھیں ساتھ لے کر کوآپریٹیو تحریک کو نئی رفتار دینی ہے

کثیر ریاستی کوآپریٹیو سوسائٹی سے متعلق ایکٹ، 2022 کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی جواب دہی طے کرے گا اور کنبہ پروری کو ختم کرے گا، تاکہ نوجوان شرکاء کوآپریٹیو تحریک میں شامل ہوسکیں

آج لانچ کیے گئے پورٹل سے ملک کی  1555 کثیر ریاستی کوآپریٹیو سوسائٹیاں مستفید ہوں گی اور ان 1555 سوسائٹیوں میں سے  42 فیصد تنہا مہاراشٹر میں ہیں، اس سے مہاراشٹر میں کوآپریٹیو تحریک کی طاقت کا پتا چلتا ہے

اسی طرز پر مودی سرکار ریاستوں کی کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے رجسٹرار کے دفاتر کو کمپیوٹرائزڈ کرنے جا رہی ہے، جس سے ملک بھر کی  8 لاکھ کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے ساتھ مواصلت آسان ہوجائے گی

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت اور مستقل رہنمائی میں، پی اے سی ایس کو قابل عمل بنانے کے لیے بہت کام کیا جا رہا ہے

مودی سرکار نے آئندہ 5 سالوں کے دوران ملک بھر میں 3 لاکھ نئے پی اے سی ایس تیار کرکے کوآپریٹیو تحریک کو ہر گاؤں تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے

Posted On: 06 AUG 2023 5:49PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے وزیر جناب امت شاہ نے آج پونے، مہاراشٹر میں کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے سینٹرل رجسٹرار (سی آر سی ایس) دفتر کا ڈیجیٹل پورٹل لانچ کیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ جناب ایکناتھ شنڈے اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر مملکت جناب بی ایل ورما سمیت متعدد اہم شخصیات موجود تھیں۔

اپنے خطاب میں جناب امت شاہ نے کہا کہ پورے ملک میں کوآپریٹیو کا کلچر مہاراشٹر سے ہی پھیلا ہے اور مہاراشٹر کا کوآپریٹیو ماڈل ملک میں کوآپریٹیو تحریک کو آگے بڑھا رہا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ آج اگر ہم کوآپریٹیو تحریک کی ترقی کی سمت پر نظر ڈالیں تو کوآپریٹیو تحریک صرف گجرات، مہاراشٹر اور کرناٹک یعنی سابق ممبئی ریاست کے کچھ حصوں میں آگے بڑھا ہے اور پھلا پھولا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے پونے میں کوآپریٹیو سوسائٹیو سوسائٹیوں کے سینٹرل رجسٹرار کے دفتر کی مکمل ڈیجیٹل کاری کا کام شروع کرنا بہت ناگزیر تھا۔ جناب شاہ نے کہا کہ کثیر ریاستی کوآپریٹیو کو چلانے والے سینٹرل رجسٹرار (سی ٓار سی ایس) دفتر کا کام آج پوری طرح سے ڈیجیٹل ہوتا جا رہا ہے۔ کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے تمام کام جیسے نئی شاخیں قائم کرنا، دوسری ریاستوں میں توسیع یا آڈیٹنگ، اب آن لائن ہوگی۔ یہ پورٹل رجسٹریشن، ضابطوں میں ترمیم، آڈیٹنگ، سینٹرل رجسٹرار کے ذریعے آڈیٹنگ کی نگرانی، انتخابات کے پورے عمل، انسانی وسائل کی ترقی، ویجیلنس اور تربیت سے متعلق تمام سرگرمیوں کو شامل کرکے تیار کیا گیا ہے اور یہ اپنے آپ میں ایک طرح کا مکمل پورٹل ہے۔

