کیمیکلز اور فرٹیلائزر کی وزارت

ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے ’ کام کے مقام پر کیمیکلز کے محفوظ استعمال ‘ کے موضوع پر سیمینار کی صدارت کی  ، بین الاقوامی کیمیکل سیفٹی کارڈ (آئی سی ایس سیز) پر آئی ایل او کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے


صنعت اور ورکروں کا تحفظ بھارت کی اعلیٰ ترین ترجیح رہی ہے ؛ بین الاقوامی معیارات ، مضبوط طریقۂ کار ، تربیتی اجلاس اور ٹیکنا لوجی کو  اپنا کر یقینی بنایا  جا سکتا ہے: ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ

’’صنعتوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ٹرینرز کا ایک کیڈر بنانے کے لئے حکومت آئی ایل او کے ساتھ اشتراک کر رہی ہے ‘‘

تربیتی اجلاس اور حفاظتی مشقیں نہ صرف کارکنوں کی حفاظت کے لئے اہم ہیں بلکہ ہمارے ماحول کے لئے بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں: شری بھگونت کھوبا

Posted On: 27 JUL 2022 2:15PM by PIB Delhi

کیمیکل اور فرٹیلائزر اور صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے آج نئی دلّی میں منعقدہ ’’ کام کے مقام پر کیمیکلز کے محفوظ استعمال ‘‘ کے موضوع پر ایک سیمینار کی صدارت کی۔ کیمیکل اور فرٹیلائزر اور نئی اور قابل تجدید توانائی کے وزیر مملکت جناب بھگونت کھوبا نے ، اس پروگرام  میں شرکت کی ۔ سیمینار کا انعقاد کیمیکلز اینڈ پیٹرو کیمیکلز (ڈی سی پی سی ) اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن ( آئی ایل او )  نے کیا تھا۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر مانڈویہ کی موجودگی میں بین الاقوامی کیمیکل سیفٹی کارڈ (آئی سی ایس سی ) کو اپنانے کے لئے ڈی سی پی سی اور آئی ایل او کے درمیان ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0023NII.jpg

ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ ورکروں کی حفاظت اور انسانیت پر مبنی سلوک بھارت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ ہم نے اپنے شہریوں کی ترقی اور بہبود کو یقینی بنانے کے لئے دنیا کے بہترین طریقوں کوکھلے دل سے قبول کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’کیمیکل انڈسٹری بڑھتی ہوئی بھارتی معیشت کا ایک اہم اور اٹوٹ حصہ ہے۔ یہ ہماری بنیادی اور ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے اور ہماری روزمرہ کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ ‘‘

