وزارت آیوش
گوا میں آیوش صحت خدمات اور تحقیقی مرکز کا افتتاح
آیوش صحت خدمات اور تحقیقی مرکز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے روایتی ادویات کو فروغ دینے کے وژن کی تکمیل کرتی ہے –آیوش کے مرکزی وزیر
Posted On:
14 JUL 2023 4:01PM by PIB Delhi
آیوش کی وزارت نے گوا کے ریبندر میں صحت کی دیکھ بھال اور آیوش تحقیقی سہولیات کے لیے آیوش صحت خدمات قائم کی ہیں۔ اس سہولت (مرکز) کا مقصد مقامی کمیونٹی کو اعلیٰ معیاری اور سستی آیوش صحت دیکھ بھال خدمات فراہم کرنا اور ایک میوزیم، لائبریری اور ایک لیباریٹری تیار کرکے روایتی ادویات میں تحقیق کو فروغ دینا ہے، جو معدنی اور سمندری اصل پر مبنی ادویات کی تحقیق کے لیے وقف ہے۔
اس کا افتتاح گوا کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت اور آیوش و بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال، بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں اور سیاحت کے مرکزی وزیر مملکت جناب شری پد یسو نائک، گوا کی حکومت کے وزیر صحت جناب وشواجیت رانے کے ذریعہ ہوا۔ اس موقع پر آیوش کی وزارت کے سینئر افسران موجود تھے۔
آیوش اور بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال نے کہا کہ آج جس آیوش صحت خدمات کا افتتاح کیا گیا ہے، وہ ہمارے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے روایتی ادویات کو فروغ دینے کے وژن کے مطابق ہے۔ ہندوستان کی اس قدیم طبی سائنس کے ذریعے ہم پورے انسانی سماج کی فلاح و بہبود کرسکتے ہیں۔ اگر ہم اس طرح کے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں تو یقیناً ہم صحت کے بہت سے مسائل کو حل کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
اس موقع پر گوا کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت نے کہا کہ سال 2014 میں آیوش کی وزارت قائم کرکے، ہمارے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا اور اس بات کا پرچار کیا کہ آیوش قدیم ادویات کا ایک الگ نظام ہے اور یہ ایک جامع صحت کے حصول کے لیے ایک سائنس ہے۔ ریاست گوا میں ان تحقیقی اداروں کی تشکیل کے لیے میں آیوش کی مرکزی وزارت کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور مبارکباد دیتا ہوں۔ گوا آیوش ہیلتھ کیئر ہب بننے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔ ان اداروں کے ساتھ اس نے ہندوستان میں طبی سیاحت کا مرکز بننے کی سمت میں ایک قدم آگے بڑھایا ہے۔
بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں اور سیاحت کے مرکزی وزیر مملکت جناب شری پد یسو نائک نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے روایتی ادویات کے جدید نظام کے ساتھ انضمام کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تحقیق کو فروغ دینے اور آیوش کو ہر گاؤں تک لے جانے کی پوری کوشش کریں گے۔ تب ہی لوگ آیوش خدمات کا مکمل فائدہ اٹھا سکیں گے۔
صحت کی دیکھ بھال اور تحقیقی سہولیات کے لیے آیوش ہیلتھ سروسز میں سی سی آر اے ایس – ریجنل آیوروید ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار منرل اینڈ میرین میڈیسنل ریسورسز، سی سی آر ایچ – کلینیکل ریسرچ یونٹ (ہومیوپیتھی)، سی سی آر ایس – سدھ کلینیکل ریسرچ یونٹ، سی سی آر وائی این – کلینیکل ریسرچ یونٹ اور سی سی آر یو ایم – یونانی اسپیشلٹی کلینک شامل ہیں۔ او پی ڈی، ڈسپنسری، پنچ کرما اور لیباریٹری کے لیے معدنی اور سمندری ادویات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تحقیق کے عمل کا بندوبست کیا گیا ہے۔
یہ ادارے آیوش نظام طب کے ذریعے ریاست کے ہر علاقے کو اعلیٰ معیار کی اور سستی صحت دیکھ بھال خدمات فراہم کرنے کے لیے کام کریں گے۔ وژن بنیادی ڈھانچے اور انسانی وسائل کی توسیع، معروف ہم خیال تنظیموں کے ساتھ مؤثر تعاون کے ذریعے روایتی طبی نظاموں میں تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ یہ آیوش خدمات کو جدید ادویات کے ساتھ مرکزی دھارے میں لانے اور انضمام کے لیے بھی کام کرے گا اور اختراعات کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO. 7024
14.07.2023
(Release ID: 1939539)
Visitor Counter : 135