امداد باہمی کے مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے بڑی سوچ سمجھ کر ’’سہکار سے سمردھی‘‘ کا نظریہ سامنے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 9 برسوں میں وزیر اعظم مودی نے ملک کے کروڑوں غریبوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناب نریندر مودی نے غریبوں اور محروم طبقات گھر، بجلی، صاف پینے کا پانی، گیس سلنڈر، بیت الخلاء،  5 لاکھ روپے تک کا صحت بیمہ کوریج اور فی شخص  فی ماہ 5 کلو اناج مفت دستیاب کرایا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ دیش کے کروڑوں غریب ملک کی معیشت سے نہیں جڑے تھے، لیکن جناب مودی نے ان کی ضرورتوں کو پورا کرکے اور ان کے بینک کھاتے کھلواکر انہیں اس سے جوڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غریب شخص پونجی کی کمی کی وجہ سے اپنا کاروبار نہیں شروع کرپارہا ہے تو کوآپریٹیو تحریک اس کے لئے درست راستہ ہے، جس کے توسط سے چھوٹی پونجی رکھنے والے متعدد لوگ ایک ساتھ آکر بڑا کاروبار شروع کرسکتے ہیں۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ ’’سہکار سے سمردھی‘‘ کا مفہوم غریب لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانا، انہیں ملک کی اقتصادی پیش رفت میں تعاون دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا اور کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے توسط سے ان کی زندگی کی سطح کو اوپر اٹھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناب مودی نے اس مقصد کے حصول کے لیے امداد باہمی کی وزارت قائم کی۔ جناب شاہ نے کہا کہ آج لانچ کیے گئے پورٹل سے ملک کی  1555 کثیر ریاستی کوآپریٹیو سوسائٹیاں مستفید ہوں گی اور ان 1555 سوسائٹیوں میں سے 42 فیصد تنہا مہاراشٹر میں ہیں۔ یہ مہاراشٹر میں کوآپریٹیو کی طاقت کو دکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان 1555 سوسائٹیوں کا سارا کام اب اس پورٹل کے ذریعے ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرز پر ریاستوں میں کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے رجسٹرار کے دفاتر بھی مودی سرکار کمپیوٹرائزڈ کرنے جا رہی ہے، اس سے ملک بھر میں 8 لاکھ کوآپریٹیو سوسائٹیوں سے مواصلت آسان ہوگی۔

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے وزیر نے کہا کہ جدت طرازی، شفافیت اور جواب دہی کے بغیر کوآپریٹیو تحریک کو آگے نہیں بڑھایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹیو تحریک کی قبولیت میں اضافہ کرنے کے لیے شفافیت بڑھانی ہوگی اور جواب دہی طے کرنی ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کا شفاف سسٹم ہی ملک کے کروڑوں لوگوں کے درمیان ربط پیدا کرسکتا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ ہندوستان نے دنیا کو امول، اِفکو (آئی ایف ایف سی او)  اور کربھکو (کے آر آئی بی ایچ سی او) جیسی کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی متعدد کامیابی کی کہانیاں دی ہیں، اب ہمیں انھیں ساتھ لے کر کوآپریٹیو تحریک کو نئی رفتار دینی ہے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ حال ہی میں کثیر ریاستی کوآپریٹیو سوسائٹیز ایکٹ میں بھی ترمیم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے تحت ہم نے انتخابی اصلاحات کی ہیں، کوآپریٹیو حکمرانی کے لیے کئی نئے معیار قائم کیے ہیں، مالی نظم و ضبط اور فنڈز کی سپلائی کا انتظام کیا ہے، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کا نظم کیا گیا ہے، الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن جیسا آزاد ادارہ بنایا ہے، بورڈ کو چلانے میں شفافیت لانے کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور ملازمین کی ذمے داریاں طے کرنے کے لیے ضابطوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ کثیر ریاستی کوآپریٹیو سوسائٹیز ایکٹ، 2022 کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی جواب دہی طے کرے گا اور اقربا پروری کو ختم کرے گا تاکہ نوجوان صلاحیتیں کوآپریٹیو تحریک میں شامل ہوسکیں۔

