محنت اور روزگار کی وزارت
مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے محنت اور روزگار کی وزارت کی مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی
Posted On:
23 DEC 2022 3:49PM by PIB Delhi
وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ شروع کردہ این سی ایس پورٹل میں 3600 ملازمتوں کی معلومات کا ذخیرہ موجود ہے۔
محنت اور روز گار کی وزارت کے ای شرم پورٹل ، بہت چھوٹی ، چھوٹی اور اوسط درجے کی صنعتوں اور ہنر مندی کے فروغ اور انٹر پرینیور شپ کے پورٹل اسیم کے ساتھ این سی ایس پورٹل کو مربوط کرنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔
این سی ایس پورٹل 27 ریاستوں اور کئی پرائیویٹ پورٹلوں کے ساتھ بھی مربوط ہے۔
|
محنت اور روز گار کی وزارت کے لئے اراکین پارلیمنٹ کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ نئی دلّی میں 22 دسمبر ، 2022 ء کو محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو کی صدارت میں منعقد ہوئی۔اس میٹنگ میں محنت اور روزگار کے وزیر مملکت جناب رامیشور تیلی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکانِ پارلیمنٹ نےبھی شرکت کی۔ ممبران پارلیمنٹ میں جناب سنیل کمار مونڈل،جناب سومیدھانند سرسوتی، ڈاکٹر امیش جی جادھو، جناب سنیل کے سونی، جناب سشیل کمار گپتا، جناب احمد اشفاق کریم، جناب بھاگیرتھ چودھری، جناب راجمنی پٹیل اور جناب ونے ڈی تندولکر موجود تھے۔ میٹنگ کا موضوع ’’نیشنل کیرئیر سروس پورٹل‘‘ تھا۔ جناب امیت نرمل، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ای) نے اس موضوع پر ایک پریزنٹیشن بھی پیش کیا ۔
میٹنگ کے دوران، کمیٹی کو بتایا گیا کہ وزارت محنت اور روزگار کا نیشنل کیرئیر سروس (این سی ایس) پورٹل ، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 20 جولائی ، 2015ء کو لانچ کیا تھا۔ این سی ایس پورٹل نہ صرف ایک ملازمت کا پورٹل ہے، بلکہ ملک میں ملازمت کے متلاشیوں کے لئے مکمل کیریئر ڈویلپمنٹ کا پورٹل بھی ہے ۔حکومت نے ضلعی سطح پر کیریئر سے متعلق مختلف خدمات فراہم کرنے کے لئے 370 ماڈل کیرئیر سنٹرز کو بھی منظوری دی ہے۔
اپریل ، 2022ء میں این سی ایس پورٹل میں بین الاقوامی ملازمتوں کے لئے ایک نیا ماڈیول شامل کیا گیا ہے۔ یہ ماڈیول وزارت خارجہ ( ایم ای اے ) کے تحت رجسٹرڈ بھرتی کرنے والے ایجنٹوں کو این سی ایس پورٹل پر بین الاقوامی ملازمتوں کے مواقع پوسٹ کرنے کے لئے سہولت فراہم کرتا ہے اور این سی ایس پورٹل پر ملازمت کے متلاشی افراد بین الاقوامی ملازمتوں کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔
23-2022 ء کی بجٹ تقریر کے مطابق محنت اور روز گار کی وزارت کے ای شرم پورٹل ، بہت چھوٹی ، چھوٹی اور اوسط درجے کی صنعتوں اور ہنر مندی کے فروغ اور انٹر پرینیور شپ کے پورٹل اسیم کے ساتھ این سی ایس پورٹل کو مربوط کرنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔
این سی ایس پورٹل 27 ریاستوں اور بہت سے پرائیویٹ پورٹلز جیسے مونسٹر انڈیا، نوکری ڈاٹ کام، فریشرز ورلڈ،مائی جاب وغیرہ کے ساتھ بھی مربوط ہے۔ اس کے نتیجے میں این سی ایس کے آسامیوں کے ڈاٹا بیس کی افزودگی ہوئی ہے اور ملازمت کے متلاشیوں کو ان کی صحیح ملازمتوں سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ پورٹل نے پچھلے 7 سالوں میں ترقی کی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ عالمی نقطہ نظر دینے اور اس کے فریقین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لئے مزید انضمام کی خاطر ایک نئی جدید ترین دستیاب ٹیکنالوجی کی طرف منتقل کیا جائے ۔
ارکان پارلیمنٹ نے نوجوانوں کو روزگار اور دیگر متعلقہ خدمات فراہم کرنے کے لئے این سی ایس پورٹل تیار کرنے کے لئے حکومت کے اقدام کی ستائش کی، جو کہ وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے این سی ایس کے تحت شروع کی جانے والی مختلف سرگرمیوں، جاب میلوں کے انعقاد، پلیسمنٹ پر نظر رکھنے، شارٹ لسٹنگ اور فائنل پلیسمنٹ کے درمیان وقت کو کم کرنے، تمام پردھان منتری کوشل وکاس کیندروں کے ساتھ مربوط ہونے اور این سی ایس پورٹل کے بارے میں بیداری بڑھانے کے حوالے سے کئی تجاویز بھی پیش کیں ۔
شری بھوپیندر یادو نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میٹنگ کا اختتام کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا )
U. No. 14325
(Release ID: 1886331)