پارلیمانی امور کی وزارت

سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ حکومت کی آج میٹنگ ہوئی؛ بی جے پی کے وزراء سمیت 26 پارٹیوں کے 38 لیڈروں نے شرکت کی


تمام قائدین نے اس خیال کا اظہار کیا کہ  ایوان کو تعطل کا شکار نہ ہونے دیا جائے:جناب راجناتھ سنگھ

حکومت کی گزارش ہے کہ اجلاس  بحسن و خوبی  چلے: مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور

جناب  پرہلاد جوشی کا کہنا ہے کہ 68 دنوں کی مدت میں کل 29 نشستیں (پہلے حصے میں 10 اور دوسرے حصے میں 19 نشستیں) ہوں گی

Posted On: 31 JAN 2022 7:57PM by PIB Delhi

پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن آج یہاں تمام جماعتوں کے قائدین کے ساتھ حکومت کی ایک میٹنگ ورچوئل طریقے سے منعقد ہوئی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی نے حکومت کی جانب سے اجلاس  کو بخوبی چلانے کی درخواست کی۔ انہوں نے قائدین کو بتایا کہ اس  اجلاس کے دوران  68 دنوں کی مدت میں کل 29 نشستیں (پہلے حصے میں 10 اور دوسرے حصے میں 19 نشستیں) ہوں گی۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے جناب جوشی نے کہا کہ تمام پارٹیوں کے نمائندوں نے پارلیمنٹ کے کام کاج کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین کو صدر کے خطاب اور مرکزی بجٹ پر ہونے والی بحثوں میں حصہ لینا چاہیے۔  انہوں نے مزید کہا کہ 14 مارچ سے شروع ہونے والے اجلاس کے دوسرے مرحلے میں دیگر مسائل پر بات کی جا سکتی ہے۔ صدر کے خطاب اور مرکزی بجٹ پر بحث لوک سبھا میں 12-12 گھنتے ہوگی ۔ تاہم، انہوں نے کہا، راجیہ سبھا میں بحث کی مدت کا فیصلہ راجیہ سبھا کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔ پیگاسس جاسوسی معاملے پر بحث کرانے کے اپوزیشن کے مطالبے پر، انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ زیر سماعت ہے کیونکہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔

-1.JPG

وزیر موصوف نے بتایا کہ پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس  2022  آج یعنی 31  جنوری 2022 کو شروع ہوا اور سرکاری کام کی ضروریات کے پیش نظر یہ اجلاس 8 اپریل 2022 بروز جمعہ کو ختم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوان 11 فروری 2022 بروز جمعہ کو تعطیل کے لئے  ملتوی کئے جائیں گے تاکہ پیر، 14 مارچ 2022 کو دوبارہ جمع ہو سکیں تاکہ قائمہ کمیٹیوں کو مختلف وزارتوں/ محکموں کے گرانٹس کے مطالبات کا جائزہ لینے اور اس پر اپنی رپورٹیں دینے کے قابل بنایا جا سکے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس  بنیادی طور پر 23-2022 کے مرکزی بجٹ سے متعلق مالیاتی کاروبار اور صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے لئے  وقف ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 23-2022 کا مرکزی بجٹ ، یکم فروری 2022 بروز منگل صبح 11.00 بجے لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ آئندہ بجٹ سیشن میں 20* آئٹمزکی نشاندہی کی گئی ہے جو بجٹ اجلاس  2022 کے دوران اٹھائے جائیں گے، جس میں 14 بل اور 6 مالیاتی آئٹمز شامل ہیں۔

DSC_1593 -2.JPG

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے، شرکت کرنے والی تمام جماعتوں کے لیڈروں کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کو سننے کے بعد، مرکزی وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے میٹنگ میں ہونے والی صحت مند بحث کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر اتفاق رائے ہے کہ ایوان کو تعطل  کا شکار نہ  بننے دیا جائے۔ شرکت کرنے والی جماعتوں کے رہنماؤں کے نکات کا جواب دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ وہ ایسے مسائل کی نشاندہی کر سکتے ہیں،جن پر وہ بات چیت کرنا چاہیں گے۔ کل مرکزی بجٹ پیش کرنے سے پہلے پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کل جماعتی اجلاس طلب کیا تھا۔ اس میٹنگ میں بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی شرکت کی۔ کامرس اور صنعت، صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم اور ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل اور پارلیمانی امور، کوئلہ اور کانوں کے مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی نے میٹنگ میں شرکت کی۔ پارلیمانی امور کے وزرائے مملکت جناب  ارجن رام میگھوال اور جناب وی مرلی دھرن نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔

