نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

شہریوں پر مرتکز حکمرانی ایک متبادل نہیں، بلکہ ملک کی ترقی کے لیے اشد ضروری ہے: نائب صدر جمہوریہ


نائب صدر جمہوریہ کا کہنا ہےکہ بھارت کا حکمرانی کا ماڈل دنیا کے لیے قابل رشک ہے

نائب صدر جمہوریہ نے سول سروینٹس کو پرائڈ کا منتر دیا

سول سروسز حکمرانی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں: نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر جمہوریہ نے 1984 کے بیچ کے آئی ایف ایس افسران کے ذریعہ مشترکہ طور پر تصنیف کردہ کتاب ’رفلیکشنز آن انڈیاز پبلک پالیسیز‘ کا اجراء کیا

Posted On: 13 MAY 2023 3:52PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ ہند جناب جگدیپ دھنکڑ نے کہا ہےکہ سول سروسز حکمرانی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ، اور انہوں نے ملک میں سرکاری پالیسیوں کے نفاذ میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ موصوف آج نئی دہلی میں واقع اُپ راشٹرپتی نواس پر، انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس کے 1984 بیچ کے افسران کے ذریعہ تصنیف کردہ کتاب ’رفلیکشنز آن انڈیاز پبلک پالیسیز‘ کے اجراء کے موقع پر سینئر افسران اور دیگر معززین سے  خطاب کر رہے تھے۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت کا حکمرانی کا ماڈل، جو شفافیت، جوابدہی، ڈجیٹائزیشن، اختراع اور صنعت کاری پر مرتکز ہے، دنیا کے لیے قابل رشک ہے۔ انہوں نے کہا کہ، ’’کمزور طبقات کی اختیار کاری اور انہیں اوپر اٹھانے میں کامیاب اسکیموں کا اہم کردار رہا ہے، جنہوں نے اس امر کو یقینی بنایا کہ حاشیے پر موجود شہریوں کو لازمی خدمات تک رسائی حاصل ہو۔‘‘

نائب صدر جمہوریہ  جناب دھنکڑ نے سول سروینٹس سے فخر کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے فخر یعنی پرائڈ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا  کہ اس میں، ذاتی تعصب کے بغیر عوام کی خدمت، زمینی سطح پر قانون کا نفاذ، عوام کے ساتھ معاملات میں دیانت داری، فرض کے تئیں عقیدت، اور پالیسی اہداف کی حصولیابی میں اثرانگیزی، جیسے عناصر شامل ہیں۔

جناب دھنکڑ نے اس اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی جو ریٹائرڈ سول سرینٹس کے ذریعہ ایک منفرد قابل قدر قومی انسانی وسیلے کے طور پر ادا کیا جا سکتاہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے اس امر کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، ’’سبکدوش سول سروینٹس ایک ایسے نمایاں مقام پر فائز ہیں جہاں سے وہ اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک چلائے جارہے ملک مخالف بیانیے کا قلع قمع کر سکتے ہیں، جو غیر منصفانہ طور پر ہمارے آئینی اداروں اور جمہوری اقدار کو داغدار کر رہا ہے ۔‘‘

نائب صدر جمہوریہ نے تسلیم کیا کہ جمہوری حکمرانی کو چند منفرد چنوتیاں درپیش ہیں۔ انہوں نے سول سروینٹس کو قانون اور آئین کے تئیں غیر متزلزل اور پختہ عہدبندگی کا مظاہرہ کرنے کی نصیحت کی۔ انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ ’’ملک کے چند حصوں میں برسراقتدار جماعتوں کی جانب افسران کا جھکاؤ وفاقیت کی عظمت کو بری طرح داغدار کر رہا ہے۔‘‘

’رفلیکشنز آن انڈیاز پبلک پالیسیز‘ نامی کتاب عوامی پالیسی کے متنوع شعبوں میں، ملک کو درپیش چند اہم مسائل کو حل کرنے کے موضوع پر، 1984 کے بیچ کے 10 آئی اے ایس افسران کے تجزیے اور معلومات پیش کرتی ہے۔ اس تقریب کے دوران مختلف سول سروسز کے ریٹائرڈ اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔

نائب صدر جمہوریہ کی تقریر کے مکمل متن کے لیے یہاں کلک کریں

**********

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:5085


(Release ID: 1923913) Visitor Counter : 132