وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیراعظم مودی نے دیو گھر بچاؤ کارروائی میں شامل اہلکاروں سے بات کی


عوام کو وردی پر بے حد بھروسہ ہے، جب بھی مصیبت زدہ لوگ آپ کو دیکھتے ہیں، انہیں یقین ہو جاتا ہے کہ اب ان کی زندگی محفوظ ہے۔ ان میں ایک نئی امید پیدا ہو جاتی ہے۔

آزمائشوں کا سامنا پختہ ارادے اور تحمل کے ساتھ کیا جائے، توکامیابی یقینی ہوتی ہے

یہ پوری کارروائی ہمدردی، سوجھ بوجھ اور بہادری کی عکاس ہے

سب کا پریاس نے بھی اس کارروائی میں اہم رول ادا کیا

Posted On: 13 APR 2022 9:43PM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے ہندوستانی فضائیہ، ہندوستانی فوج، این ڈی آر ایف، آئی ٹی بی پی، مقامی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے ان اہلکاروں سے بات چیت کی، جنہوں نے دیو گھر میں کیبل کار حادثے میں بچاؤ کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔ مرکزی وزیر جناب امت شاہ، پارلیمنٹ رکن جناب نشی کانت دوبے، سکریٹری ام ایچ اے، فوج کے سربراہ، فضائیہ کے سربراہ، این ڈی آر ایف کے ڈی جی، آئی ٹی بی پی کے ڈی جی اس موقع پر موجود تھے۔

 

مرکزی وزیر داخلہ اور کوآپریشن کے وزیر جناب امت شاہ نے بچاؤ کارروائی میں شامل افراد کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین تال میل والی کارروائی کی نظیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں آفات کے بندوبست کا نظام پہلے کے ریلیف پر مبنی طریقے سے آگے بڑھ کر جانوں کا زیاں روکنے کی کارروائی بن چکا ہے۔ آ ج ہر سطح پر ایک مربوط طریقۂ کار موجود ہے، جس میں فوری کارروائی اور جانوں کو بچانے کا انتظام ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، مسلح افواج، آئی ٹی بی پی پولیس اور مقامی انتظامیہ نے اس کارروائی میں بے مثال تال میل کا مظاہرہ کیا۔

 

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم جناب نریندر مودی نے بچاؤ ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور ہلاک شدگان کے کنبے والوں سے تعزیت کااظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو فخر ہے کہ ہمارے پاس مسلح افواج، فضائیہ، آئی ٹی بی پی، این ڈی آر ایف اور پولیس عملے کی شکل میں با صلاحیت فورس موجود ہے، جو مصیبت کے وقت میں عوام کی حفاظت کرنے کی اہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین دن تک چوبیس گھنٹے کام کر کےآپ نے ایک دشوار بچاؤ کارروائی کو انجام دیا اور کئی ہم وطنوں کی جانیں بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اسے بابا وید ناتھ کا آشیرواد مانتا ہوں۔

 

وزیراعظم نے این ڈی آر ایف کی ساکھ کا اعتراف کیا، جو اس نے اپنی بہادری اور جانفشانی سے بنائی ہے۔ جناب اوم پرکاش گوسوامی انسپکٹر ؍ جی ڈی، این ڈی آر ایف نے بچاؤ کارروائی کی تفصیل وزیراعظم کو بتائی۔ وزیراعظم نے جناب اوم پرکاش سے پوچھا کہ انہوں نے مصیبت کے وقت جذباتی پہلو کو کس طرح قابو میں رکھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ این ڈی آر ایف کی شجاعت کو پورا ملک تسلیم کرتا ہے۔

 

ہندوستانی فضائیہ کے گروپ لیڈر وائی کے کنڈالکرنے بحران کے وقت میں ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم نے تاروں کے اتنے قریب اڑائے جانے والے ہیلی کاپٹروں کے پائلٹوں کی صلاحیت کو سراہا۔  ہندوستانی فضائیہ کے سرجنٹ پنکج کمار رانا نے کیبل کار کے مسافروں کو بچانے میں گرون کمانڈوز کے رول کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم نے ہندوستانی فضائیہ کے عملے کی غیر معمولی جرأت کو سراہا۔

 

