صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ کرناٹک پہنچیں، میسورو دشہرہ فیسٹول کا افتتاح کیا


انہوں نے ہبلی-دھارواڑ میونسپل کارپوریشن کے ذریعے منعقد اعزازی تقریب میں شرکت کی

انہوں نے آئی آئی آئی ٹی دھارواڑ کے نئے کیمپس کا  افتتاح بھی کیا

Posted On: 26 SEP 2022 6:20PM by PIB Delhi

محترمہ دروپدی مرمو نے آج (26 ستمبر، 2022) میسورو کے چامنڈی ہلس میں میسورو دشہر فیسٹیول کا افتتاح کیا۔

مجمع سے خطاب کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے میسورو دشہرہ کے مقدس موقع پر کرناٹک کے لوگوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دیوی چامنڈیشوری سے پرارتھنا کرتی ہیں کہ ان کا آشیرواد ہمیشہ سبھی پر بنا رہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے ملک کے سنتوں کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگوں نے صدیوں سے ہندوستانی سماج کو تہواروں کے توسط سے جوڑے رکھا ہے۔ رامائن، مہابھارت، پرانوں، تاریخ اور لوک کہانیوں کے  دیوتاؤں اور انسانی کرداروں پر مبنی تہوار پورے ملک میں منائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تہواروں میں تنوع کے ساتھ ساتھ یکسانیت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میسورو دشہرہ ہندوستانی ثقافت کے لیے ایک فخر کا تہوار بھی ہے۔

کرناٹک کی ترقی کے سفر کے بارے میں بولتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ مالی سال 22-2021 کے دوران، کرناٹک نے ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کے شعبے میں کل  براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا 53 فیصد متوجہ کیا۔ بنگلور کو ہندوستان کا سرفہرست اسٹارٹ اپ ہب مانا جاتا ہے۔ نیتی آیوگ کے پائیدار ترقیاتی ہدف – ہندوستانی اشاریہ 21-2020 کے مطابق،  انوویشن انڈیکس میں کرناٹک ملک میں پہلے مقام پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک نے ابتدائی تعلیم میں سو فیصد اندراج کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔ اس نے ’پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا‘ کے تحت سو فیصد کنیکٹیوٹی کا ہدف بھی حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے ایسی کئی حصولیابیوں سے بھارت کو اعزاز بخشنے کے لیے کرناٹک حکومت اور ریاست کے لوگوں کی تعریف کی۔

بعد میں، صدر جمہوریہ نے ہبلی-دھارواڑ میونسپل کارپوریشن  کے ذریعے ہبلی میں منعقد ایک اعزازی تقریب ’’پورا سمان‘‘ میں شرکت کی۔

اس موقع پر بولتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے اس شہر کے تمام باشندوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں اعزاز سے نواز کر انہوں نے نہ صرف ہندوستان کی صدر بلکہ ہندوستان کی سبھی بیٹیوں کو اعزاز سے نوازا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا ہبلی-دھارواڑ کے جڑواں شہر نہ صرف کرناٹک بلکہ پورے ہندوستان کی قابل  تاریخ کا حصہ ہیں اور ہندوستان کے ثقافتی نقشے پر ان کی موجودگی قابل ذکر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کرناٹک کے علاقے میں میڈیکل، انجینئرنگ، قانون، سائنس، آرٹ اور ٹیکنالوجی کے کئی مشہور تعلیمی مرکز ہیں۔ شاید اسی وجہ سے اس علاقے کو ’ودیا کاشی‘ کہا جاتا ہے۔

اگلے پروگرام میں، صدر جمہوریہ نے دھارواڑ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، دھارواڑ کے نئے کیمپس کا افتتاح کیا۔

مجمع سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ آئی آئی آئی ٹی، دھارواڑ تعلیم کے ذریعے ملک کا مستقبل تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ’قومی اہمیت کے حامل ادارہ‘ کی فہرست میں شامل ہے۔ انہوں نے حکومت ہند، کرناٹک حکومت اور دیگر متعلقین کی کوششوں کی تعریف کی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ آئی آئی آئی ٹی دھارواڑ کا نعرہ ’گیان وکاس‘ ہے جس کا مطلب ہے کہ علم کے ذریعے ترقی اور کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان، جو اس وسیلہ کا اٹوٹ حصہ ہیں، نئے نظام کی تکنیکی تعلیم میں ماہر ہوں۔ اس حقیقت کو نمایاں کرتے ہوئے کہ آئی آئی آئی ٹی، دھارواڑ کے نصاب میں کمپیوٹر سائنس، الیکٹرانکس اور کمیونی کیشن، ڈیٹا سائنس اور مصنوعی ذہانت جیسے مضامین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مضامین میں ایک نئے ہندوستان کی تعمیر میں اہم تعاون دینے کی صلاحیت ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ ہمارا ملک بھی ڈیجیٹل انڈیا مشن کے ذریعے ایک ڈیجیٹل انقلاب سے گزر رہا ہے۔ لیکن اس انقلاب کا پورا فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں اپنی تحقیق اور اختراع کو مزید آگے بڑھانا ہوگا۔ آج کی دنیا میٹاورس کی ہے۔ مصنوعی ذہانت اور آگمینٹڈ رئلٹی کے دم پر ہم کئی مفید تبدیلی کر سکتے ہیں۔ دنیا اب چوتھے ٹیکنالوجیکل انقلاب کی جانب بڑھ رہی ہے جس میں آمدنی کی سطح کو بڑھانے اور عالمی برادری کے لیے معیار زندگی میں بہتری پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ اس لیے، ہمیں اس انقلاب میں تعاون دے کر عالمی اسٹیج پر ہندوستان کو سرکردہ مقام دلوانے کے لیے انتھک کوشش کرنی ہوگی۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

صدر جمہوریہ کی دوسری تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

صدر جمہوریہ کی تیسری تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 10682


(Release ID: 1862453)