نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر جمہوریہ نے اتحاد، امن اور سماجی ہم آہنگی کی ہندوستانی تہذیبی اقدار کو فروغ دینے کے لیے ’روحانی نشاۃ ثانیہ‘ کا مطالبہ کیا


روحانیت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے؛ یہ ہمارے ملک کی روح ہے - نائب صدر

بھگود گیتا انسانی وجود کے تمام مسائل کا بصیرت انگیز حل فراہم کرتی ہے – جناب نائیڈو

نائب صدر نے اسکان کے بانی کی سوانح حیات – ’گیت، رقص اور دعا – سریلا پربھوپدا کی حوصلہ افزا کہانی‘ کا اجرا کیا

نائب صدر جمہوریہ نے سریلا پربھوپدا کو ہندوستان کے ثقافتی ورثے اور روحانیت کے عظیم ترین سفیروں میں سے ایک قرار دیا

اسکولوں میں لازمی کمیونٹی سروس طلبا میں خدمت اور ’اشتراک اور دیکھ بھال‘ کا جذبہ پیدا کرنے میں مدد کرتی ہے: جناب نائیڈو

Posted On: 24 JUL 2022 1:31PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ ہندوستانی تہذیب اتحاد، امن اور سماجی ہم آہنگی کی آفاقی اقدار کے لیے جانی جاتی ہے، اور ان قدیم اقدار کو برقرار رکھنے اور ان کی ترویج کے لیے انھوں نے ’روحانی نشاۃ ثانیہ‘ پر زور دیا۔

آج نائب صدر کی رہائش گاہ پر کتاب ”گیت، رقص اور دعا - سریلا پربھوپدا کی متاثر کن کہانی“ کے اجرا کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ سوامی پربھوپدا جیسے عظیم سنتوں اور روحانی استادوں سے تحریک لیں اور ان کی خصوصیات کو اپنائیں اور بہتر انسان بننے کے لیے نظم و ضبط، محنت، صبر اور ہمدردی سے کام لیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آپ کو ہمیشہ ذات پات، جنس، مذہب اور علاقے کے تنگ نظریوں سے اوپر اٹھ کر معاشرے میں اتحاد، ہم آہنگی اور امن کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر ہندول سین گپتا کی تصنیف کردہ کتاب اسکان (ISKCON) کے بانی سریلا پربھوپدا کی سوانح حیات ہے۔

بھگود گیتا کے پیغام کو پوری دنیا میں مقبول بنانے کا سہرا سریلا پربھوپدا کو دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے انھیں جدید دور میں ہندوستان کے ثقافتی ورثے کے عظیم ترین سفیروں میں سے ایک قرار دیا۔ روحانیت کو ہماری سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ روحانیت قدیم زمانے سے ہمارے ملک کی کی روح اور ہماری تہذیب کی بنیاد رہی ہے۔ ہمارے قدیم صحیفوں کی ماورائی روحانی قدر کی تعریف کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ ہزاروں سالوں سے، وہ لوگوں کو اخلاقیات اور اقدار پر مبنی ایک مثالی زندگی گزارنے کی ہدایت کرتی رہی ہیں۔ انھوں نے کہا، ”ہمارا صحیفہ بھگود گیتا انسانی وجود کے تمام مسائل کا بصیرت انگیز حل فراہم کرتا ہے۔“

ہندوستان کو عقیدت کی سرزمین قرار دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ بھکتی ہندوستانیوں کی رگوں میں دوڑتی ہے اور ہندوستان کے اجتماعی تہذیبی شعور کی خط حیات ہے۔ جناب نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان میں بہت سے رشیوں، منیوں اور آچاریوں نے غیر فرقہ وارانہ، آفاقی عبادت کے طریقہ کار کے ذریعے عوام کی حوصلہ افزائی کی ہے، اور انھوں نے ”واسودھیو کٹمبکم“ کے پیغام کی تبلیغ کے لیے سریلا پربھوپدا کی تعریف کی۔

سریلا پربھوپدا کو مساوات پر مبنی سوچ کا مشعل راہ بتاتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ انھوں نے ان لوگوں کو گلے لگایا جنھیں سماج نے مسترد کیا اور ان کی زندگیوں میں خوشی لانے۔ ویدک علم اور ثقافت کے فروغ کے ذریعے آفاقی امن اور ہم آہنگی کے تئیں سریلا پربھوپدا کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا، ”وہ واحد معیار جس پر انھوں نے زور دیا وہ تھا بھکتی، یا خدا کی محبت“۔ نائب صدر جمہوریہ نے اپنے گرو کے مشن کو آگے بڑھانے میں اسکان، بنگلور کے صدر سری مادھو پنڈت داس کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

سوامی پربھوپدا کی اس خواہش کو یاد کرتے ہوئے کہ کرشنا مندر کے دس میل کے دائرے میں کوئی بھی شخص بھوکا نہ سوئے، نائب صدر نے اسکان کی خدمت کے شاندار جذبے کی تعریف کی۔ خدمت کے اس جذبے اور ’اشتراک اور دیکھ بھال‘ کو ہندوستانی اقدار کا بنیادی نظام بتاتے ہوئے، جناب نائیڈو نے خواہش ظاہر کی کہ نوجوان ان اقدار کو ابھاریں اور اس مقصد کے لیے، اسکولوں اور کالجوں میں کمیونٹی سروس کو لازمی بنانے کا مشورہ دیا۔ نائب صدر جمہوریہ نے ISKCON کی زیر قیادت اکشے پاترا فاؤنڈیشن کی بھی تعریف کی - جو کسی NGO کے زیر انتظام دنیا کا سب سے بڑا اسکول لنچ پروگرام ہے۔

کتاب کی اشاعت کے لیے مصنف ڈاکٹر ہندول سین گپتا اور اسکان بنگلور کو مبارکباد دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے اسے سریلا پربھوپدا کو ان کی 125 ویں یوم پیدائش پر ایک مناسب خراج عقیدت قرار دیا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ سوانح حیات اپنے قارئین کو اس اصول کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں لاگو کرنے کی ترغیب دے گی۔ انھوں نے مصنف اور ناشر کی اس بات کے لیے حوصلہ افزائی کی کہ وہ کتاب کا مختلف ہندوستانی زبانوں میں ترجمہ کرائیں۔

اسکان بنگلور کے صدر اور اکشے پاترا کے چیئرمین سری مادھو پنڈت داسا، وائس چیئرمین سری چنچلاپتی داسا، کتاب کے مصنف اور مؤرخ، ڈاکٹر ہندول سین گپتا، اسکان کے عقیدت مند اور دیگر معززین کتاب کی رونمائی تقریب میں موجود تھے۔

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع-م ف

U: 8052



(Release ID: 1844422) Visitor Counter : 157