وزارت آیوش

وزیراعظم نے میسورو پیلس میں منعقد یوگ کے عوامی مظاہرے کی قیادت کی


یوگ کا آٹھواں  بین الاقوامی دن 2022، پورے بھارت اور بیرون ملک جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا

یوگ، محض کسی ایک شخص کے لئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے ہے: وزیراعظم

یوگ نے دنیا کو یکجا کیا ہے، عالمی اقدار کے خدو خال کو از سر نو وضع کیا ہے اور اس سے حفظان صحت سے متعلق مختلف النوع نظام آپس میں قریب آرہے ہیں: جناب سربانند سونووال

Posted On: 21 JUN 2022 11:50AM by PIB Delhi

آیوش کی وزارت اور کرناٹک سرکار نے یوگ کے آٹھویں بین الاقوامی  دن  (آئی ڈی وائی)  2022 کے موقع پر میسورو میں میسورو پیلس میں خاص تقریب کا انعقاد کیا۔ وزیراعظم جناب نریندر مودی نے   15000 سے زیادہ شرکاء کے ساتھ میسورو پیلس میں یوگ کے عوامی  مظاہرے کی قیادت کی۔ ان شرکاء میں  200  سے زیادہ  معذوری سے متاثرہ بچے ، 100  یتیم بچے، 15  مخنث افراد، ایچ آئی  وی پوزیٹو افراد اور آشا کارکنان  بھی  شامل  تھے۔

کرناٹک کے گورنر جناب تھاور چند گہلوت، کرناٹک کے وزیراعلیٰ جناب بسوراج ایس بومئی، آیوش، جہاز رانی اور آبی گزر گاہوں  کے مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال، آیوش کی وزارت کے عہدیدار اور کرناٹک سرکار کے اعلیٰ افسران اور دیگر ممتاز  اہم شخصیات نے بھی  یوگ کے اس عوامی مظاہرے میں حصہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعظم جناب نریندر مودی نے اس بات پر زور دیا کہ اس سال یوگ کے موضوع سے، کووڈ – 19 عالمی وبا کے دوران لوگوں کی مشکلات اور پریشانیوں میں کمی کرنے کی غرض سے یوگ کی خدمات  کی مناسب طور پر عکاسی ہوتی ہے۔ آج یوگ، عالمی اشتراک کے لئے ایک بنیاد بن رہا ہے اور بنی نوع  انسان کو ایک  صحت مند زندگی میں اعتماد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ یوگ، کنبوں اور گھرانوں سے باہر نکل آیا ہے اور پوری دنیا میں پھیل گیا ہے اور یہ  روحانیت، قدرتی اور مشترکہ انسانی ضمیر کے ایک حقیقت کا روپ اختیار کرنے کی ایک تصویر  ہے،  اور   خاص طور پر غیر معمولی عالمی وبا کے آخری دو سالوں میں  یہ پیش رفت ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ، یوگ کے ساتھ وابستہ لا محدود امکانات کو بروئے کار لانے کا وقت ہے۔ آج  ہمارے نوجوان، یوگ کے شعبے میں نئے نئے خیالات  اور نظریات کے ساتھ بڑی تعداد میں آگے آرہے ہیں۔ آیوش  کی وزارت کے اسٹارٹ اپ یوگ چیلنج کی بدولت  نئے نظریات  اور خیالات  اور اختراعات  آپس میں یکجا ہو رہے ہیں، جس سے اس نسل کو ترغیب حاصل ہو رہی ہے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، آیوش ، بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزر گاہوں کے مرکزی وزیر  جناب سربا نند سونووال نے کہا کہ یہ وزیراعظم کا ویژن ہے، جس میں افراد، برادریوں، قوموں اور پوری دنیا کی صحت اور خیر و عافیت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، عالمی امن اور یکجہتی پیدا کرنے کی  بات کہی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگ کی بدولت ، دنیا آپس میں قریب آئی ہے، عالمی اقدار کے خدو خال از سر نو وضع ہوئے ہیں اور  حفظان صحت سے متعلق  مختلف النوع نظام، ایک دوسرے کے قریب  آئے ہیں۔

وزیر موصوف نے مزید کہا کہ آیوش کی وزارت نے صحت اور  تنوع کو منانے کی خاطر سماج  کے مختلف طبقات کو شامل کرنے کی غرض سے منفرد پروگرام تیار کئے ہیں۔ جناب سونووال نے مزید کہا کہ وزارت نے یوگ کے توسط سے عام لوگوں کی صحت اور  خیر و عافیت میں پیش رفت کو یقینی بنانے کے مقصد سے، مختلف پہل قدمیاں کی ہیں۔

اس سال، یوگ  کے بین الاقوامی دن 2022 کے موقع پر ‘‘دی گارجین رنگ’’ پروگرام جیسی کئی  نئی پہل قدمیاں کی گئی ہیں۔ یہ پہل قدمیاں،  بیرون ملک بھارت کے مشنوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی تنظیموں اور  79  ملکوں کے ما بین تال میل پر  مبنی  ایک مشق ہے، تاکہ یوگ کی  متحد کرنے کی طاقت کا قومی سرحدوں کے باہر بھی مظاہرہ کیا جاسکے۔ آزادی کا امرت مہوتسو کو یوگ کے آٹھویں بین الاقوامی  دن کی تقریبات کے ساتھ مربوط کرتے ہوئے ، 75  مرکزی  وزیروں کی قیادت کے تحت، ملک بھر کے 75  یادگاری مقامات پر  یوگ  کے عوامی  مظاہروں کا اہتمام کیا گیا تھا۔

وزیراعظم نے  ‘‘ڈیجیٹل یوگ نمائش’’   کا بھی افتتاح کیا۔ اس نمائش  میں یوگ کی تاریخ اور حکمت ودانش کو پیش کرنے کی غرض سے ورچوئل ریئلٹی جیسی  جدید ترین ٹیکنا لوجی کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم آیوش نمائش بھی دیکھنے گئے، جو  146  اسٹالس پر مشتمل ہے اور اس میں کرناٹک سرکار اور حکومت ہند کی سرپرستی  کے تحت  آیوش  ادارے اور یوگ  سے متعلق   تنظیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۰۰۰۰۰۰۰۰

(ش ح-  ع م- ق ر)

U-6715



(Release ID: 1835820) Visitor Counter : 98