وزارت دفاع
وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت عالمی اقتصادی نقشے پردوبارہ اپنامقام حاصل کرنے والی ایک نئی طاقت ہے: وزیر دفاع
ریکارڈ پیداوار اور برآمدات دفاعی شعبے کی بڑے پیمانے پر ترقی کا ثبوت ہیں: راج ناتھ سنگھ
جناب راج ناتھ سنگھ نے بھارت @2047 کے لیے اپنے وژن کا اظہارکیا
فل پروف سرکاری مشینری ،اعلی معیار زندگی ،سماجی ہم آہنگی، خواتین کی مساوی شرکت اور روزگار میں اضافے کے ساتھ ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی ضرورت ہے : راج ناتھ سنگھ
بھارت کو پوری دنیا میں جمہوریت، مذہبی آزادی، وقار اور امن جیسی عالمی اقدار قائم کرنے کو یقینی بنانا چاہیے: وزیر دفاع
Posted On:
02 JUN 2023 1:38PM by PIB Delhi
‘‘بھارت ایک ترقی پذیر نہیں بلکہ دوبارہ ابھرنے والی ایک طاقت ہے ، جو وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں عالمی اقتصادی نقشے پر دوبارہ اپنا مقام حاصل کر رہا ہے۔’’ وزیردفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 02 جون 2023 کو نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز یہ کہتے ہوئے کیا کہ 17ویں صدی تک بھارت کی معیشت غیرمعمولی طور پر مضبوط تھی، جو کہ پوری دنیا کی جی ڈی پی کا ایک چوتھائی سے زیادہ تھی، لیکن کمزور فوجی اور سیاسی غلامی کی وجہ سے اس نے اپنی شان کھو دی۔
وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ حکومت ان دونوں محاذ پر کام کر رہی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ بھارت اپنی پرانی شاندار حیثیت کو دوبارہ حاصل کر لے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط دفاعی صنعت کے سبب ایک مضبوط، نوجوان اور ٹکنالوجی کی ماہر مسلح افواج تیار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی ہے جو اندرون ملک جدید ترین ہتھیار/سامان تیار کرتی ہے، جبکہ اس کے حصول کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں تاکہ نوآبادیاتی ذہنیت سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ‘‘ایک مضبوط فوج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے بلکہ کسی ملک کی ثقافت اور معیشت کی بھی حفاظت کرتی ہے۔ اس کا مقصد ایک مضبوط، خودکفیل اور خوشحال قوم کی تعمیر ہے جو اپنی ضروریات کے ساتھ ساتھ دوست ممالک کی ضروریات کو بھی پورا کرے۔ یہ نشاۃ ثانیہ کا دور ہے۔ یہ بھارت کو ایک عالمی سپر پاور کے طور پر دوبارہ قائم کرنے کا وقت ہے۔”
مورگن اسٹینلے کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئےوزیردفاع نے کہا کہ 2013 میں بھارت کو 5 کمزور معیشتوں میں شامل کرنے کے بعد سرمایہ کاری فرم نے حال ہی میں کہا ہے کہ یہ ملک 2027 تک تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ حالیہ برسوں میں بھارتی معیشت کی ترقی کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ ’ابھرتی ہوئی طاقت‘ کا محاورہ بھارت کے لیے فوری تناظر میں استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن طویل مدت کے لیے، وہ اسے ایک دوبارہ پیدا ہونے والی طاقت کے طور پر دیکھتے ہیں، جو دنیا کے اقتصادی نقشے پر اپنا مقام دوبارہ حاصل کر رہا ہے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے ملک کی اقتصادی ترقی کو آسان بنانے کے لیے حکومت کی طرف سے کی گئی متعدد اصلاحات کی فہرست پیش کی۔ ان میں براہ راست ٹیکس اصلاحات، جی ایس ٹی اور کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانے کے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں ایک انقلابی تبدیلی آئی ہے اور آج غیر ملکی سرمایہ کاربھارت کو ایک پرکشش مقام کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
