ریلوے کی وزارت
ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے اپنے قیام کا 38 واں دن منایا
ریلوے کی وزیر مملکت نے خواتین مسافروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے آر پی ایف کے رول کو سراہا
محترمہ درشنا وکرم جردوش نے لکھنؤ میں تیسری بٹالین آر پی ایس ایف میں ہنر مندی میں بہتری کے تربیتی مرکز کے قیام کا اعلان کیا جہاں آر پی ایف اہلکاروں کے خاندان والوں کو ہنر مندی کے فروغ کی تربیت دی جائے گی ۔ اس پر تین کروڑ روپے کا خرچ آئے گا
Posted On:
20 SEP 2022 5:38PM by PIB Delhi
ریلوے حفاظتی فورس (آر پی ایف) نے بیس ستمبر کو اپنے قیام کا 38 واں دن جگجیون رام آر پی ایف اکیڈمی لکھنؤ میں پہلی مرتبہ سنٹرل لیول پر پریڈ کا اہتمام کرکے منایا۔ یہ پہلا موقع تھاکہ آر پی ایف کی قومی سطح کی پریڈ دہلی سے باہر کسی اور شہر میں ہوئی ہے۔
ریلوے اور ٹیکسٹائلز کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ درشنا وکرم جردوش نے مہمان خصوصی کے طور پر تقریب کو وقار بخشا اور پریڈ کی سلامی لی۔ پروگرام میں جناب برج لال، ایم پی راجیہ سبھا، آرمڈ پولیس فورسز، ریاستی پولیس، مختلف سرکاری محکموں اور ریلوے کے افسران موجود تھے۔
ریلوے کی وزیر مملکت نے 23 آر پی ایف جوانوں کو نمایاں خدمات کے لئے صدارتی پولیس میڈل، ممتاز خدمات کے لئے انڈین پولیس میڈل، سرووگم جیون رکھشاپدک ، اتم جیون رکھشا پدک اور جیون رکشا پدک سے نوازا جن میں ہیڈ کانسٹیبل آر پی ایف این سی آر مرحوم گیان چند کے لئے بعد ازمرگ سرووتم جیوا رکھشا پدک بھی شامل ہے۔ انھوں نے اپنی جان پر کھیل کر ایک عورت کی جان بچائی تھی جس نے خودکشی کے ارادے سے ایک چلتی ٹرین کے آگے چھلانگ لگا دی تھی۔ فورس نے گیان چند کو اشک آلود آنکھوں سے یاد کیا اور ان کے کارنامے پر انتہائی فخر محسوس کیا۔
مہمان خصوصی نے اکیڈمی کیمپس میں سو فیٹ اونچائی قومی پرچم کا افتتاح کیا اور تربیتی ٹرین کے لئے انجن کے ساتھ ریلوے کوچ کی نقاب کشائی کی اور اسے قوم کے لئے وقف کیا۔ ریل سینک کا ایک خصوصی آزادی کا امرت مہوتسو ایڈیشن کا اس موقع پر اجراء کیا گیا جو آر پی ایف کی سہہ ماہی ای میگزین ہے۔
ریلوے کی وزیر مملکت نے ضابطہ بند اور چاق وچوبند دستے کی مارچ کو سراہا۔ اپنی تقریر میں انھوں نے خواتین مسافروں کے لئے محفوظ سفر کو یقینی بنانے میں آر پی ایف کی خدمات کی تعریف کی۔
محترمہ جردوش نے تیسری بٹالین آر پی ایس، لکھنؤ میں ہنر مندی کے فروغ کے ایک مرکز کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ جہاں آر پی ایف اہلکاروں کے خاندان والوں کو ہنر مندی کی بہتری کے لئے تربیت دی جائے گی۔ اس پر تین کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اس کے علاوہ انھوں نے ملک بھر میں 75 مقامات پر ٹرین کے ساتھ ڈیوٹی انجام دینے والی آر پی ایف خواتین اہلکاروں کے لئے آرام گاہ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔
ریلوے حفاظتی فورس 1957 میں پارلیمنٹ کے ایک ایکٹ کے ذریعے ریلوے املاک کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے تشکیل دی گئی تھی۔ آگے چل کر فورس کو 1966 میں ریلوے کی جائیداد پر غیر قانونی قبضے میں ملوث مجرموں سے پوچھ گچھ، گرفتاری اور مقدمہ چلانے کا اختیار دیا گیا۔ گزرتے برسوں کے ساتھ یہ محسوس کیا گیا کہ اس فورس کو "یونین کی مسلح فورس" کا درجہ دینے کی ضرورت ہے اور آخر کار 20 ستمبر 1985 کو پارلیمنٹ کے ذریعہ آر پی ایف ایکٹ میں ترمیم کرکے فورس کو یہ درجہ دیا گیا۔ اس طرح ہر سال 20 ستمبر کو اس فورس کے ارکان اور ان کے اہل خانہ آر پی ایف کا یوم تاسیس مناتے ہیں۔
یومِ تاسیس اس فورس کی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اور فورس کے ارکان نے تہوار کے جذبے کے ساتھ مناتے ہیں جہاں وہ عوام کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹتے ہیں۔ اور ان کی خدمت کرنے اور مجموعی عوامی بھلائی کے لئے کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
قبل ازیں یوم تاسیس کو زونل، ڈویژنل اور بٹالین کی سطح پر پریڈ اور دیگر تقریبات کا اہتمام کرکے منایا جاتا تھا۔ تاہم اس سال سے فورس کے قومی کردار کو نمایاں کرنے کے لئے مرکزی سطح پر صرف ایک پریڈ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
****
U.No:10471
ش ح۔رف۔س ا
(Release ID: 1860952)
Visitor Counter : 167