کوئلے کی وزارت

ساؤتھ ایسٹرن کول فیلڈز لمیٹڈ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں شجرکاری پر 169 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی


2023-24اور 28-2027 کے درمیان شجرکاری کے کام کے لیے ریاستوں کے راجیہ ون وکاس نگم کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط

Posted On: 26 JUL 2023 3:47PM by PIB Delhi

چھتیس گڑھ میں قائم کول انڈیا کی ذیلی کمپنی، ساؤتھ ایسٹرن کول فیلڈز (ایس ای سی ایل)، اگلے پانچ سال کے دوران اپنی آپریٹنگ ریاستوں چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں پودے لگانے پر 169 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے جارہی ہے۔ کمپنی نے حال ہی میں چھتیس گڑھ راجیہ ون وکاس نگم (سی جی آر وی وی این) اور مدھیہ پردیش راجیہ ون وکاس نگم (ایم پی آر وی وی این) کے ساتھ ان ریاستوں میں شجرکاری کے کام کو انجام دینے کے لیے مفاہمت ناموں (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ شجر کاری 2023-24 سے2027-28 تک پانچ سال کی مدت کے لیے کی جائے گی اور اس کے بعد لگاتار ہر ایک سال کے لیے 4 سال کی دیکھ بھال کی جائے گی۔ مفاہمت نامے کے مطابق ایس ای سی ایل، چھتیس گڑھ میں 131.52 کروڑ روپے اور مدھیہ پردیش میں شجرکاری کے کاموں کے لیے 38.11 کروڑ روپے خرچ کرے گی۔

کمپنی ریاستی نگم کے ساتھ شراکت میں چھتیس گڑھ میں 26 لاکھ سے زیادہ اور مدھیہ پردیش میں تقریباً 12 لاکھ پودے لگائے گی۔ کمپنی کی طرف سے یہ تیسرا مفاہمت نامہ ہے۔ پچھلے دو مفاہمت ناموں کے ذریعے کمپنی نے 168 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے 2013-14 اور 2022-23 کے درمیان چھتیس گڑھ میں 46 لاکھ سے زیادہ اور مدھیہ پردیش میں 16 لاکھ سے زیادہ پودے لگائے ہیں۔

مفاہمت نامہ کی شرائط کے مطابق ریاست کا متعلقہ نگم، کمپنی کی کسی بھی قسم کی کرایہ داری، سرکاری، محصولاتی اور جنگلاتی اراضی نیز کمپنی کی حاصل شدہ/لیز پر لی گئی/منتقل شدہ اراضی پر پودے لگانے کا کام مناسب مہارت اور نگرانی کے ساتھ کرے گا۔

شجر کاری کے کام کے لیے چھ سے بارہ ماہ پرانے (پولی پاٹ) پودے استعمال کیے جائیں گے۔ شجرکاری کے لیے مختلف اقسام میں پھل والے درخت جیسے جامن، املی، بیل، آم، سیتا پھل وغیرہ اور دواؤں/ جڑی بوٹیوں کے پودے جیسے نیم، آملہ، کرنج وغیرہ شامل ہیں۔

ان کے علاوہ لکڑی کی قیمت کے درخت جیسے ساگوان، سال، بانس، بابول، سیسو، سفید سیرس اور آرائشی/ایونیو کے پودے جیسے گل موہر، کچنار، املتاس، پیپل، جھرول وغیرہ بھی لگائے جائیں گے۔ مقامی برادریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مفاہمت نامہ میں تجویز کیا گیا ہے کہ پودوں کی انواع کا انتخاب بھی مقامی دیہاتیوں کی رائے سے کیا جائے گا۔

سبز رقبہ کو فروغ دینے اور حیاتیاتی تنوع کو بچانے اور بڑھانے کی کوشش میں ایس ای سی ایل اپنے کانکنی والے علاقوں میں اور اس کے آس پاس وسیع پیمانے پر شجرکاری کر رہی ہے۔ مالی سال 23-2022 میں کمپنی نے 365 ہیکٹر کے علاقے میں 8 لاکھ سے زیادہ پودے لگا کر اپنی تاریخ میں سب سے زیادہ پودے لگائے۔ سیٹلائٹ کی تصویروں نے ان علاقوں میں جہاں ایس ای سی ایل نے شجرکاری کا کام کیا ہے، سبز احاطہ میں کافی بہتری دکھائی ہے۔

کمپنی مختلف پائیدار ترقی کے اقدامات بھی کر رہی ہے جہاں پرانی/ ترک شدہ کانکنی کی جگہوں پر ایکو پارکس، آکسیجن پارکس اور مائن ٹورزم سائٹس تیار کی گئی ہیں۔ سائنسی طریقہ کے بعد کان کا پانی قریبی قصبوں اور دیہاتوں کو زراعت اور گھریلو استعمال کے لیے فراہم کیا جا رہا ہے۔ کمپنی قابل تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے شمسی توانائی کے منصوبے بھی تیار کر رہی ہے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ م ع۔ع ن

 (U: 7566)



(Release ID: 1942980) Visitor Counter : 91