صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ تریپورہ میں؛ انہوں نے کنیکٹوٹی، تعلیم کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا / سنگ بنیاد رکھا


منصوبوں میں جوڈیشیل اکیڈمی اور لاء یونیورسٹی شامل ہیں

ہائی وے، ریلوے، ایئر وے اور واٹر وے کے مختلف نئے پروجیکٹوں سے شمال مشرقی خطے کی ترقی کو نئی تحریک مل رہی ہے: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو

Posted On: 12 OCT 2022 6:17PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (12 اکتوبر 2022) کو تریپورہ ریاستی جوڈیشیل اکیڈمی کا افتتاح کیا اور نرسنگ گڑھ، اگرتلہ میں تریپورہ نیشنل لاء یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا۔

 ایک دیگر تقریب میں صدر جمہوریہ نے ورچوئل طور پر کیپیٹل کمپلیکس، اگرتلہ میں ایک ایم ایل اے ہاسٹل کا افتتاح کیا اور مہاراجہ بیرندر کشور مانکیہ میوزیم اور ثقافتی مرکز،آئی آئی آئی ٹی-اگرتلہ اور حکومت تریپورہ کے  رابندر ستبرشیکی بھون، اگرتلہ کے طلباء کے لیے سڑکوں، اسکولوں اور ہاسٹلوں سے متعلق مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔

 رابندر ستابرشکی بھون میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج افتتاح کئے گئے پروجیکٹوں سے تریپورہ میں نہ صرف رابطے، تعلیم، عدلیہ اور مقننہ کو تقویت ملے گی، بلکہ ریاست کی بھرپور ثقافت کو بھی فروغ ملے گا۔

 صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ نیشنل لاء یونیورسٹی، تریپورہ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران این ایل یوز نے قانون کی تعلیم کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ آج معیشت کی ترقی کے ساتھ، قانون کا پیشہ بھی کئی جہتوں میں پھیل چکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ این ایل یو تریپورہ نہ صرف شمال مشرق میں بلکہ پورے ملک میں قانون کی تعلیم کے ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھرےگا۔

 صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوانوں نے انفارمیشن ٹکنالوجی کے میدان میں پوری دنیا میں ایک منفرد شناخت بنائی ہے۔ انہیں اعتماد ظاہر کیا کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، اگرتلہ کا مستقل کیمپس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں نئے معیارات قائم کرے گا۔

 صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملک کی ترقی اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے ایک جامع نظام تعلیم ضروری ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہمیں پرائمری تعلیم پر بھی زیادہ زور دینا چاہیے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ شمال مشرقی خطہ کی ترقی کی وزارت نے تریپورہ کی ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر ‘ودیا جیوتی مشن 100’ شروع کیا ہے جس کے تحت 100 موجودہ اعلیٰ ثانوی اسکولوں کو جدید ترین سہولیات کے ساتھ معیاری تعلیمی اداروں میں تبدیل کیا جائے گا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ شمال مشرقی خطہ میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں۔ آج شاہراہوں، ریلویز، فضائی راستے اور آبی گزرگاہوں کے مختلف نئے منصوبوں سے خطے کی ترقی کو ایک نئی تحریک مل رہی ہے۔

 صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی 5ویں بڑی معیشت بن گیا ہے۔ تریپورہ سمیت شمال مشرقی خطہ 2025 تک ہندوستان کو پانچ ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ باصلاحیت اور محنتی لوگوں، خاص طور پر تریپورہ کے نوجوانوں کی خواہشات، اختراعات اور کاروباری صلاحیتیں اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گی۔

 

صدرجمہوریہ کی ہندی میں تقریردیکھنے کیلئے براہ کرم یہاں کلک کریں

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ م ع۔ع ن

 (U:11342)



(Release ID: 1867284) Visitor Counter : 165