صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

جن جاتیہ گورو دوس پر صدر جمہوریہ ہند نے اولی ہاتو میں بھگوان برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کیا اور شاہ ڈول میں جن جاتیہ سماگم سے خطاب کیا

Posted On: 15 NOV 2022 5:24PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج صبح (15 نومبر2022 ) جن جاتیہ گورو دوس کے موقع پر جھارکھنڈ کے اولی ہاتو گاؤں کا دورہ کیا اور بھگوان برسا منڈا کے مجسمے پر پھول نذر کئے۔

اس کے بعد صدر جمہوریہ شاہ ڈول، مدھیہ پردیش گئیں جہاں انھوں نے جن جاتیہ سماگم سے خطاب کیا۔

حاضرین سے خظاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے جن جاتیہ گورو دوس کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں ملک کی سب سے زیادہ قبائلی آبادی ہے ۔ لہذا اس سماگم کا یہاں انعقاد بہت ہی مناسب ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ انصاف کی راہ میں اپنا سب کچھ  نثار کردینے کا جذبہ قبائلی معاشرے کی خاصیت ہے۔ جدوجہد آزادی میں مختلف نظریات اور مختلف سرگرمیوں نے اہم رول ادا کیا۔ آزادی کی جدوجہد میں قبائلی برادریوں کی جدوجہد بھی شامل ہے۔ بہت سی عظیم ہستیوں نے قبائلی برادریوں کے وقار کو بڑھایا ہے اور ہندوستان کے لئے بھی یہ سرمایہ افتخار ہیں۔ ان میں جھارکھنڈ کے بھگوان برسا منڈا اور سدھو کا ہنو، مدھیہ پردیش کے تانتیا بھیم اور بھیما نائک، آندھرا پردیش کے الوری سیتا رام راجو، منی پور کی رانی گید نلیو اور اڑیسہ کے شہید لکشمن نائک شامل ہیں۔ مدھیہ پردیش کے سورماؤں میں کشور سنگھ، کھا جیا نائک، رانی پھول کنور ، سیتا رام کنور، مہوا کول، شنکر شاہ اور رگھوناتھ شاہ شامل ہیں۔ گاندھی آف چھندواڑہ کے نام سے مشہور جناب بادل بھوئی نے جدوجہد آزادی کے لئے عدم تشدد کا راستہ چنا تھا۔ صدر جمہوریہ نے ان تمام مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ قبائلی برادریوں کا مدھیہ پردیش کے چمبل ، مالوا، بندیل کھنڈ، باگھیل کھنڈ اور مہا کوشل خطوں کی ثقافت کو مالا مال بنانے میں بڑا کردار ہے۔ انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ قبائلی راجاؤں کے دور میں انتہائی خوشحال یہ خطہ دور جدید میں بھی ترقی کی داستان رقم کرے گا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ زیادہ تر قبایلی علاقوں میں جنگلات اور معدنیات کی بھرمار ہے ہمارے قبائلی بہن بھائی فطرت سے قریب رہ کر زندگی گزارتے ہیں اور قدرت کا احترام کرتے ہیں اور اس کی حفاظت کرتے ہیں۔ ان لوگوں نے برطانوی راج میں ان قدرتی وسائل کی حفاظت اور ان کے غلط استعمال کے خلاف لڑائی کی تھی۔ ان کی قربانیوں کی وجہ سے جنگلات کی دولت محفوظ رہ سکی۔ آج آب وہوا میں تبدیلی اور عالمی تمازت میں اضافے کے وقت میں ہر کسی کو قبائلی طرز زندگی سے سبق لینا چاہئے اور جنگلات کے تحفظ کے لئے ان کے پختہ عزم سے تحریک حاصل کرنی چاہئے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ قبائلی برادری انسانیت اور فطرت دونوں کو برابر کی اہمیت دیتی ہے۔ یہ لوگ فرد پر برادری کو ترجیح دیتے ہیں۔ مقابلے پر تعاون کو اور علیحدگی پر مساوات کو ترجیح دیتے ہیں۔ مرد اور عورت کے درمیان برابری قبائلی برادری کی خاصیت ہے۔ عام آبادی کے مقابلے قبائلیوں میں صنفی توازن بہتر ہے۔ قبائلی برادری کی یہ خصوصیات تمام لوگوں کے لئے نظیر ہیں۔

صدر جمہوریہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے گزشتہ چند برسوں میں قبائلی برادریوں کی ترقی پر مستعد اقدامات کئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پوری قوم کی مجموعی ترقی اور قبائلی برادری کی ترقی آپس میں مربوط ہیں۔ اور اسی وجہ سے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ قبائلی برادریوں کی پہچان برقرار رکھی جائے۔ان میں خود داری کو فروغ دیا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ ترقی کے فائدے ان تک پہنچائے جائیں۔ قبائلی علاقوں کی ترقی تمام لوگوں کے لئے فائدہ مند ہوگی۔

صدر جمہوریہ کی ہندی میں تقریر کے لئے  یہاں کلک کریں۔

 

****

 

U.No:12559

ش ح۔رف۔س ا

 



(Release ID: 1876241) Visitor Counter : 113