سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے مقامی بلدیاتی اداروں کے نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لئے عالمی معیار کے پروجیکٹ مینجمنٹ کنسلٹنسی اداروں کو شامل کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا
مقامی بلدیاتی اداروں کو مالی طور پر بااختیار بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جانا چاہیئے: جناب نتن گڈکری
Posted On:
27 AUG 2022 1:16PM by PIB Delhi
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے آج ممبئی میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف لوکل سیلف گورنمنٹ کے کنووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدت، صنعت کاری، سائنس اور ٹیکنالوجی، تحقیق کی مہارتیں اور اچھے طریقۂ کار علم کو تشکیل دیتے ہیں اور علم کو دولت میں تبدیل کرنا ملک کا مستقبل ہے۔
اس موقع پر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف لوکل سیلف گورننس کے صدر رنجیت چوان، ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر جیاراج پاٹھک، نائب صدر راجکشور مودی، تنظیم کی گورننگ باڈی کے ارکان وجے سانے، گووند سوروپ، روی گرو، اتکرشا کوالی، اسنیہا پالانیتکر موجود تھے۔
وزیر موصوف نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آج گریجویٹ ہونے والے طلباء اپنے اپنے شعبوں میں حاصل کردہ علم کا استعمال کرکے ملک اور معاشرے کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور تعلیم کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ پوری دنیا میں ٹیکنالوجی مسلسل بدل رہی ہے۔
جناب گڈکری نے کہا کہ مقامی بلدیاتی اداروں کے پروجیکٹوں کو معیار کے لحاظ سے بہتر بنانے کے لئے، اب وقت آگیا ہے کہ ہم عالمی معیار کے پروجیکٹ مینجمنٹ کنسلٹنسی اداروں کو شامل کریں اور اس کے لئے تکنیکی پیمانے کو مالی اہلیت سے زیادہ اہمیت دی جانی چاہیئے۔ انہوں نے رائے ظاہر کی کہ جب تک ایسا نہیں ہوتا بلدیاتی اداروں کی انتظامیہ میں بہتری نہیں آئے گی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مالی آڈٹ کے ساتھ کار کردگی کا آڈٹ بھی کرنا ضروری ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مقامی بلدیاتی اداروں بالخصوص میونسپل کارپوریشنوں کو مالیاتی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔ ٹیکنالوجی کو سڑکوں کی تعمیر، کچرے کے انتظام، پانی کی صفائی اور 24 گھنٹے پانی کی فراہمی جیسی خدمات کو بہترین طریقے سے فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف پیسے کی بچت ہوگی بلکہ آمدنی بھی ہوگی۔ انہوں کہا کہ مثال کے طور پر پبلک ٹرانسپورٹ کو پوری طرح الیکٹرک بنانے سے کافی رقم بچائی جا سکے گی ۔
جناب گڈکری نے کہا کہ مقامی بلدیاتی اداروں کو منصوبوں کے لئے صرف حکومتی گرانٹ پر انحصار نہیں کرنا چاہیئے بلکہ سرکاری - پرائیویٹ سیکٹر ساجھیداری کے ذریعے کام کرنے کا متبادل بھی اپنانا چاہیئے۔ ہر شعبے میں اس کے لئے بہت سے موقع ہیں ۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ ٹھوس اور رقیق کچرے کے بندوبست میں سرکاری - نجی شعبے کی شراکت داری سے 5 لاکھ کروڑ روپئے کی معیشت تشکیل دی جا سکتی ہے ۔ اس تناظر میں جناب گڈکری نے متھرا اور ناگپور میونسپل کارپوریشن میں سیوریج مینجمنٹ کے لئے لاگو کئے گئے پروجیکٹوں کی مثالیں پیش کیں۔
وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ فصلوں کی باقیات سے بایو ایتھنول بنانے سے نہ صرف ایندھن پیدا ہوگا بلکہ فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی آلودگی کو بھی کم کیا جا سکے گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا )
U. No. 9589
(Release ID: 1854892)
Visitor Counter : 139