امداد باہمی کے مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت اور مستقل نگرانی میں پی اے سی ایس کو قابل عمل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے اگلے 5 سال میں ملک بھر میں  3 لاکھ نئے پی اے سی ایس بنا کر کوآپریٹیو تحریک کو گاؤں گاؤں تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 70 برسوں میں 93000  پی اے سی ایس بنائے گئے تھے اور اگلے 5 سالوں میں ملک میں  3 لاکھ نئے پی اے سی ایس بنائے جائیں گے۔ جناب شاہ نے کہا کہ مودی سرکار نے تمام پی اے سی ایس کی کمپیوٹر کاری کا کام پورا کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پی اے سی ایس اب عام سروس مرکز ی ایس سی) ہیں جو کئی طرح کی سرگرمیاں انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی کابینہ نے دنیا کی سب سے بڑی اور کثیر رخی ذخیرہ اسکیم کو منظوری دے دی ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ مہاراشٹر کو اس اسکیم کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہئے اور ایک بھی تحصیل ایسی نہیں رہنی چاہئے جہاں کوآپریٹیو ذخیرہ کی سہولت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اب کوآپریٹیو کو بھی جی ای ایم پلیٹ فارم کا فائدہ مل رہا ہے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ نیشنل کوآپریٹیو ڈیٹا بیس بنانے کا  95 فیصد کام پورا ہوچکا ہے۔ ہم ایک نئی کوآپریٹیو پالیسی بھی لے کر آ رہے ہیں۔ ہم ایک کوآپریٹیو یونیورسٹی کی بھی تعمیر کررہے ہیں جس کے توسط سے کوآپریٹیو کی تکنیکی تعلیم کا نظم اور اس کی تمام توسیعات کو بھی اس کے ساتھ جوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جناب مودی نے  3 نئی کثیر ریاستی کوآپریٹیو کمیٹیاں بنائی ہیں۔ کثیر ریاستی نامیاتی مصنوعات کے کاروبار کے لیے ایک سوسائٹی کی تشکیل کی گئی ہے، جو بھارت برانڈ کے ساتھ قدرتی کھیتی کی مصنوعات کا کاروبار اور اس کا تمام تر فائدہ کسان کے اکاؤنٹ میں بھجوانے کو یقینی بنائے گی۔ عام طور پر چھوٹے کسان بیج پیدا نہیں کرپاتے لیکن اب چھوٹے کسان بھی بیج پیدا کرسکیں گے جن کے پاس چھوٹی زمین ہے۔ سوسائٹی ان کے بیجوں کو خریدے گی، انہیں سرٹیفکیٹ دے گی اور اپنے برانڈ کے ساتھ انھیں ہندوستان اور عالمی بازار میں فروخت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان تین کثیر ریاستی کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے توسط سے ملک کے  10 کروڑ سے زیادہ کسانوں کی زندگی کے معیار میں بہتری آئے گی اور آنے والے دنوں میں یہ سوسائٹیاں ملک کے کروڑوں کسانوں کی خوش حالی کا راستہ ہموار کریں گی۔

مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے وزیر نے کہا کہ پہلے کوآپریٹیو کے ساتھ سوتیلا سلوک روا رکھا جاتا تھا، لیکن آج جناب مودی کی قیادت میں کوآپریٹیو کے ساتھ سوتیلا رویہ ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جو انتظامات کارپوریٹس کو مہیا ہیں وہی سب کوآپریٹیو سوسائٹیوں  کو بھی ملتے ہیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ انکم ٹیکس کے دوہرے پیمانے کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔ مودی سرکار نے پچھلے کئی سالوں سے چلے آرہے چینی ملوں کے مسئلہ کا بھی حل نکال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹیو کا تصور یہ ہے کہ سرکار کسان کے منافع پر ٹیکس نہیں لگا سکتی۔ اس اصول کو وزارت مالیات نے تسلیم کرلیا ہے، جو پورے کوآپریٹیو تحریک کے لیے بہت اہم ہے اور آنے والے دنوں میں یہ اس شعبے کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہوگا۔ جناب شاہ نے کہا کہ پہلے شہری کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے لیے ہاؤسنگ فائیننس کی ایک حد تھی، اسے بھی اب دوگنا کر دیا گیا ہے۔ دیہی کوآپریٹیو بینکوں کو بھی رئیل اسٹیٹ کے لیے قرض دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ شہری کوآپریٹیو بینکوں کو ڈوور اسٹیپ بینکنگ کی اجازت نہیں تھی، وہ بھی اب دے دی گئی ہے۔ شہری کوآپریٹیو بینک بھی اب نئی شاخیں کھول سکتے ہیں، ون ٹائم سیٹلمنٹ شہری کوآپریٹیو بینکوں کے لیے ممنوع تھا، اس کے لیے ہم نے شہری کوآپریٹیو بینکوں کو بھی قومیائے گئے بینکوں کے برابر لاکر اختیارات دیے ہیں۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے اور ہندوستان کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے کا ہدف رکھا ہے، ہمیں اس ہدف کو حاصل کرنے میں کوآپریٹیو سیکٹر کے تعاون کا ہدف مقرر کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جناب مودی کے ’’سہکار سے سمردھی‘‘ کے نظریے کے تحت، امداد باہمی کی وزارت نے آج اس ڈیجیٹل پورٹل کو لانچ کرکے ایک نئی شروعات کی ہے۔

 

******

ش  ح۔ ج ق۔ م ر

U-NO. 8010



(Release ID: 1946231) Visitor Counter : 108