صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے اروناچل پردیش کے 37ویں یوم ریاست تقریبات میں شرکت کی اور اروناچل پردیش کی حکومت کی طرف سے ان کے اعزاز میں منعقدہ شہری استقبالیہ میں شریک ہوئیں
Posted On:
20 FEB 2023 6:17PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو نے اروناچل پردیش کے 37ویں یوم تاسیس تقریبات میں شرکت کی اور آج (20 فروری، 2023) ایٹا نگر میں ریاستی حکومت کی طرف سے ان کے اعزاز میں دیے گئے شہری استقبالیہ میں شریک ہوئیں ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ رقبہ کے لحاظ سے شمال مشرقی خطے کی سب سے بڑی ریاست ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سرحدی ریاست ہونے کے ناطے اروناچل پردیش اسٹریٹجک اور جغرافیائی نقطہ نظر سے بہت اہم ریاست ہے۔ قومی سلامتی اور ریاست کی اقتصادی ترقی کے لیے اچھا انفرااسٹرکچر ضروری ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ مرکزی حکومت نے اروناچل پردیش میں نیشنل ہائی وے انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لیے 44,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی اسکیموں کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اروناچل پردیش 600 میگاواٹ کامینگ ہائیڈرو پاور اسٹیشن کے شروع ہونے کے ساتھ ایک اضافی بجلی والی ریاست بن گئی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حال ہی میں شروع کئے گئے ہر موسم کےلئے سازگار ڈونی پولو ہوائی اڈے سے ریاست کے رابطے میں بہتری آئے گی اور تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی خواتین کی ترقی کے بغیر شمولیت والی ترقی نہیں ہو سکتی۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اروناچل پردیش میں پنچایتوں کے تقریباً 47 فیصد نمائندے خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اروناچل پردیش کی خواتین ہر میدان میں کامیابی حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ملک بھر کی خواتین انشو جمسنپا جیسی خواتین سے تحریک لیں گی جو پانچ دنوں میں دو بار ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والی پہلی خاتون ہیں اور ٹیگے ریتا تاکھے سے بھی ترغیب حاصل کریں گی جو انٹرپرائز میں خواتین کی شرکت کو فروغ دے رہی ہیں اور اروناچل پردیش کی مقامی زرعی مصنوعات کو بین الاقوامی مارکیٹ میں لے جا رہی ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان میں سورج کی پہلی کرنیں اروناچل پردیش پر پڑتی ہیں۔ اروناچل پردیش کے مختلف قبائل، ان کا ثقافتی ورثہ، کثرت میں وحدت ، ہم سب کو متاثر کرتا ہے۔ یہ کہا جا سکتا ہے کہ اروناچل پردیش کا معاشرہ ہندوستان کا مائیکرو کاسم ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ پہاڑوں، گھنے جنگلات، جھیلوں، آبشاروں اور نباتات اور حیوانات سے مالا مال یہ ریاست حیاتیاتی تنوع کے اعتبار سے ایک خوشحال علاقہ ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اروناچل پردیش کی حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے ’’پاکے اعلامیہ‘‘ کو اپنایا ہے۔ انہیں یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ ریاستی حکومت زراعت، باغبانی، صحت خدمات اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے یہ اہم اقدامات ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ اروناچل پردیش سمیت پورا شمال مشرقی خطہ ہندوستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ جی- 20 کی کئی میٹنگیں شمال مشرقی ریاستوں میں بھی ہو رہی ہیں۔ انہیں یقین تھا کہ ان میٹنگوں سے شمال مشرقی ریاستوں کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ ملے گا اور خطے میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔
Please click here to see the President's Speech -
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO. 1873
(Release ID: 1900829)
Visitor Counter : 171