وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

وزیر دفاع نے نوجوانوں کو اس بات کی تلقین کی کہ وہ آتم نربھر بھارت کو حاصل کرنے کے لئے نئی ٹیکنالوجیز کا خاکہ تیار کریں، اختراع کو کام میں لائیں اور انھیں ملک کے اندر روبہ عمل لانے کی جانب کوشش کریں


ہندوستان کو اپنی ضروریات کے لئے دوسرےملکوں پر انحصار نہیں کرنا چاہئے۔ حکومت اندرون ملک دفاعی  سازوسامان کی خریداری پر توجہ مرکوز کررہی ہے:جناب راج ناتھ سنگھ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 MAY 2022 4:02PM by PIB Delhi

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے ملک کے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ آتم نربھربھارت کے تصور کو عمل میں لانے کے لئے ملک کے اندر نئی ٹیکنالوجیز کو فروغ دیں، جیسا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ویژن پیش کیا ہے۔ وزیر دفاع 20 مئی 2022 کو پُنے میں ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل ودیالیہ کے طلبہ سے ان کے تیرہویں جلسۂ تقسیم اسناد کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔ یہ یونیورسٹی مختلف شعبوں میں مثلاً میڈیسن، دندان سازی، نرسنگ ، فزیوتھرپی ، آنکھوں کے علاج، آیوروید ، ہومیوپیتھی، بایوٹیکنالوجی اور بزنس منیجمنٹ میں ٹریننگ دیتی ہے۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے نوجوانوں کو ملک کی ایک بڑی طاقت اور تبدیلی کا وسیلہ قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے اور اسے موقع میں بدلنے کی صلاحیت ہے۔ یہ لوگ نئی ٹیکنالوجیز کی کھوج اور نئی کمپنیوں اور تحقیقی اداروں کے قیام کے اہل ہیں۔

وزیر دفاع نے آتم نربھر بھارت کے تصور کو روبہ عمل لانے کے لئے دفاعی سازوسامان  کی اندرون ملک خریداری کے حکومت کے عزم کو دوہرایا۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کو اپنی ضرورتوں کے لئے دوسرے ملکوں پر انحصارنہیں کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو نوجوانوں پر بھروسہ ہے اور حکومت نوجوانوں کو بے پناہ مواقع دینے کی کوشش کررہی ہے۔ ’’ووکل فار لوکل‘‘ کی وزیر اعظم کی اپیل کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس سے نوجوانوں کے لے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے ملک میں ایک متحرک اسٹارٹ اپس ایکو سسٹم پیدا کیا گیا ہے۔ جس میں بایو ٹیکنالوجی بزنس ایڈمنسٹریشن اور صحت سے متعلق پیشہ ور افراد کو اپنے انوکھے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے گا۔ انھوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ انڈیا اسکیم نوجوان اذہان کے لئے بہت مؤثر ثابت ہورہی ہے۔ ہم نے اسٹارٹ اپس کے لئے وینچر فنڈنگ سسٹم شروع کیا ہے جو ان کے ابتدائی مرحلے میں بڑی مدد ہے۔ ملک میں اس طرح کے بزنس یونیکورن سوسے زیادہ ہیں۔ یہ اسٹارٹ اپ پر مبنی اختراعی ایکو سسٹم کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے نوجوانوں کو ان کے انوکھے اور اختراعی خیالات کو روبہ عمل لانے میں حکومت کی جانب سے مکمل مدد کا یقین دلایا ۔ انھوں نے میڈیکل اور بایو ٹیکنالوجی طلبہ سے کہا کہ وہ اپنے خیالات سے اپنے ساتھی بزنس طلبہ کو آگاہ کرائیں جو ان خیالات کی بنیاد پر کاروبار قائم کرنے میں ان کے کام آسکتے ہیں۔ اس سے مستقبل میں ایک مضبوط پارٹنر شپ قائم ہوسکے گی جو ملک کے لئے سود مند ہوگی۔

وزیر دفاع نے خیال ظاہر کیا کہ غریبی اور بھوک کا خاتمہ کرنے کے لئے اچھی تعلیم ایک مؤثر وسیلہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ طلبا کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی تعلیم کا اچھا استعمال کریں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لائیں۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے طلبا پر زور دیا کہ وہ زندگی کے مادّی اور روحانی پہلوؤں کے درمیان توازن رکھیں۔ وزیر دفاع نے طلبا سے کہا کہ وہ مثبت توانائی پھیلائیں اور معاشرے کی اجتماعی بہتری کے لئے سوچیں۔ انھوں نے ان اقدار کی  اپنے اندر نمو کرنے کو کہا جو دوسروں کے لئے ضرر رساں نہ ہوں اور پرامن بقائے باہم کی راہ دکھائیں ۔

****

 

 

U.No:5582

ش ح۔رف۔س ا


(ریلیز آئی ڈی: 1827019) وزیٹر کاؤنٹر : 173