دامودر روپ وے، دیو گھر کے جناب  پنا لال جوشی، جنہوں نے متعدد مسافروں کو بچایا۔ انہوں نے اس کارروائی میں عام لوگوں کے رول پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دوسروں کی مدد کرنا ہماری تہذیب کا حصہ ہے اور انہوں نے ان لوگوں کی سوجھ بوجھ اور بہادری کی تعریف کی۔

 

آئی ٹی بی پی کے سب انسپکٹر جناب اننت پانڈے نے اس کارروائی میں آئی ٹی بی پی کے رول کے بارے میں بتایا۔ آئی ٹی بی پی کی ابتدائی کامیابی نے پھنسے ہوئے مسافروں کا حوصلہ بڑھایا۔ وزیراعظم نے پوری ٹیم کے عمل کی ستائش کی اور کہا کہ آزمائشوں کا سامنا پختہ ارادے اور عمل کے ساتھ کیا جائے، تو کامیابی یقینی ہوتی ہے۔

 

جناب منجوناتھ بھجنتری، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ڈپٹی کمشنر، دیوگھر نے مقامی کوآرڈینیشن کی تفصیلات پیش کیں اور بتایا کہ کس طرح ایئر فورس کی آمد تک مسافروں کا حوصلہ برقرار رکھا گیا۔ انہوں نے ایک سے زیادہ ایجنسیوں کے کوآرڈینیشن اور مواصلات کے ذرائع کی تفصیلات بھی فراہم کیں۔ انہوں نے بروقت مدد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے ڈی ایم سے یہ بھی جاننا چاہا  کہ وہ آپریشن کے دوران اپنے سائنس اور ٹیکنالوجی کے پس منظر کو کس طرح بروئے کار لائے۔ وزیراعظم نے واقعے کی مناسب دستاویزات طلب کیں تاکہ آئندہ ایسے حادثات کو ٹالا جا سکے۔

 

بریگیڈیئر اشونی نیر نے آپریشن میں فوج کے کردار پر روشنئ ڈالی۔ انہوں نے نچلی سطح پر کیبل کاروں سے بچاؤ کے بارے میں بات کی۔ وزیراعظم نے ٹیم ورک کی کوآرڈینیشن، رفتار اور منصوبہ بندی کی تعریف کی۔

 

وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے معاملات میں کامیابی کے لئے ردعمل مین صرف ہونے والے وقت کو اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وردی دیکھ کر لوگوں کو اطمینان ہوتا ہے۔ "لوگوں کا یونیفارم پر بہت اعتماد ہے۔ مصیبت میں مبتلا لوگ جب بھی آپ کو دیکھتے ہیں، انہیںیقین ہوتا ہے کہ اب ان کی زندگی محفوظ ہے، ان میں نئی​​امید جاگ اٹھتی ہے"۔

 

وزیراعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آپریشن کے دوران بچوں اور بوڑھوں کی ضروریات کو ہمیشہ پیش نظر رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے ایسے ہر تجربے کے ساتھ فورسز میں مسلسل بہتری کی ستائش کی اور فورسز کے عزم اور تحمّل کی تعریف کی۔

انہوں نے ریسکیو فورسز کو وسائل اور آلات کے حوالے سے اپ ڈیٹ رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا او کہا کہ یہ پورا آپریشن حساسیت، وسائل اور حوصلے کا عکاس ہے۔

 

وزیراعظم نے ضبط اور حوصلے کا مظاہرہ کرنے والے مسافروں کی ہمت کومحسوس کیا۔ انہوں نے مقامی لوگوں کی لگن اور خدمت کے جذبے کو خصوصی طور پر سراہا۔

اور ان مسافروں کو مبارکباد دی جنہیں بچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس بحران نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ جب بھی قوم پر کوئی آفت آتی ہے ہم اس چیلنج کا متحد ہو کر سامنا  کرتے ہیں اور جیت کر نکلتے ہیں۔ 'سب کا پریاس' نے بھی اس آپریشن میں اہم کردار ادا کیا ہے‘‘۔

 

انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے آپریشن میں شامل تمام لوگوں سے آخر میںیہ درخواست کی کہ مستقبل کے استعمال کے لئے تمام تفصیلات کو دستاویز کی شکل دی جائے اور سب کچھ باریکی سے سمجھا جائے۔

ش ح۔ ع س ۔ ک ا


(Release ID: 1816869) Visitor Counter : 143