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image003W3LB.jpg

انہوں نے مزید کہا کہ عام طور پر کیمیکلز سے متعلق تباہ کن حادثات مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا کہ یہ عالمی حفاظتی معیارات اور طریقوں کی تعمیل پر زور دیتا ہے۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ ’’یہ ضروری ہے کہ آئی ایل او کے تیار کردہ بین الاقوامی معیاروں کو بھارت  کے ذریعے اپنایا جائے کیونکہ اس سے نہ صرف صنعتی حادثات میں کمی آئے گی بلکہ عالمی بہترین طریقوں کے ساتھ آگے بڑھنے کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ ‘‘ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نہ صرف یہ کہ آئی سی ایس سی بلکہ حفاظتی اصولوں سے بھی کارکنوں کو مناسب طور پر آگاہ کیا جائے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ’’ بہتر ٹیکنالوجی کی تنصیب ، محفوظ ترین اور موثر عمل کو لاگو کرکے، اسٹوریج اور پروسیسنگ کے لئے بین الاقوامی معیارات کی تعمیل  کے ذریعے صنعت کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ اس کو تربیتی اجلاسوں کے ذریعے کارکنوں میں بیداری اور صلاحیت کی تعمیر کے ذریعے یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر مانڈویہ نے حکومت کے عہدیداروں ، ماہرین اور صنعتی لیڈروں سمیت مختلف فریقوں  پر زور دیا کہ وہ  اس معاملے پر غور و خوض کریں ۔  انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فریقین کی مشاورت سے اختراعی نظریات سامنے آئیں گے، جنہیں مستقبل کے قوانین اور اقدامات کی بنیاد کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی، کیمیکل اور فرٹیلائزر اور نئی اور قابل تجدید توانائی کے وزیر مملکت جناب بھگونت کھوبا نے کہا کہ کیمیکل سیکٹر میں بھارت کی حیثیت عالمی سطح پر بڑھی ہے اور اس طرح یہ ضرورت بن گئی ہے کہ ہم اس شعبے کو نہ صرف  پیداواری بنیادوں پر ترقی دیں بلکہ حفاظتی پہلوؤں پر بھی توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی کارکنوں کو نچلی سطح سے لے کر انتظامی سطح تک کام کی جگہ پر ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا جانا چاہیئے اور انہیں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار کیا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی سیشن اور حفاظتی مشقیں نہ صرف کارکنوں کی حفاظت کے لئے اہم ہیں بلکہ ہمارے ماحول کے لئے بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے  تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس ضرورت پر زور دیا کہ تمام فریقین کو سیکھنا چاہیئے اور مل کر آگے بڑھنا چاہیئے کیونکہ اس طرح ہی صنعتی عمل کو کسی نقصان اور کوئی زندگی ضائع کئے بغیر یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈی سی پی سی اور آئی ایل او کے درمیان  مفاہمت نامے سے ملک میں سکیورٹی کے ضوابط کو نافذ کرنے کی ہماری کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔

انٹرنیشنل کیمیکل سیفٹی کارڈ  ( آئی سی ایس سی ) کے بارے میں

انٹرنیشنل کیمیکل سیفٹی کارڈز (آئی سی ایس سی ) ڈیٹا شیٹس ہیں ، جن کا مقصد کیمیکلز کے بارے میں ضروری حفاظت اور صحت کی معلومات کا خلاصہ فراہم کرنا ہے۔ اس کارڈ کا بنیادی مقصد کام کی جگہ پر کیمیکلز کے محفوظ استعمال کو فروغ دینا ہے۔ اہم صارف  میں ورکر اور پیشہ ورانہ تحفظ اور صحت کے  لئے ذمہ دار  افراد شامل ہیں۔

انٹرنیشنل کیمیکل سیفٹی کارڈ ( آئی سی ایس سی )  کا استعمال محکمے کے ذریعے کام کی جگہ پر کیمیکلز کے بارے میں خطرے سے متعلق مناسب معلومات کو قابل فہم اور آسان طریقے سے پھیلانے کے لئے کیا جائے گا۔ اس وقت 1784 کیمیائی تحفظ کارڈ دستیاب ہیں۔ آئی سی ایس اے سی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ( ڈبلیو ایچ او )  اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن ( آئی ایل او )  نے یوروپی کمیشن کے تعاون سے تیار کیا ہے اور تازہ ترین سائنسی پیشرفت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ یہ کارڈز کام کی جگہ پر کیمیکلز کے محفوظ استعمال کو فروغ دینے کے لئے صنعتی انجمنوں کو کیمیکلز سے متعلق خطرے کی مناسب معلومات فراہم کرنے میں مددگار ہیں۔

میٹنگ میں محترمہ آرتی آہوجا، سکریٹری، محکمہ کیمیکل اور پیٹرو کیمیکل، جناب سوشانت کمار پروہت، جوائنٹ سکریٹری، محترمہ ڈگمار والٹر، ڈائریکٹر، آئی ایل او، جناب پربھ داس، چیئرمین، فکّی پیٹرو کیمیکل کمیٹی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا   )

U. No. 8232

 



(Release ID: 1845618) Visitor Counter : 131