وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے یوگا کے عالمی دن، 2023 سے خطاب کیا


’’ہندوستان کی اپیل  پر 180 سے زیادہ ممالک کا اکٹھا ہونا تاریخی اور بے مثال ہے‘‘

’’جو چیز ہمیں متحد کرتی ہے، وہ یوگا ہے’’

’’ جہاں اجتماعی توانائی بہت زیادہ ہوتی ہے،یوگا ایک صحت مند اور طاقتور معاشرہ تشکیل دیتا ہے‘‘

’’ہندوستان کی ثقافت اور سماجی ڈھانچہ، اس کی روحانیت اور نظریات، اور اس کے فلسفہ اور وژن نے ہمیشہ ایسی روایات کو پروان چڑھایا ہے جو متحد کرتی ہیں، اپناتی ہیں اورگلے لگاتی ہیں‘‘

’’یوگا ہمیں اس شعور سے جوڑتا ہے جو ہمیں تمام  جانداروں کی وحدت کا احساس دلاتا ہے‘‘

’’یوگا کے ذریعے، ہم بے لوث عمل کو جانتے ہیں، ہم کرما سے کرمایوگا تک کے سفر کا تعین کرتے ہیں‘‘

’’ہماری جسمانی طاقت، ہماری ذہنی وسعت ترقی یافتہ ہندوستان کی بنیاد بنے گی‘‘

Posted On: 21 JUN 2023 7:05AM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو پیغام کے ذریعے یوگا کے عالمی دن 2023 کی قومی تقریب سے خطاب کیا۔ مدھیہ پردیش کے جبل پور میں یوگا کے 9ویں بین الاقوامی دن 2023 کی قومی تقریب کی قیادت نائب صدر ہند جناب جگدیپ دھنکھڑ نے کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے یوگا کے عالمی دن کے موقع پر شہریوں کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس بات کی وضاحت کی کہ وہ ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے ان سے رابطہ کر رہے ہیں کیونکہ وہ اس وقت سابقہ مواقع کے برعکس،  جب وہ  یوگا ڈے کے موقع پر یہاں موجود ہوا کرتے تھے، مختلف ذمہ داریوں کی وجہ سے ریاستہائے متحدہ امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ وہ ہندوستانی وقت کے مطابق شام 5.30 بجے کے قریب اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں یوگا پروگرام میں شرکت کریں گے اور ساتھ ہی  انہوں نے یہ بھی کہا، ‘‘ہندوستان کی  اپیل  پر 180 سے زیادہ ممالک کا اکٹھا ہونا تاریخی اور بے مثال واقعہ ہے۔’’ انہوں نے 2014 میں ریکارڈ تعداد میں ممالک کی  طرف سے  ملنے والی حمایت  کا ذکر  کیا جب یوگا ڈے کی تجویز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی تھی جس میں یوگا کے عالمی دن کے ذریعے یوگا کو ایک عالمی تحریک اور عالمی جذبہ میں  تبدیل کردیا گیا تھا۔

’اوشین رِنگ آف یوگا‘ کے تصور پر روشنی ڈالتے ہوئے، جو یوگا ڈے کو مزید  اہمیت عطا کرتا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ یوگا کے تصور اور سمندر کے پھیلاؤ کے درمیان باہمی تعلق پر مبنی ہے۔ جناب مودی نے پانی کے ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے فوج کے جوانوں کے ذریعہ بنائے گئے ‘یوگا بھارت مالا اور یوگا ساگرمالا’ پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیر اعظم نے گفتگو کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسی طرح، ہندوستان کے آرکٹک سے انٹارکٹیکا تک کے دو تحقیقی اڈے یعنی زمین کے دو قطب بھی یوگا سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس منفرد جشن میں پورے ملک اور دنیا کے کروڑوں لوگوں کی اس طرح کی بے ساختہ انداز میں  شرکت یوگا کی وسعت اور شہرت کو ظاہر کرتی ہے۔

