نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
دویانگ جنوں کو ہماری ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے، وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے تمام تر مواقع پانے کے حقدار ہیں:نائب صدر
نائب صدر نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں بہ اندازِ دیگر باصلاحیت لوگوں کو الگ تھلگ نہ کیا جائے، نائب صدر نے قابل رسائی ٹیکنالوجی تیار کرنے کے لئے کوششوں پر زور دیا
جناب نائیڈو نے عوامی مقامات کو معذور لوگوں کی رسائی کے قابل بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا
جناب نائیڈو نے حیدر آباد میں ذہنی معذوری والے افراد کو بااختیار بنانے کے قومی ادارے (این آئی ای پی آئی ڈی) کا دورہ کیا
Posted On:
17 APR 2022 6:13PM by PIB Delhi
نائب صدرجناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا ہے کہ دویانگ برادری یا بہ انداز دیگر با صلاحیت لوگوں کے تئیں عوام کی سوچ میں تبدیلی لانا ضروری ہے اور زور دے کر کہا کہ ایسے لوگوں کے خلاف امتیازی سلوک کو روکنے کے لئے حکومت اور معاشرے کی بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کے لئے ایسا ماحول تیار کیا جانا چاہئے، جس میں وہ پھلیں پھولیں اور اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کر سکیں۔ نائب صدر نے کہا کہ انہیں ہماری ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے۔ انہیں اپنے تمام تر امکانات کو بروئے کار لانے کے لئے پورے مواقع ملنے چاہئیں، جس کے یہ حقدار ہیں۔
نائب صدر حیدرآباد میں ذہنی معذوری والے افراد کو بااختیار بنانے کے قومی ادارے (این آئی ای پی آئی ڈی) میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ نائب صدر ادارے کے دورے پر تھے۔ جناب نائیڈو نےذہنی معذوری سے دوچار افراد اور ان کے کنبوں کو بااختیار بنانے کے لئے این آئی ای پی آئی ڈی کی کوششوں کو سراہا۔
اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ معذور افراد کے لئے رسائی ایک اہم معاملہ ہے۔ جناب نائیڈو نے’’ قابل رسائی ہندوستان‘‘ مہم کے مثبت اثرات پر بات کی اور اس سلسلے میں ماحولیات، ٹرانسپورٹ، اطلاعات اور مواصلات کے نظام میں مزید اقدامات کرنے کو کہا۔
عوامی مقامات، ٹرانسپورٹ اور پرائیویٹ بلڈنگوں کو زیادہ قابل رسائی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے اسکولوں میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو بہ انداز دیگر باصلاحیت بچوں کی ضروریات کا دھیان رکھنے کو کہا۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ٹیکنالوجی میں معذور افراد کو الگ تھلگ نہ رکھا جائے، انہوں نے قومی اداروں اور یونیورسٹیوں سے کہا کہ وہ رسائی کی اسمارٹ ٹیکنالوجی کے لئے کام کریں۔
جناب نائیڈو نے دویانگ جن افراد کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لئے بہت کم عمر سے ہی ان کی ہنرمندی کو پہچان کر اسے پروان چڑھانے کو کہا۔ ہندوستان کی اہم ترین اقدار ’’سرویجنا سکھینو بھونتو‘‘ اور ’’ وسودھیو کٹم بکم‘‘ کو یاد دلاتے ہوئےجناب نائیڈو نے ہر کسی بھی، بشمول حکومت، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور خاندانوں سے کہا کہ وہ معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لئے اقدامات کریں اور اپنا فرض یا دھرم نبھائیں۔
نائب صدر نے معذوری کے خطروں سے دو چار بچوں کی ابتدائی مرحلے میں شناخت کی اہمیت کی بات کی اور ہر ریاست میں اس طرح کے مراکز قائم کرنے کو کہا، جہاں معذوری کی ابتدائی مرحلے پر شناخت اور متعلقہ اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے این آئی ای پی آئی ڈی کو صلاح دی کہ وہ بچوں میں معذوری کے خطروں کا پتہ لگانے کے لئے مخصوص مراکز سے اشتراک کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں والدین کی بھی کاؤنسلنگ ہونی چاہئے۔
اس موقع پر جناب نائیڈو نے معذور بچوں کے والدین کی تعریف کی، جنہوں نے ان بچوں کا حوصلہ بڑھایا اور جذباتی طور پر ان کا ساتھ دیا۔ نائب صدر نے کہا کہ ان خصوصی بچوں کو پروان چڑھانےاور ان کی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے آپ لوگوں کی کوششوں کو سلام کرتا ہوں۔ آپ لوگ امید اور غیر مشروط محبت کی علامت ہیں۔
جناب نائیڈو نے این آئی ای پی آئی ڈی کے عملے اور انتظامیہ کو سراہا اور کہا کہ بازآبادکاری کے میدان میں کام کرنے والوں کو مشن کے انداز میں اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں۔ انہوں نے چند مستفیدین میں متعلقہ آلات بھی تقسیم کئے۔
اس پروگرام سے پہلے نائب صدر کراس ڈسبلٹی اَرلی انٹر وینشن سنٹر اور این آئی ای پی آئی ڈی کے اسپیشل ایجوکیشن سنٹر گئے اور معذوری کے میدان میں کام کرنے والی مختلف تنظیموں کے اسٹال دیکھے۔
جناب راجیو شرما، معذور افراد کو بااختیار بنانے کے محکمے میں جوائنٹ سکریٹری جناب بی وی رام کمار، ڈائرکٹر این آئی ای پی آئی ڈی، ادارے کے اساتذہ، طلبہ اور والدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
***
ش ح۔ ع س۔ ک ا
U NO.4362
(Release ID: 1817618)
Visitor Counter : 128