صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے راجستھان میں بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائڈز کے 18ویں قومی جمبوری کا افتتاح کیا

Posted On: 04 JAN 2023 6:34PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (4جنوری 2023) کو پالی، راجستھان میں 18ویں بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائڈز کے اٹھارہویں جمبوری کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائڈ ملک میں نوجوانوں کی سب سے بڑی رضاکارانہ، غیر سیاسی، باوردی یوتھ آرگنائزیشن اور تعلیمی تحریک ہے۔ اس میں کسی بھی ذات پات، نسل یا صنف کا فرق کئے بغیر نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی کردارسازی کی جاتی ہے۔ 63 لاکھ سے زیادہ ارکان کے ساتھ بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائڈ دنیا کی سب سے بڑی اسکاؤٹ اینڈ گائڈ تنظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کے ارکان لگن اور خدمت کے جذبے سے کام کر رہے ہیں، جس سے بہبود انسانی کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انسانیت اور محبت کے اسی جذبے کو اپنی زندگی میں اتاریں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ اپنا سفر شروع کرنے سے قبل تمام اسکاؤٹ اور گائڈ خود کو جسمانی طور پر مضبوط رکھنے، دماغی طور پر بیدار رہنے اور اخلاقی طور پر راسخ رہنے کا عزم کرتے ہیں اور یہ سب ان کے اپنے فائدے کے لئے نہیں، بلکہ معاشرے کی مجموعی بہبود کے لئے ہوتا ہے۔ اعلیٰ اخلاقیات پر مبنی ان خصوصیات پر جب عمل کیا جاتا ہے، تو دنیا کو ایک بہتر مقام بنایا جا سکتا ہے۔

مارٹن لوتھر کنگ جونیئر اور بل گیٹس کی مثال دیتے ہوئے صدر نے اسکاؤٹس اور گائڈز کو صلاح دی کہ وہ عالمگیراقدار اور اخلاقیات پر عمل پیرا ہوں، جن سے آپ کو مستقبل میں رہنمائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹ اور گائڈ کی حیثیت سے وہ جو کچھ سیکھیں گے، وہ انگنت طریقوں سے ان کی زندگی کو مالا مال بنائے گا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ کووڈ -19 عالمی وبا کے دوران بھارت اسکاؤٹ اور گائڈ نے معاشرے کی خدمت انجام دینے میں بے نظیر جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ آب و ہوا میں تبدیلی کے مضر اثرات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمازت میں اضافہ، سطح سمندر بڑھنے اور غیر یقینی موسموں کے اثرات اب نظر آنے لگے ہیں۔ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے ہمیں اسے درست کرنے کے اقدام کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹ اور گائڈ اس سلسلے میں عوام میں بیداری لا سکتے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ اسکاؤٹ اینڈ گائڈ کے طور پر ان کا فرض ہے کہ وہ عوام کو بتائیں کہ حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے اور ذمہ دارانہ سیاسی طور طریقوں کو اپنانا کس قدر ضروری ہے۔

صدر نے کہا کہ ہندوستان کو دنیا میں ایک نوجوان ملک سمجھا جاتا ہے۔ نوجوان ہماری قوم کے مستقبل کے معمار ہیں۔ دنیا بہت تیزی سے بدل رہی ہے اور نوجوانوں کو مستقبل کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ ملک اور دنیا کو آگے چل کر جن چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ان سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کو اعلیٰ مقاصد لے کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے اسکاؤٹس اینڈ گائڈز سے کہا کہ وہ خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھیں، تو کامیابی یقیناً ان کے قدم چومے گی۔

***

ش ح۔ ع س۔ک ا



(Release ID: 1888694) Visitor Counter : 137