وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے نئی دہلی میں ترنگا پہاڑی ریسکیو ٹیم کے ساتھ بات چیت کی


برفانی تودے سے بچاؤ اور تربیت کے ذریعے دشوار گزار علاقوں میں تعینات آرمی اہلکاروں کی جانیں بچانے پر ان کی تعریف کی

Posted On: 26 APR 2022 12:48PM by PIB Delhi

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 26 اپریل 2022 کو نئی دہلی میں ترنگا ماؤنٹین ریسکیو(ٹی ایم آر) کی ایک ٹیم کے ساتھ بات چیت کی۔ ٹی ایم آر ، جس کی بنیاد جناب ہیمنت سچدیو نے رکھی تھی، 2016 سے ہندوستانی فوج سے وابستہ ایک غیر منفعتی تنظیم ہے۔ یہ تنظیم برفانی تودے سے بچاؤ کے مستند  اور زبردست   حوصلہ مند ماہرین پر مشتمل متعدد ٹیمیں  فراہم کرتی ہے، جنہیں سردیوں کے موسم میں برف سے ڈھکے ہوئے اور  دشوار گزار علاقوں میں تعینات کیا جاتا  ہیں۔  ان ٹیموں نے برفانی تودے سے بچاؤ اور کوہ پیمائی میں ہندوستانی فوج کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/PIC4QXNS.JPG

تقریب کے دوران جناب راج ناتھ سنگھ کو ٹی ایم آر کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیر دفاع نے مسلح افواج کے اہلکاروں کی جانیں برفانی تودہ گرنے جیسے خطرات سے بچانے کے علاوہ بیداری پیدا کرنے اور انہیں تربیت دینے کے لیے ٹی ایم آر کی ستائش کی۔ انہوں نے ٹی ایم آر کو ان فوجیوں کے لیے طاقت کا ذریعہ قرار دیا جو  مخدوش  ترین  علاقوں میں تعینات ہیں اور برفانی تودے جیسے مختلف خطرات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے اس حقیقت کا بھی اعتراف کیا کہ  جہاں  ٹی ایم آر تعینات ہے وہاں فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ وزیر دفاع نے زور دے کر کہا  کہ  ٹی ایم آر کے کندھوں پر ایک بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ آنے والے وقتوں میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے برفانی تودے کے گرنے کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/PIC7T8BX.JPG

وزیر دفاع نے ٹی ایم آر کے ذریعہ کئے جارہے کام کو حکومت اور سول سوسائٹی کے درمیان شراکت داری کی ایک روشن مثال قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک قوم ترقی کی راہ پر تبھی آگے بڑھتی ہے جب حکومت اور سول سوسائٹی مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور سول سوسائٹی وہ پہیے ہیں جن پر چل کر ملک ہمہ جہت پائیدار ترقی کا ہدف حاصل کر سکتا ہے۔

اس موقع پر وائس چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے، ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام موجود تھے۔

****************

(ش ح ۔ س ب۔رض )

U NO: 4692


(Release ID: 1820106) Visitor Counter : 162