’’جو چیز ہمیں متحد کرتی ہے، وہ یوگا ہے’’ وزیر اعظم نے باباؤں کا حوالہ دیتے ہوئے یہ وضاحت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوگا کا فروغ اس خیال کی توسیع ہے کہ پوری دنیا ایک خاندان کے طور پر  اس پروگرام کاحصہ ہے۔ اس سال ہندوستان کی زیر صدارت ہونے والی جی 20 چوٹی کانفرنس کے لیے ‘ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل’ کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ یوگا کا فروغ ‘واسودھائیو کٹمبکم’  کی روح کا پرچار ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ‘‘آج پوری دنیا میں کروڑوں لوگ ’واسودھیوا کٹمبکم کے لیے یوگا‘ کے عنوان کے تحت ایک ساتھ یوگا کر رہے ہیں’’۔

وزیر اعظم نے یوگا کے صحیفوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یوگا کے ذریعے صحت، جوش اور طاقت حاصل ہوتی ہے اور جو لوگ برسوں سے اس مشق میں باقاعدگی سے شامل رہے ہیں انہوں نے اس کی توانائی کو محسوس کیا ہے۔ فرد کے ساتھ ساتھ خاندانی سطح پر اچھی صحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات کا خصوصی طور پر ذکرکیا کہ یوگا ایک صحت مند اور طاقتور معاشرے کی تشکیل کرتا ہے جہاں اجتماعی توانائی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ انہوں نے سوچھ بھارت اور اسٹارٹ اپ انڈیا جیسی مہموں پر روشنی ڈالی جنہوں نے ایک خود انحصار ملک کی تعمیر اور ملک کی ثقافتی شناخت کو بحال کرنے میں مدد کی ہے اور کہا کہ ملک اور اس کے نوجوانوں نے اس توانائی میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ‘‘آج ملک کے لوگوں کا طرز فکر بدل گیاہے جس سے لوگوں اور ان کی زندگیوں میں تبدیلی آئی ہے۔’’

وزیر اعظم نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی ثقافت اور سماجی ڈھانچہ، اس کی روحانیت اور نظریات اور اس کے فلسفہ اور وژن نے ہمیشہ ایسی روایات کو پروان چڑھایا ہے جو متحد کرنے، اپنانے اور گلے لگانے  والی ہیں۔ جناب مودی نے مزید کہا کہ ہندوستانیوں نے نئے آئیڈیاز کا خیرمقدم کیا ہے اور ان کا تحفظ کیا ہے کیونکہ انہوں نے ملک کے مشہور  گراں مایہ  تنوع کو اُجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا اس طرح کے احساسات کو تقویت دیتا ہے، اندرونی وژن کو وسعت دیتا ہے، اور ہمیں اس شعور سے جوڑتا ہے جو ہمیں  تمام جانداروں کے اتحاد کا احساس دلاتا ہے،  جو تمام جانداروں سے محبت کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ لہذا، وزیر اعظم نے کہا، ہمیں یوگا کے ذریعے اپنے تضادات، رکاوٹوں اور مزاحمتوں کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ‘ایک بھارت، شریشٹھ بھارت’ کے جذبے کو دنیا کے سامنے ایک مثال کے طور پر پیش کرنا ہے۔

خطاب کے اختتام پر، وزیر اعظم نے یوگا کے بارے میں ایک شلوک کا حوالہ دیا اور بتایا کہ عمل میں مہارت یوگا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آزادی کا امرت کال میں یہ منتر ہر ایک کے لیے بہت اہم ہے اور یوگا کا کمال اس وقت حاصل ہوتا ہے جب کوئی اپنے فرائض  کی ادائیگی کے لیے حقیقی معنوں میں خود کو وقف کردیتا ہے۔ جناب  مودی نے کہا کہ ‘‘یوگا کے ذریعے، ہم بے لوث عمل کو جانتے ہیں، ہم کرما سے کرمایوگا تک کا سفر طے کرتے ہیں’’، انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یوگا سے ہم اپنی صحت کو بہتر بنائیں گے اور ان عزائم کو بھی  اپنے دل میں جگہ دیں  گے۔ وزیراعظم نے اپنی گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘ہماری جسمانی طاقت، ہماری ذہنی وسعت ترقی یافتہ ہندوستان کی بنیاد بنے گی’’۔

*************

 

ش ح۔  س ب ۔ رض

U. No.6319



(Release ID: 1933858) Visitor Counter : 117