وزارات ثقافت
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تہذیبی روابط پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ 14-15 مارچ کو ’’مشترکہ بدھسٹ ورثہ‘‘ پر بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوگی
Posted On:
13 MAR 2023 5:09PM by PIB Delhi
’’مشترکہ بدھسٹ ورثہ‘‘ پر ایک بین الاقوامی کانفرنس 14-15 مارچ کو وگیان بھون، نئی دہلی میں ہوگی، جس میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ممالک 2023 کے ساتھ ہندوستان کے تہذیبی رشتوں پر توجہ مرکوز ہوگی۔
ایس سی او کی ہندوستان کی قیادت (ایک سال کی مدت کے لیے، 17 ستمبر 2022 سے ستمبر 2023 تک) میں یہ تقریب اپنی نوعیت کی پہلی تقریب ہوگی، جو ’’مشترکہ بدھسٹ وراثت‘‘ پر تبادلہ خیال کے لئے مرکزی ایشیائی، مشرقی ایشیائی، جنوب ایشیائی اور عرب ممالک کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانے کا کام کرے گی۔ ایس سی او ممالک، رکن ممالک، مشاہد ممالک اور مذاکراتی شراکت داروں پر مشتمل ہیں، جن میں چین، روس اور منگولیا شامل ہیں۔ 15 سے زائد اسکالرز – مندوبین اس موضوع پر تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ ان ماہرین کا تعلق ڈن ہوانگ ریسرچ اکیڈمی، چین؛ انسٹی ٹیوٹ آف ہسٹری، آرکیالوجی اینڈ ایتھنولوجی، کرغزستان؛ ریاستی میوزیم آف دی ہسٹری آف ریلیجن، روس؛ نیشنل میوزیم آف اینٹی کوئٹیز آف تاجکستان؛ بیلاروسین اسٹیٹ یونیورسٹی اینڈ انٹرنیشنل تھیرواڈا بدھسٹ مشنری یونیورسٹی، میانمار وغیرہ سے ہے۔
دو روزہ پروگرام کا اہتمام وزارت ثقافت، وزارت خارجہ اور بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی- وزارت ثقافت کی ایک گرانٹی باڈی کے طور پر) کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں بدھ مت کے متعدد ہندوستانی اسکالرز بھی شرکت کریں گے۔ شرکاء کو دہلی کے کچھ تاریخی مقامات کی سیر کرانے کا بھی موقع ملے گا۔
کانفرنس کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کے ممالک کے مختلف عجائب گھروں (میوزیموں) کے مجموعوں میں وسطی ایشیا کے بدھ مت کے فن، آرٹ کے انداز، آثار قدیمہ کے مقامات اور نوادرات کے درمیان غیر ثقافتی روابط کو دوبارہ قائم کرنا اور مشترکات کو تلاش کرنا ہے۔
اس دنیا کے قدرتی عجائبات میں سے ایک، زمانہ قدیم سے نظریات کا ارتقاء اور پھیلاؤ ہے۔ ناقابل تسخیر پہاڑوں، وسیع سمندروں اور قومی سرحدوں کو آسانی کے ساتھ پار کرکے جو تصورات دور دراز کے علاقوں میں اپنی جگہ بناتے ہیں، وہ موجودہ ثقافت سے مل کر خوش حال بنتے ہیں۔ اسی طرح بدھ کی اپیل کی انفرادیت ہے۔
اس کی آفاقیت نے وقت اور جگہ دونوں کو عبور کیا۔ اس کے انسانی نقطہ نظر نے فن، فن تعمیر، مجسمہ سازی اور انسانی شخصیت کی لطیف صفات کو سمیٹ لیا، جس کا اظہار ہمدردی، بقائے باہم، پائیدار زندگی اور ذاتی ترقی کی شکل میں ہوا۔
یہ کانفرنس ذہنوں کی ایک منفرد ملاقات ہوگی، جہاں مختلف جغرافیائی خطوں سے تعلق رکھنے والے ممالک، مشترکہ تہذیبی وراثت کی بنیاد پر ایک مشترکہ دھاگے میں پروئے ہوئے ہیں، جسے بدھ مت کے مشنریوں نے مضبوط کیا، جنھوں نے مختلف ثقافتوں، برادریوں اور خطوں کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ برصغیر ہند اور ایشیا دو دن تک مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے، جس میں پرانے رشتوں کو مستقبل میں جاری رکھنے کے طریقے وضع کیے جائیں گے۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO. 2623
(Release ID: 1906563)
Visitor Counter : 183