امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت

امور صارفین، خوراک اور عوامی نظام تقسیم کی وزارت نے اشتہاری ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سروگیٹ اشتہارات سے متعلق رہنماخطوط کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں


امور صارفین کے  محکمے نے  ایڈورٹائزرز ایسوسی ایشنز کو بھی متنبہ کیا  کہ رہنما خطوط کی سختی سے پابندی کو  یقینی بنانے میں ناکامی  کی صورت میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی

Posted On: 31 AUG 2022 4:20PM by PIB Delhi

امور صارفین، خوراک اور عوامی نظام  تقسیم  کی وزارت کے امور صارفین کے محکمے نے  ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن آف انڈیا، انڈین براڈکاسٹنگ فاؤنڈیشن، براڈکاسٹنگ کنٹینٹ کمپلینٹس کونسل، نیوز براڈکاسٹرس اینڈ ڈیجیٹل ایسوسی ایشن، ایڈورٹائزنگ اسٹینڈرڈز کونسل آف انڈیا، پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری، ایسوچیم، انٹرنیشنل اسپرٹ اینڈ وائنز ایسوسی ایشن آف انڈیا، اور انڈین سوسائٹی آف ایڈورٹائزرز کو  ہدایت دی ہے کہ وہ گمراہ کن اشتہارات کی روک تھام اور گمراہ کن اشتہارات کی توثیق سے متعلق رہنما خطوط خاص طور پر سروگیٹ اشتہارات سے متعلق ضابطوں کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں۔

محکمہ نے کہا ہے کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کی طرف سے ان رہنما خطوط پر سختی سے عمل نہیں کیا جا رہا ہے اور ممنوعہ اشیا کی تشہیر اب بھی سروگیٹ اشیا اور خدمات کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ کھیلوں کے حالیہ مقابلوں کے دوران جو عالمی سطح پر ٹیلی ویژن پر دکھائے گئے، اس طرح کے سروگیٹ اشتہارات کی بہت سی مثالیں دیکھی گئیں۔

دیکھنے میں آیا ہے کہ میوزک سی ڈیز، کلب سوڈا اور پیکیج  شدہ پینے کے پانی کی آڑ میں بہت سے الکحل والی اسپرٹ اور مشروبات کی تشہیر کی جارہی ہے جبکہ کھانے والے تمباکو اور گٹکے پر  سونف اور الائچی کا پردہ ڈالا گیا ہے۔ مزید یہ کہ اس طرح کے بہت سے برانڈز بڑی مشہور شخصیات کی خدمات حاصل کررہے ہیں جو دوسروں کے ساتھ ساتھ کچے نوجوان ذہنوں  پر منفی اثرات مرتب  کرتے ہیں۔ محکمے کے مشاہدےمیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی الکحل والے مشروبات کی براہ راست تشہیر کے کئی واقعات بھی آئے ہیں۔

لازمی طور پر رہنما خطوط ایسے  مینو فیکچرر،  سروس پرووائیڈر یا  تاجر جن کی اشیا، پروڈکٹ یا سروس  کسی اشتہار کا موضوع ہے، یا ایسی اشتہاری ایجنسی یا توثیق کرنے والے بھی پر لاگو ہوتے ہیں جن کی خدمات  بلا لحاظ اشتہار کی شکل ، فارمیٹ یا میڈیم کے ایسی اشیا، پروڈکٹ یا سروس کے اشتہار کے لیے  حاصل کی گئی ہے۔

رہنما خطوط میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ جن  اشیا یا خدمات پر  قانونی ممانعت یا پابندی عائد ہے ان اشیا  یا خدمات کا  ممانعت اور پابندی کے باوجود دھوکہ دہی کے ساتھ  ایسی  دیگر اشیا یا خدمات جن کے اشتہار پر قانونی ممانعت یا پابندی نہیں ہے، کے اشتہار کے طور پر دکھانے والے  سروگیٹ اشتہار یا  بالواسطہ اشتہار پر بھی قانون کے ذریعہ پابندی عائد کی گئی۔

یہاں یہ واضح کرنا بھی ضروری ہے کہ دہلی ہائی کورٹ کے ایک تاریخی فیصلے بعنوان ٹی وی  ٹوڈے نیٹ ورک لمیٹڈ بنام یونین آف انڈیا  میں سروگیٹ اشتہار نشر کرنے اور ایڈورٹائزنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر 15 فروری  2021 کو درخواست گزار کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ صبح 8 بجے سے شام 8 بجے کے درمیان ہر گھنٹے میں ایک 10 سیکنڈ کا معافی نامہ دو روز تک چلائے۔

محکمہ نے ایڈورٹائزرز ایسوسی ایشنز کو  متنبہ کیا ہے کہ  متعلقہ فریقوں کی طرف سے ہدایات کی سختی سے پابندی کو یقینی بنانے میں ناکامی کی صورت میں سی سی پی اے لگام لگائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مناسب سخت کارروائی کرے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ا گ۔ن ا۔

U-9728

                          



(Release ID: 1855836) Visitor Counter : 155