صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے سوچھ بھارت دیوس کی تقریبات میں شرکت کی

Posted On: 02 OCT 2022 4:47PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (2 اکتوبر 2022) نئی دہلی میں، سوچھ بھارت دیوس منانے کے لیے جل شکتی کی وزارت کی طرف سے منعقد ایک تقریب میں شرکت کی۔ انھوں نے مختلف زمروں میں سوچھ سرویکشن گرامین ایوارڈ پیش کیے۔

صدر جمہوریہ نے اس موقع پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ گاندھی جی کے خیالات لازوال ہیں۔ انھوں نے سچائی اور عدم تشدد کی طرح صفائی پر بھی زور دیا۔ صفائی پر ان کے عزم کا مقصد سماجی بگاڑ کو دور کرنا اور ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کرنا تھا۔ اس لیے ان کی سالگرہ کو ’سوچھ بھارت دیوس‘ کے طور پر منانا انھیں حقیقی خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ 2014 میں ’سوچھ بھارت مشن-گرامین‘ کے آغاز کے بعد سے اب تک 11 کروڑ سے زیادہ بیت الخلا بنائے گئے ہیں اور تقریباً 60 کروڑ لوگوں نے کھلے میں رفع حاجت کرنے کی اپنی عادت بدل لی ہے۔ انھوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ اس مشن کے ذریعے ہندوستان نے 2030 کی مقررہ تاریخ سے 11 سال قبل اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کا ہدف 6 حاصل کر لیا ہے۔

صدر نے کہا کہ ’سوچھ بھارت مشن-گرامین‘ رویے میں تبدیلی کی تحریک ہے۔ کووڈ عالمی وبا کے دوران، سب نے محسوس کیا کہ بیت الخلا، صابن سے ہاتھ دھونے کی عادت اور نلکوں کے ذریعے پانی کی فراہمی نے اس آفت میں ڈھال کا کام کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ہند ’سوچھ بھارت مشن-گرامین‘ کے دوسرے مرحلے کو نافذ کر رہی ہے، جس کا مقصد ملک کے تمام چھ لاکھ گاؤں کو او ڈی ایف پلس بنانا ہے۔ کھلے میں رفع حاجت کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے بعد، اب ہمیں ٹھوس اور مائع فضلہ کے انتظام جیسے پیچیدہ اور تکنیکی مسائل کو حل کرنا ہے۔ انھیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہوئی کہ ’سوچھ بھارت مشن-گرامین‘ کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے بعد سے، 1.16 لاکھ سے زیادہ دیہاتوں نے خود کو او ڈی ایف پلس قرار دیا ہے اور تقریباً تین لاکھ گاؤں میں ٹھوس اور مائع فضلہ کے انتظام کا کام شروع ہو چکا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت ہند صفائی کے ساتھ ساتھ ہر گھر کو پینے کا معیاری پانی فراہم کرنے کے مقصد پر کام کر رہی ہے۔ ’جل جیون مشن‘ نے سال 2024 تک ہر گھر کو باقاعدہ اور معیاری پینے کا پانی فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2019 میں جل جیون مشن کے آغاز کے وقت، صرف 3.23 کروڑ دیہی گھرانوں میں نل کے پانی کی فراہمی تھی، جو پچھلے تین سالوں میں بڑھ کر تقریباً 10.27 کروڑ ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ او ڈی ایف کے ساتھ نلکے کے پانی تک رسائی حالیہ برسوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں نمایاں کمی کا باعث بنی ہے۔ لیکن ہمارا مقصد بہت بڑا ہے۔ ہمیں پانی کے انتظام اور صفائی کے میدان میں دنیا کے سامنے ایک مثال قائم کرنی ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج جب ہم امرت کال میں داخل ہو رہے ہیں، ہمارا عزم ہونا چاہیے - ایک صحت مند، صاف اور خود انحصار ہندوستان کی تعمیر۔ اس مقصد کے حصول میں ہمیں بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ اتنی بڑی آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور وافر وسائل کی ضرورت ہوگی۔ انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ ہماری سیاسی قیادت، سائنسدانوں، ڈاکٹروں، انجینئروں، اساتذہ اور تمام باشعور شہریوں کی مشترکہ کوششوں سے ہم ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ اور خود انحصار ملک بنانے میں کامیاب ہوں گے۔

 

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع-م ف

U: 10963



(Release ID: 1864559) Visitor Counter : 125