نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

جمہوریت کے مندروں کو حقیقتاً تباہ کیا جا رہا ہے: نائب صدر جمہوریہ


نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ اگر جمہوریت کے مندروں کو تبادلہ خیال، مکالمے اور مباحثوں کے پلیٹ فارم کے طور پر تحفظ فراہم نہیں کیا گیا، تو ان پر ایسی طاقتیں قابض ہو جائیں گی جو نہ تو نمائندہ ہیں اور نہ ہی جوابدہ

نائب صدر جمہوریہ نے اس امر کو یقینی بنانے کی اپیل کی کہ تمام عوامی نمائندگان آئین کے ذریعہ لازم قرار دیے گئے کاموں میں ایمانداری کے ساتھ شامل ہوں

مالی معاملات کے لیے اقتصادی قوم پرستی سے سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا: نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ قدرتی وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانا ہماری بڑی ذمہ داری ہے

کسی بھی شخص کو غیر جائز اور غیر معقول طریقوں سے آئینی اداروں کی شبیہ کو  داغدار ، مسخ اوربدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے

نائب صدر جمہوریہ نے طلبا کو ’سنجیدگی سے سوچنے، جامع طور پر پڑھنے ، مسلسل  طور پر چیزوں کو اپنانے اور افق کو مسلسل وسعت دینے‘ کا مشورہ دیا

نائب صدر جمہوریہ نے آج ناگپور میں راشٹر سنت تکڈوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کی صد سالہ تقریب سے خطاب کیا

Posted On: 04 AUG 2023 7:18PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ جناب جگدیپ دھنکڑ نے آج شہریوں سے اس امر کو یقینی بنانے کے لیے ایک جن آندولن شروع کرنے کی اپیل کی کہ تمام تر عوامی نمائندگان ان کاموں میں ایمانداری سے شامل ہوں جنہیں انجام دینے کی ذمہ داری آئین نے انہیں دی ہے۔

اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہ ’’جمہوریت کے مندروں کو حقیقتاً تباہ کیا جا رہا ہے،‘‘ نائب صدر جمہوریہ نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ اگر ان اداروں کو تبادلہ خیال، مکالمے اور مباحثوں کے پلیٹ فارم کے طور پر تحفظ فراہم نہیں کیا گیا، تو ان پر ایسی طاقتوں کے  قابض ہو جانے کا خدشہ ہے جو نہ تو نمائندہ ہیں اور نہ ہی ملک کے عوام کے تئیں جوابدہ ہیں۔

تقلید کےنمونے کے طو رپر آئین ساز اسمبلی کی مثال دیتے ہوئے، نائب صدر جہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ نااتفاقی کو مخالفت میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا ہے، جبکہ خلل اور بدامنی کے لیے تبادلہ خیال اور مکالمے کو ترک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ، ’’آئین ساز اسمبلی کوتفرقہ انگیز اور متنازعہ مسائل کا  سامنا کرنا پڑا، تاہم انہیں ہمیشہ ہم آہنگی، باہمی تعاون اور اشتراک کے جذبے سے حل کیا گیا۔ ‘‘

آج ناگپور میں راشٹر سنت تکڈوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کی صدسالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ مالی معاملات کو لے کر اقتصادی قوم پرستی سے سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی ’’تجارتی، صنعتی اور کاروباری دنیا کو اس کے تئیں ازحد حساس ہونا ہوگا۔ اسے صرف شہریوں کے ذریعہ خود کو اقتصادی قوم پرستی کی اہمیت کے تئیں بیدار کرکے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔‘‘

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ قدرتی وسائل کے بے دریغ استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی، نائب صدر جمہوریہ نے شہریوں کو یاد دلایا کہ کسی کو بھی اپنی مالی حیثیت کی بنیاد پر توانائی یا آبی وسائل کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ان وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانا ہماری بڑی ذمہ داری ہے۔‘‘

عالمی سطح پر بھارت کے ذریعہ حاصل کی گئی شہرت پر روشنی ڈالتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ کسی بھی شخص کو غیر جائز اور غیرمعقول طریقوں سے ملک کی شبیہ کو داغدار، مسخ اور بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ انہوں نے شہریوں سے بھارت مخالف بیانیوں کو بے اثر کرنے کی اپیل کی کیونکہ یہ ملک کے مفادات کے خلاف ہیں۔

الگ الگ نقطہ نظر کے تئیں کھلا ذہن رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے طلبا سے’’رائے قائم کرنے میں دیری اور سمجھنے میں تیزی دکھانے‘‘ کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، ’’جب آپ دوسروں کے موقف کی ستائش کرنا سیکھ جائیں گے، تو آپ سمجھدار بن جائیں گے۔‘‘ 2047 کے سورماؤں کو اپنی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے حوصلہ افزائی  کرتے ہوئے انہوں نے مشورہ دیا  کہ وہ اپنے منتخبہ راستے میں ’’سنجیدگی سے سوچیں، جامع طور پر پڑھیں، چیزوں کو مسلسل  اپنائیں اور افق کو مسلسل وسعت دیں۔‘‘

اس پروگرام میں مہاراشٹر کے گورنر جناب رمیش بیس، قومی شاہراہوں اور سڑک نقل و حمل کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری، مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ جناب دیویندر فڈنویس، راشٹر سنت تکاڈو جی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سبھاش چودھری اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

نائب صدر جمہوریہ کے خطاب کا مکمل متن یہاں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

**********

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:7988


(Release ID: 1946000) Visitor Counter : 84