ریلوے کی وزارت
ریلوے نے عبید اللہ خان ہاکی کپ ٹورنامنٹ جیت لیا
Posted On:
27 MAR 2022 7:46PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 27 مارچ 2022:
بھارتی ریلوے کی مردوں کی ہاکی ٹیم نے بھوپال (مدھیہ پردیش) میں 21.03.2022 سے 27.03.2022 تک منعقدہ عبید اللہ خان ہیریٹیج ہاکی کپ ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔ اتوار کو کھیلے گئے فائنل میچ میں ریلوے اسپورٹس پروموشن بورڈ (آر ایس پی بی) کی ٹیم نے آرمی الیون کو 2 گول سے شکست دی۔
یہ پر وقار ہاکی ٹورنامنٹ بھوپال کے میجر دھیان چند اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس مقابلے کا افتتاح مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی جناب شیوراج سنگھ چوہان نے 21 مارچ کو کیا تھا۔
سال 1931 میں عبید اللہ گولڈ کپ کے طور پر شروع ہونے والا یہ ٹورنامنٹ کئی دہائیوں سے جاری ہے اور اس نے اپنے کھیلوں کے سفر کے دوران بہت سے بین الاقوامی کھلاڑی دیے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ آخری بار سال 2016 میں کھیلا گیا تھا اور چھ سال کے وقفے کے بعد اس سال دوبارہ منعقد کیا گیا تھا۔ آخری بار یہ ٹورنامنٹ 2016 میں بی پی سی ایل نے جیتا تھا اور ریلوے کی ٹیم رنر اپ رہی تھی۔
27 مارچ کو اختتام پذیر ہونے والے اس موقر ٹورنامنٹ میں ایک درجن ٹیموں نے حصہ لیا اور ریلوے ٹیم کے ارجن کو مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔
مین آف دی فائنل میچ، بہترین ڈیفینڈر اور بہترین مڈ فیلڈر بالترتیب جوگندر، جسجیت اور اور نیاز رحیم رہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی ریلوے میں تقریباً 3000 فعال مرد اور خواتین کھلاڑی ہیں۔ ریلوے کے پاس ملک بھر میں کھیلوں کا ایک وسیع بنیادی ڈھانچہ ہے جس میں آر سی ایف، کپورتھلہ میں وقف ہاکی اکیڈمی شامل ہے۔
2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں چوتھے نمبر پر رہنے والی بھارتی خواتین ہاکی ٹیم کی کل 16 کھلاڑیوں میں سے 12 کھلاڑیوں کو ریلوے سے منتخب کیا گیا تھا۔ اولمپکس میں بھارتی مردوں کی ہاکی ٹیم میں بھارتی ریلوے کے دو کھلاڑی بھی تھے۔
درحقیقت سال 2021-22 کے دوران آر ایس پی بی کی مردوں کی ہاکی ٹیم نے قومی سطح کے 05 ٹورنامنٹس میں حصہ لیا ہے اور تمام 05 ٹورنامنٹس کا فائنل میچ کھیلا ہے۔
****
(ش ح - ع ا- ع ر)
U. No. 3312
(Release ID: 1810337)
Visitor Counter : 158