صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے آندھرا پردیش میں آندھرا پردیش حکومت کی طرف سے منعقدہ شہری استقبالیہ میں شرکت کی
Posted On:
04 DEC 2022 3:58PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (4 دسمبر 2022) کو وجئے واڑہ میں حکومت آندھرا پردیش کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے شہری استقبالیہ میں شرکت کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے، ہندوستان کے صدر کے طور پر،ریاست کے اپنے پہلے دورے کے دوران گرمجوشی سے مہمان نوازی کے لیے،آندھرا پردیش کی حکومت اور عوام کاشکریہ ادا کیا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ آندھرا کی سرزمین کو گوداوری، کرشنا، پنار، ومسادھرا اور ناگاولی جیسے دریاؤں سے نوازا گیا ہے۔ ان دریاؤں نے آندھرا پردیش کی بھرپور روایات کو بھی جلا بخشی ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ ان دریاؤں کی صفائی اور تحفظ کے لیے ہمیشہ چوکنا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ناگارجن ساگر پروجیکٹ‘ کی ترقی، جسے عظیم بدھ فلاسفر ناگارجن کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، ترقی کو وراثت سے جوڑنے کی ایک اچھی مثال ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ آندھرا پردیش خواتین کے تئیں حساسیت کے لحاظ سے مثالی ریاستوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے شاعرہ مولا کو یاد کیا جنہوں نے شاندار مہاکاوی ’مولا-رامائن‘ تحریر کی تھی۔ انہوں نے درگا بائی دیشمکھ کو یاد کیا جنہوں نے خواتین کی ترقی اور آزادی کی جدوجہد میں ان کی شرکت کے لیے بہت سی کوششیں کیں۔ انہوں نے آندھرا پردیش کی بہو سروجنی نائیڈو کو بھی یاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ سروجنی نائیڈو نے مہاتما گاندھی کے ’نمک ستیہ گرہ‘ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ آزاد ہندوستان میں کسی بھی ریاست کی پہلی خاتون گورنر تھیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ جب انہیں جھارکھنڈ کی گورنر کی ذمہ داری سونپی گئی تو انہوں نے ہمیشہ اس بات کو ذہن میں رکھا کہ سروجنی نائیڈو جیسی عظیم خواتین کے پیش کردہ آدرشوں کے مطابق لوگوں کی خدمت میں مصروف رہنا ہی ان کی خدمت کا صحیح طریقہ ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کے لوگ ہمارے ملک کی آزادی کی جدوجہد میں آندھرا پردیش کے لوگوں کی فعال شرکت کو یاد کرتے ہیں۔ اس سال ہم الوری سیتارام راجو کی 125ویں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ ہماری نوجوان نسل کو الوری سیتارام راجو اور بھگوان برسا منڈا جیسی شخصیات کی حصہ رسدی سے بخوبی واقف ہونا چاہیے جنہوں نے چھوٹی عمر میں ہی مادر ہند کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ’الوری سیتارام راجو میموریل ٹرائبل فریڈم فائٹرز میوزیم‘ تعمیر کیا جا رہا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ آندھرا پردیش نے ہندوستان میں جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے فارمیسی اور بائیو کیمسٹری کے شعبے میں ڈاکٹر یلپ رگڈا سباّراؤ کے تعاون کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سباراؤ کی تحقیق نے بہت سی دواؤں کی تیاری کو ممکن بنایا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ اسرو کا سری ہری کوٹا رینج، خلائی سائنس میں نئی مثالیں قائم کر رہا ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی بالخصوص انفارمیشن ٹکنالوجی کے میدان میں آندھرا پردیش کے لوگوں نے پوری دنیا میں ہندوستان کی ساکھ کو مستحکم کیا ہے۔
صدر جمہوریہ نے اس خواہش کااظہارکیاکہ آندھرا پردیش کے باصلاحیت اور اہل لوگوں کے تعاون سے اس ریاست کی ترقی کا سفر آگے بڑھے گا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آندھرا پردیش کے لوگ ہندوستان کی ترقی میں غیر معمولی حصہ رسدی جاری رکھیں گے۔
صدر کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں-
*****
(ش ح - اع - ر ا)
U.No.13275
(Release ID: 1880817)
Visitor Counter : 198