پچھلے کچھ سالوں میں دفاعی شعبے میں لائی گئی تبدیلیوں کے بارے میں جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہتھیاروں اور ٹیکنالوجیز کی تیاری میں مکمل آتم نربھرتا (خودکفالت )حاصل کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اہم فیصلوں میں مسلح افواج کی جانب سے 411 اشیاء کی چار مثبت مقامی فہرستوں کا نوٹیفکیشن اور ڈی پی ایس یو کے لئے 4,666 اشیاء کی چار دیگر فہرستوں کے علاوہ اتر پردیش اور تمل ناڈو میں دفاعی صنعتی راہداریوں کا قیام شامل ہے۔
حکومت کی کوششوں سے حاصل ہونے والے مثبت نتائج پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مالی سال 23-2022 میں ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی دفاعی پیداوار اور تقریباً 16,000 کروڑ روپے کی ہمہ وقتی اعلیٰ دفاعی برآمدات دفاعی شعبے کی ترقی کا بیّن ثبوت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے بنائے گئے اسٹارٹ اپ دوستانہ ماحولیاتی نظام کی وجہ سے ملک میں 100 سے زائد یونیکون قائم ہوئے ہیں ۔ دفاعی تحقیق و ترقی اور مینوفیکچرنگ سیکٹر میں اسٹارٹ اپس کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
وزیردفاع نے 2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے وزیر اعظم کے وژن کے بارے میں بھی اپنی بصیرت کا اشتراک کیا، جو وزیراعظم نے لال قلعہ کی فصیل سے 2022 کے یوم آزادی کے خطاب کے دوران کہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے صحت، تعلیم، روڈ ٹرانسپورٹ، ریلوے اور سرحدی علاقوں کی ترقی سمیت تمام شعبوں پر توجہ دے رہی ہے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے انڈیا@2047 کے لیے اپنا وژن بیان کیا، جس میں ایک مضبوط سرکاری مشینری، ہر ضرورت مند کی مدد، سماجی ہم آہنگی،خواتین کی مساوی شرکت اور ایک ماحولیاتی نظام جو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرتا ہے،شامل ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی آبادی کے لیے اعلیٰ معیار کی زندگی کو یقینی بنانے کے لیے اقتصادی بنیادی ڈھانچے کی صلاحیت کو مزید بڑھانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ایک موثر مارکیٹ اکانومی کے ساتھ ترقی کا تصور پیش کیا، جہاں لوگوں کو کوئی بھی کاروبار/نوکری شروع کرنے کی مکمل آزادی ہو۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ان لوگوں کے معیار زندگی کو برقرار رکھنے پر زور دیا جانا چاہئے جو بدقسمتی سے جسمانی/ذہنی بیماری یا خاندانی وجوہات کی وجہ سے اپنے خوابوں کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک فلاحی ریاست بنانے کی ضرورت ہے۔ ایک ایسی ریاست جس میں لوگوں کے لیے اعلیٰ معیار کی غذائیت، رہائش، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھا ل میسر ہوں۔ اس سماجی تحفظ کے نیٹ ور ک کے لیےسرکاری اور نجی دونوں شعبوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایک ایسے بھارت کا تصور کیا، جہاں کے شہری اپنی ثقافت اور تہذیب پر فخر کرتے ہوں، اقدار اور روایات کی پاسداری کرتے ہوں اور نئے خیالات کا خیرمقدم کرتے ہوں۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے ایک ترقی یافتہ بھارت کا بھی تصور کیا جو اس بات کو یقینی بناتا ہو کہ جمہوریت، مذہبی آزادی، وقار اور عالمی امن جیسی عالمی اقدار پوری دنیا میں قائم ہوں۔انہوں نے کہا کہ ‘‘آئیے ایک ساتھ مل کر ہم ایک ایسےبھارت کا خواب دیکھیں، جہاں لوگوں میں ملک کی تعمیر کا یکساں احساس ہو۔ جہاں تمام ہندوستانی بغیر کسی امتیاز کے مل کر کام کرتے ہوں۔ آئیے ایک ایسے ہندوستان کا خواب دیکھیں جہاں لوگوں کو ان کی ذات اور مذہب سے نہیں بلکہ ان کے علم اور کردار سے پرکھا جائے۔ جہاں ہر ہندوستانی کو انسانی حقوق تک رسائی حاصل ہو اور وہ اپنے فرائض سے وابستگی رکھتے ہوں ۔ آئیے ہم ایک ایسے بھارت کا خواب دیکھیں جو اپنی دفاع کے لیے کافی مضبوط ہو اور دنیا میں کہیں بھی کسی بھی ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے تیار ہو۔’’
**********
ش ح۔م ع۔ رم
U-5766
(Release ID: 1929378)
Visitor Counter : 188