صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا کے 75 ویں یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کی
صدر جمہوریہ مرمو نے آئی سی اے آئی سے کہا کہ ٹیکنالوجی کی اختراعات کو نہ صرف بدلتے ہوئے وقت کے ساتھ چلنے کے لیے بلکہ پروفیشن میں صحیح اور اخلاقی طریقوں کو نافذ کرنے کے واسطے بھی اختیار کریں
Posted On:
01 JUL 2023 11:55PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (یکم جولائی 2023) نئی دہلی میں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا (آئی سی اے آئی) کے 75ویں یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ نہ صرف سی اے کمیونٹی کے لیے بلکہ اکاؤنٹنگ اور آڈیٹنگ کے پروفیشن کے لیے بھی ایک خاص دن ہے۔ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کمیونٹی کاروباری شعبے کا ایک ایسا مضبوط ستون ہے جو اچھی حکمرانی کو تقویت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیونٹی پر معیشت کی حقیقی صحت کی عکاسی کرنے کی اہم ذمہ داری ہے۔
حالیہ دنوں میں خاتون چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ خواتین عموماً باصلاحیت فنانس منیجر یا اکاؤنٹنٹ ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں گھریلو بچت ایک روایت ہے اور خواتین کو مشکل وقتوں کے لئے بچت کرنے کی عادت ہوتی ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آئی سی اے آئی نے خواتین کے لیےایک ’’مالیاتی اور ٹیکس خواندگی‘‘ مہم شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم دیہی علاقوں خصوصاً قبائلی علاقوں کے لیے بہت فائدہ مند ہے کیونکہ ان علاقوں میں اکثر غریب اور معصوم لوگوں کو بچت پر زیادہ سود کا لالچ دے کر دھوکہ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ مہم ان لوگوں کو اس طرح کے فراڈ سے بچائے گی۔
آئی سی اے آئی کے ویژن 2030 اسٹیٹ مینٹ کا ذکر کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس اسٹیٹ منٹ میں بین الاقوامی معیارات، شفافیت اور اخلاقیات کی بنیاد پر اس پروفیشن کو مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آئی سی اے آئی نے جدید تحقیق اور ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے کئی اقدامات بھی کیے ہیں جن سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کو اپنے پروفیشن میں ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں کے مطابق کام کرسکیں گے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی سے متعلق تبدیلیوں پر زور دیا جو اکاؤنٹنگ اور آڈیٹنگ کے طریقوں کے مستقبل میں انقلاب برپا کر دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دستی طور پر ڈیٹا کا جائزہ لینا تقریباً متروک ہو چکا ہے اور مصنوعی ذہانت کی آمد سے مشینوں کے ذریعے ڈیٹا مائننگ، آڈیٹنگ اور اکاؤنٹنگ کا ڈھانچہ نمایاں طور پر تبدیل ہو جائے گا۔ انہوں نے آئی سی اے آئی سے کہا کہ وہ ٹیکنالوجی کی اختراعات کو نہ صرف وقت کے ساتھ چلنے بلکہ پروفیشن میں صحیح اور اخلاقی طریقوں کو نافذ کرنے کے لیے بھی اپنائے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ آئی سی اے آئی کی اہلیت اور رکنیت کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔ پھر بھی، ہندوستانی فرمیں عالمی ایم این سیز کی سطح تک نہیں پہنچی ہیں۔ انہوں نے اس سمت میں کی جانے والی کوششوں کا ذکر کیا اور کہا کہ اگر اکاؤنٹنسی فرمیں مختلف شعبوں کے ضوابط پر توجہ دیں اور قانونی فرموں کے ساتھ تعاون کریں تو یہ کوششیں مزید مستحکم ہوں گی۔ اس سے نہ صرف علم کی وسعت میں اضافہ ہوگا بلکہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی معیشت کو بھی تحریک ملے گی۔ انہوں نے آئی سی اے آئی سے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین اکاؤنٹنگ اصولوں اور طریقوں کو اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ جی- 20 کی صدارت عالمی برادری کو ہندوستان کی اکاؤنٹنگ کے طریقوں سے آگاہ کرانے کا ایک اچھا موقع ہے۔
صدر جمہوریہ مرمو نے کہا کہ حکومت کے ساتھ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ پروفیشنلز کی کوششوں سے ملک میں ٹیکس کی بنیاد مسلسل وسیع ہو رہی ہے۔ زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس کی تعمیل کے نظام کو اپنا رہے ہیں۔ یہ آئی سی اے آئی کو ملک کی تعمیر میں ایک مؤثر شراکت دار بناتا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت غریبوں، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لیے بہت سی فلاحی اسکیمیں نافذ کررہی ہے۔ ایسے سیاق و سباق میں، یہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس جیسے پروفیشنلز کی سماجی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو صحیح طریقے سے پورا کریں گے اور چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کے پروفیشن کو ’اقتصادی حکمرانی کے ستون‘ کے طور پر دیکھا جائے گا۔
صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لئے یہاں کلک کریں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ا گ۔ن ا۔
U-6682
(Release ID: 1936873)
Visitor Counter : 124