وزارت دفاع

مملکتی وزیر دفاع جناب اجے بھٹ نے کیا شجاعت کے اعزازات کے پورٹل پرورچوئل میوزیم کا افتتاح


بہادروں کی بہادری اور ایثار کی داستانیں بات چیت کی مختلف صورتوں میں پیش کی جائیں گی

Posted On: 20 JAN 2022 4:46PM by PIB Delhi

مملکتی وزیر دفاع جناب اجے بھٹ نے 20 جنوری 2022 کو شجاعت کے اعزازات کے پورٹل پر ایک تعاملاتی ورچوئل میوزیم کا افتتاح کیا۔ پورٹل کا لنک یہ ہے۔ (https://www.gallantryawards.gov.in/) ورچوئل میوزیم ایک اختراعی اور استعمال کیلئے آسان صورت میں بہادری کے اعزازات جیتنے والوں کے عزم اور ایثار کی کہانیوں کو یکجا کرتا ہے۔ اس میں 3-ڈی کے ذریعہ گیلری کی عمارت، لابی، وال آف فیم، جنگی یادگاروں، وار روم، ریسورس سینٹر کا دورہ کیا جا سکتا ہے۔ اس میں سیلفی بوتھ اور آلات کی نمائش وغیرہ بھی شامل ہیں۔ ورچوئل میوزیم کو آزادی کے 75 سال کی یاد میں 'آزادی کا امرت مہوتسو' کے ایک حصے کے طور پر وزارت دفاع،  سوسائٹی آف انڈین ڈیفنس مینوفیکچررز، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت اور بھاسکراچاریہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسپیس ایپلی کیشنز اینڈ جیو انفارمیٹکس نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔

وزیر مملکت برائے دفاع نے اس اقدام کے لئے وزارت دفاع اور ایس آئی ڈی ایم سمیت سبھی کی کوششوں کی ستائش کی اور کہا کہ ملک کی خدمت کے لئے عظیم قربانیاں دینے والے ہیروز کی شراکت کو اس ورچوئل میوزیم کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا جا سکتا ہے اور ان کی بہادری کی داستانیں عوام  خصوصاً نوجوانوں تک پہنچیں گی۔ جناب بھٹ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ورچوئل میوزیم زیادہ سے زیادہ  لوگوں کو شجاعت کے اعزازات کی ویب سائٹ کو دیکھنے اور نوجوانوں کو فوج میں شامل ہونے کی ترغیب دے گا۔

جناب اجے بھٹ نے زور دے کر کہا کہ فوجی رول ماڈل ہیں جو نوجوان نسل میں حب الوطنی کا پیغام عام کرتے ہیں اور انہیں کامیابی کی راہ پر بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے دیسی تحقیق و ترقی کو فروغ دینے اور دفاعی ساز و سامان تیار کرنے کے رُخ پر ایس آئی ڈی ایم کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ یہ ادارہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے تصور کے  'آتم نر بھر بھارت'  کے تصور  کو حقیقیت میں بدل رہا ہے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں دفاعی سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار نے ایس آئی ڈی ایم اور دیگر تمام ذمہ داران کو مختصر وقت میں ورچوئل میوزیم تیار کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ  شجاعت کے اعزازات کے پورٹل کے مقصد کو فروغ دینے میں یہ میوزیم ایک طویل سفر طے کرے گا جس کا مقصد نوجوانوں میں ملک کے بہادروں کی قربانیوں اور بہادری کے کاموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ڈاکٹر اجے کمار نے شجاعت اعزازات  پورٹل اور وزارت تعلیم کے زیر اہتمام ویر گاتھا پروجیکٹ کا خصوصی ذکر کیا جو یوم جمہوریہ کی تقریبات 2022 کے حصے کے طور پر وزارت دفاع کے اقدامات میں سے ایک ہے۔ ملک بھر میں آٹھ لاکھ سے زیادہ طلباء نے اس میں حصہ لیا اور اپنی متاثر کن کہانیوں کو مضامین، نظموں، ڈرائنگ اور ملٹی میڈیا پریزنٹیشنز کے ذریعے شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 25 طلباء کو فاتح قرار دیا گیا ہے اور انہیں جلد ہی انعامات سے نوازا جائے گا۔ متعلقہ تقریب یوم جمہوریہ کی تقریبات کا حصہ ہوگی۔

فضائیہ کے سر براہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری، بحریہ کے سربراہ امیر البحر آر ہری کمار، فوج کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سی پی موہنتی اور ایس آئی ڈی ایم کے صدر جناب ایس پی شکلا غیر روایتی طور پر اس تقریب میں شرکت کرنے والوں میں شامل تھے۔

ورچوئل میوزیم ویزیٹروں کو  لاگ ان/رجسٹر کرنے، کسی خاص گیلنٹری ایوارڈیافتہ کے دستیاب ڈیٹا کو اسکرول کرنے اور بہادروں کو اپنے طریقے سے خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس میں ایک وار روم بھی شامل ہے جس میں بہادری کے اعزازات حاصل کرنے والوں کی بہادری کی کہانیوں کی نمائش کی گئی ہے۔ متاثر کن ویڈیوز اور نمائشی آلات  بھی اس میوزیم کا حصہ ہیں۔ سیلفی بوتھ ویزیٹروں کو پورٹل پر دستیاب وسیع لائبریری سے اپنی پسند کی پس منظر کے ساتھ سیلفی لینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

وزارت دفاع نے مادر وطن کی خدمت میں فوجیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی کہانیوں کو لوگوں تک پہنچانے کے لئے شجاعت کے اعزازت کے پورٹل کی  تیاری کے بارے میں سوچا اور پھر اسے عملی جامہ پہنایا۔ 2017 میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے اعزاز یافتگان کی شجاعت اور قربانیوں کا اعتراف کرنے اور انہیں مبارکباد دینے کے لئے پروجیکٹ کا افتتاح کیا تھا۔پورٹل کا نیا ورژن 2021 میں وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے لانچ کیا تھا۔ یہ متعدد نئی خصوصیات کے ساتھ ہے۔ اِس میں خراج تحسین اور عہد کی شکل میں شہریوں کو  اپنی حب الوطنی کا اظہار کرنے اور کوئز اور دیگر پروگراموں میں حصہ لینے کی اجازت شامل ہے۔

نیا ورژن ایوارڈیافتگان کے اہل خانہ اور دوستوں کو بھی موقع دیتا ہے کہ وہ اپنی کہانیاں شیئر کریں۔ ایوارڈ جیتنے والوں، لڑائیوں اور جنگوں کی معلومات کا انبار یہ پورٹل محققین، ماہرین تعلیم اور عام لوگوں کے لئے تعلیمی مواد کا مخزن ہے۔

*****

U.No:569

ش ح۔ رف۔ س ا



(Release ID: 1791354) Visitor Counter : 140