وزارت دفاع
شمال مشرق میں حکومت کے تیز رفتار ترقیاتی اقدامات نے ’ لک ایسٹ پالیسی‘ کو ’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘ میں بدل دیا: رکشا منتری جناب راجناتھ سنگھ
پردھان منتری گتی شکتی ماسٹر پلان شمال مشرقی خطہ میں بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کو بہتر کرنے میں مضبوط قوت کے طور پر کام کرے گا: رکشا منتری
نئے ہندوستان کی تعمیر صرف پالیسی سے متعلق جرأت مندانہ اصلاحات، عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور اعلیٰ درجے کی صلاحیتوں سے ہی ممکن ہو سکتی ہے: رکشا منتری
Posted On:
21 NOV 2022 5:35PM by PIB Delhi
رکشا منتری جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ شمال مشرق میں حکومت کی جانب سے تیز رفتار ترقیاتی اقدامات نے ’لک ایسٹ پالیسی‘ کو ’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘ میں تبدیل کر دیا ہے، جس سے شمال مشرقی خطے میں ہمہ گیر ترقی ہوئی ہے، اور تمام ریاستوں کو جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کے ساتھ تجارت کو بہتر بنانے کے قابل بنایا گیا ہے۔ وہ ویڈیو پیغام کے ذریعے ہندوستانی فوج اور آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، تریپورہ، میزورم، منی پور اور ناگالینڈ کی ریاستی حکومتوں کے ساتھ ساتھ گوہاٹی میں نارتھ ایسٹرن ژون کلچرل کونسل (این ای زیڈ سی سی) کے زیر اہتمام ’قوم کی تعمیر میں ہندوستان کے شمال مشرقی خطہ (این ای آر) کی شراکت‘ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ کنکلیو سے خطاب کر رہے تھے۔
رکشا منتری نے کہا کہ پردھان منتری گتی شکتی ماسٹر پلان شمال مشرقی خطہ میں بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کو بہتر کرنے میں مضبوط قوت کے طور پر کام کرے گا۔ ’’چاہے یہ سڑک کی تعمیر ہو، ریلوے کی توسیع ہو یا آبی گزرگاہوں کی بہتری ہو، پردھان منتری گتی شکتی کے ذریعے، ہم ترقی کی رفتار کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ توانائی کے شعبے میں بھی ہم نے بہت ترقی کی ہے۔ ہم نے سولر اور ہائیڈل پراجیکٹس میں پیش رفت کو یقینی بنایا ہے اور ہر کونے میں بجلی فراہم کرنے کا کام کیا ہے۔‘‘
جن منتخب ممالک میں 5 جی سہولیات متعارف کرائی گئی ہیں ان میں شامل ہو کر ہندوستان کی طرف سے کیے گئے مواصلاتی انقلاب کی نشاندہی کرتے ہوئے، رکشا منتری نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ شمال مشرقی ریاستوں کے ہر کونے میں آئی ٹی اور ٹیلی کام کی سہولیات کو وسعت دیں گے۔ رکشا منتری نے کہا، ’’اس سے معاشی ترقی، اچھی حکمرانی اور عوامی بہبود کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ مجھے پورا یقین ہے کہ شمال مشرق کی نوجوان نسل کی محنتی فطرت اور کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے حکومت کی طرف سے دی گئی سہولیات کی وجہ سے، شمال مشرقی خطہ سنہری مستقبل کی طرف بڑھنے والا ہے۔‘‘
رکشا منتری نے مزید کہا کہ نئے ہندوستان کی تعمیر صرف پالیسی سے متعلق جرأت مندانہ اصلاحات، عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور بہترین صلاحیتوں سے ہی ممکن ہو سکتی ہے۔ ’’صحت، تعلیم، ماحولیات، کھیل، دیہی ترقی، روزگار اور چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کے ذریعے، ہم شمال مشرق کے ہر شہری کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔ ہماری حکومت کے نعرے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس‘ میں شمال مشرق کے لوگوں کی کوششوں کا بہت اہم کردار ہے۔‘‘
شمال مشرقی خطے کے بہت سے ہیرو اور ہیروئنوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، رکشا منتری نے مغلوں کے خلاف سرائے گھاٹ کی لڑائی میں آہوم فوج کی قیادت میں عظیم کمانڈر لچیت بورفوکن کے رول کو یاد کیا۔ 1857 کی بغاوت کے دوران آسام کو برطانوی راج سے آزاد کرانے میں منی رام دیون کی قربانی، 1890 میں منی پوری فوج کی قیادت کرنے والے بیر ٹکندرجیت سنگھ، اروناچل پردیش کے موزے ربا ناگ، اور منی پور کی رانی گیڈن لیو جنہوں نے برطانوی فوج کو کڑی ٹکر دی، وغیرہ ناقابل فراموش ہیں۔ جناب راجناتھ سنگھ نے کہا، ’’میں میگھالیہ کے کھاسی چیف یو تروت سنگ کو سلام کرتا ہوں، جو گوریلا جنگ کے ماہر جنگجو تھے۔ میں ویر سینگیا سمبودھن فونگلو کو سلام کرتا ہوں، جنہوں نے کاچار بغاوت کی قیادت کی۔ اسی طرح، میں میزورم کی رانی روپویلانی کو بھی سلامی پیش کرتا ہوں۔‘‘
آزادی کا امرت مہوتسو (اے کے اے ایم) کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر، ہندوستانی فوج نے ہیڈکوارٹر ایسٹرن کمانڈ کے زیراہتمام 20 اور 21 نومبر 2022 کو گوہاٹی میں ’قوم کی تعمیر میں ہندوستان کے شمال مشرقی خطے (این ای آر) کی حصہ داری کا جشن منانے‘ کے موضوع پر ایک دو روزہ کنکلیو کا انعقاد کیا، جس کا مقصد قوم کی تعمیر میں شمال مشرقی خطہ کے تعاون کو اجاگر کرنا، ویر ناریوں کی عزت افزائی کرنا اور شمال مشرقی ثقافت کی نمائش کرنا تھا۔ یہ ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں شمال مشرقی خطہ کے گمنام ہیروز کے کردار کے بارے میں بیداری پھیلانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
جشن کے ایک حصے کے طور پر، شمال مشرقی خطہ کی بہادر ویر ناریوں کو 20 نومبر 2022 کو نارنگی ملٹری اسٹیشن پر ایک خصوصی تقریب کے دوران انعامات سے نوازا گیا۔ تقریباً 100 ویر ناریوں نے اپنی نوعیت کے پہلے آؤٹ ریچ پروگرام میں شرکت کی۔ دیگر تقریبات میں ہتھیاروں/آلات کی نمائش اور مسلح افواج کی طرف سے ایڈونچر کی سرگرمیاں، فیوژن بینڈ کنسرٹ، شمال مشرقی خطہ کی ثقافتی پیشکش، مقامی پاپ بینڈز کی خصوصی پرفارمنس، ایک غیر معمولی میوزیکل تھیٹرکل اور اس کے بعد گوہاٹی میں پہلا ڈرون شو شامل تھا۔
اس کانفرنس میں آسام، منی پور اور میگھالیہ کے وزرائے اعلیٰ، جی او سی-ان-سی، ایسٹرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل رانا پرتاپ کلیتا اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 12776
(Release ID: 1877813)
Visitor Counter : 155