 

پارٹیاں جو میٹنگ میں موجود تھیں، ان میں بی جے پی کے علاوہ، آئی این سی، اے آئی ٹی سی، ڈی ایم کے، وائی ایس آر سی پی، ایس ایس، بی جے ڈی، جے ڈی (یو)، بی ایس پی، ٹی آر ایس، ایل جے ایس پی، این سی پی، سی پی آئی (ایم)، آئی یو ایم ایل، ٹی ڈی پی، اپنا دل، سی پی آئی، اے اے پی، اے آئی اے ڈی ایم کے، کے سی (ایم)، آر ایس پی، آر پی آئی (اے)، آر جے ڈی، این پی پی، وی سی کے اور اے جی پی شامل ہیں۔

 

 

 

 

بجٹ سیشن، 2022 کے دوران پیش کیے جانے والے بلوں کی فہرست:

 

I – قانون سازی سے متعلق کام کاج

 

1.ویئر ہاؤس (ترقی اور ضابطہ کاری) ترمیمی بل، 2022

2.مسابقت  (ترمیمی) بل، 2022

3.کنٹونمنٹ بل، 2022

4.انڈین انٹارکٹیکا بل، 2022

5.امیگریشن بل، 2022

6.پنشن فنڈ ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) بل، 2022

7.نیشنل ڈینٹل کمیشن بل، 2022

8.قیدیوں کی شناخت بل، 2022

9.میٹرو ریل (تعمیر، آپریشن اور دیکھ بھال) بل، 2022

10.کانوں اور معدنیات (ترقی اور ضابطہ) ترمیمی بل، 2022

11.توانائی تحفظ (ترمیمی) بل، 2022

12.یوپی سے متعلق آئین (درجہ فہرست ذات اور درج فہرست قبائل) آرڈر (ترمیمی) بل، 2022

13.جھارکھنڈ سے متعلق آئین (درجہ فہرست ذاتیں اور درج فہرست قبائل) آرڈر (ترمیمی) بل، 2022

14.تریپورہ سے متعلق آئین (درج فہرست قبائل) آرڈر (ترمیمی) بل، 2022

 

 

II - مالیاتی کام کاج

 

1.فنانس بل، 2022

2. دو ہزار اکیس- بائیس (22-2021) کے لیے گرانٹس کے ضمنی مطالبات پر بحث اور ووٹنگ اور متعلقہ ایپروپریشن بل کو پیش کرنا، غورو فکر  اور منظوری۔

3.سال 19-2018 کے لیے گرانٹس کے اضافی مطالبات پر بحث اور ووٹنگ اور متعلقہ ایپروپریشن  بل کو پیش کرنا، غور و فکر اور  منظوری۔

4. دو ہزار بائیس – تیئس (23-2022) گرانٹس کے مطالبات پر بحث اور ووٹنگ اور متعلقہ متعلقہ ایپروپریشن بل کو پیش کرنا، غورو فکر  اور منظوری۔

5.مالی سال 22-2021 کے لیے مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے گرانٹس کے ضمنی مطالبات اور متعلقہ ایپروپریشن بل کو پیش کرنا، غورو فکر  اور منظوری۔

6.مالی سال 23-2022 کے لیے مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے گرانٹس کے مطالبات پر بحث اور ووٹنگ اور متعلقہ ایپروپریشن بل کو پیش کرنا، غورو فکر  اور منظوری۔

************

 

(ش ح۔ م م ۔ ک ا)

U. No. 895

 



(Release ID: 1793957) Visitor Counter : 183


Read this release in: English , Hindi , Punjabi , Tamil