صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

تپ دق کے عالمی دن کے موقع پر صدر جمہوریہ ہند کا پیغام

Posted On: 23 MAR 2022 5:55PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند، جناب رام ناتھ کووند نے  ہر سال 24 مارچ کو منائے جانے والے تپ دق کے عالمی دن سے قبل کی شام کو اپنے پیغام میں کہا:-

’’مجھے یہ جان کر خوشی حاصل ہو رہی ہے کہ  تپ دق (ٹی بی) کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کے لیے 24 مارچ، 2022 کو تپ دق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اسی دن سال 1882 میں، ڈاکٹر رابرٹ کوچ نے اس جراثیم (بیکٹیریا) کا پتہ لگانے کا اعلان کیا تھا، جس کی وجہ سے ٹی بی ہوتا ہے۔ اسی کی وجہ سے اس مہلک مرض کی تشخیص و علاج کی راہ ہموار ہوئی۔

کووڈ-19 وبائی مرض کی شروعات اور کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹس  کے سامنے آنے سے ملک کے طبی نگہداشت کے نظام پر غیر متوقع بوجھ پڑا ہے۔ اس نے طبی نگہداشت کے بنیادی ڈھانچہ کے لیے غیر معمولی چیلنج کھڑا کیا ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں اور ہمارے طبی نگہداشت سے متعلق کارکنوں کے تعاون سے ملک میں جو دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم شروع کی گئی ہے، اس سے وبائی مرض کے خلاف ہماری لڑائی کو مضبوطی حاصل ہوئی ہے۔

مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ  ٹی بی کے خاتمہ کے قومی پروگرام نے  فوری طور پر مؤثر قدم اٹھائے اور بدلے ہوئے ماحول کے درمیان اس بات کو یقینی بنایا کہ ملک بھر کے ٹی بی مریضوں کو وبائی مرض کی وجہ سے متعدد چیلنجز کے باوجود، وقت پر علاج کرانے میں آسانی ہو۔

میں ہندوستان کی 2022 کی ٹی بی رپورٹ کے لیے اپنی طرف سے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر میں ٹی بی کے اُن تمام چمپئن کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس مرض کے خلاف لڑائی لڑی اور دوسروں کو راستہ دکھا رہے ہیں۔ آئیے ہم سب مل کر ہندوستان کو 2025 تک ٹی بی سے پاک بنانے کے لیے کام کریں۔‘‘

صدر جمہوریہ کا پیغام دیکھنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 3096



(Release ID: 1808901) Visitor Counter : 170