وزارتِ تعلیم
بنارس ہندو یونیورسٹی کی سینٹرل لائبریری کے ذریعے کاشی تمل سنگم میں تمل زبان کی نادر کتابوں اور تاڑ کے پتوں پر درج مخطوطات کی نمائش
Posted On:
05 DEC 2022 4:12PM by PIB Delhi
بھارتیہ بھاشا سمیتی کے صدر اور کاشی تمل سنگم کے چیف کنوینر، پدم شری چامو کرشنا شاستری نے بنارس ہندو یونیورسٹی سینٹرل لائبریری، وارانسی میں نادر تمل کتابوں اور مخطوطات کی نمائش کا افتتاح کیا۔
اس نمائش کا اہتمام سایا جی راؤ گائیکواڑ سینٹرل لائبریری نے یونیورسٹی کے کیمپس میں جاری کاشی تمل سنگم کے حصہ کے طور پر کیا تھا۔ سینٹرل لائبریری نے 1890 کی دہائی کے بعد تمل زبان میں لکھی گئی بہت سی کتابیں اور 17ویں اور 18ویں صدی میں تمل گرنتھ رسم الخط میں تحریر کردہ 12 مخطوطات کی نمائش کی ہے۔ ان میں اینی بیسنٹ کو تحفے میں دی گئیں ابتدائی تمل ڈرامے کی پہلی کاپیاں اور کتابیں، تمل موسیقی کی تکنیکوں کو بیان کرنے والی ایک کتاب، کمار گروبر کی تصنیفات، شیو فلسفہ پر مبنی کتابیں، بھاراتی کتابیں، رامائن، مہابھارت کے ترجمے وغیرہ شامل ہیں۔
ان بیش قیمتی مجموعوں کی نمائش سینٹرل لائبریری کے مرکزی ہال سے ملحق مخطوطات اور نادر دستاویزات والے حصے میں، 5 دسمبر سے 16 دسمبر تک 12 دنوں کے لیے روزانہ صبح 11:00 بجے سے شام کے 07:00 بجے تک منعقد کی جائے گی۔
نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے، جناب کرشنا شاستری نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ اس قسم کی قدیم اور نادر کتابیں یونیورسٹی کی لائبریری میں مناسب طریقے سے محفوظ کرکے رکھی ہوئی ہیں، ان کی صحیح طریقے سے درجہ بندی کی جانی چاہیے اور انہیں محققین کے استعمال کے لیے قابل رسائی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دور حاضر میں اس کی اشد ضرورت ہے۔
ڈپٹی لائبریرین ڈاکٹر سچترا سنگھ نے اساتذہ، طلباء اور کاشی تمل سنگم کا دورہ کرنے والے ہر ایک شخص کو اس نمائش میں آنے کی دعوت دی۔
سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف کلاسیکل تمل کی ڈائرکٹر، پروفیسر ایرا چندر شیکھرن اور بنارس ہندو یونیورسٹی کے لائبریرین ڈاکٹر دیوندر کمار سنگھ اس موقع پر موجود تھے۔ ان کے علاوہ، اسسٹنٹ لائبریرین ڈاکٹر آر پرمیشورن اور شعبہ تمل کے دو اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر ٹی جگتیسن، ڈاکٹر سو وگنیش آنند، تمل اسٹڈیز کے طلباء اور کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 13318
(Release ID: 1880976)
Visitor Counter : 157