وزارات ثقافت

’’کلاکمبھ‘‘ کی منفرد پہل کے تحت تیار عالیشان اور وسیع تصویروں کو یوم جمہوریہ تقریبات 2022 کے لئے راج پتھ پر نصب کیا گیا

Posted On: 20 JAN 2022 5:49PM by PIB Delhi

 

یوم جمہوریہ 2022 تقریبات کے لئے منفرد اقدام کلا کمبھ کے تحت بنائی گئی وسیع وعریض اور قابل دید تصویروں کو راج پتھ پر نصب کیا گیا ہے۔ یہ تصویریں اور پینٹنگس راج پتھ کے دونوں جانب آویزاں کی گئی ہیں اور ایک دلفریب نظارہ پیش کررہی ہیں۔ ثقافت کے سکریٹری جناب گووند موہن نے آج راج پتھ کا دورہ کرکے ان کا معائنہ کیا۔

یہ شاندار نقش ونگار آرٹ کو قومی افتخار اور کارناموں کے اظہار کا وسیلہ بنانے کی بہترین نظیر ہیں۔ ان میں ملک کی  مختلف علاقائی انفرادیت کی بھر پور عکاسی کی گئی ہے۔ پانچ سو سے زیادہ فنکاروں نے ، جنھوں نے اڑیشہ اور چنڈی گڑھ میں خصوصی ورکشاپ یا کلاکمبھ میں حصہ لیا تھا، انتہائی تحقیق اور غور وفکر کے بعد اور بہت ہی جوش وخروش سے مصوری کے یہ شاہکار بنائے ہیں۔

میڈیا کے افراد کو تفصیل بتاتے ہوئے جناب گووند موہن نےکہا کہ اب جبکہ ہم آزادی کا امرت مہوتسو منارہے ہیں، 750 میٹر طویل اسکرول ثقافت اور دفاع کی وزارتوں کی جانب سے ایک انوکھا قدم ہے۔ مختلف خطوں سے منتخب مقامی آرٹسٹوں نے یہ تصویریں بنائی ہیں اور ان کے ذریعہ جدوجہد آزادی کے گمنام سورماؤں کی بہادری کی داستانوں کی عکاسی کی گئی ہے۔ سکریٹری  صاحب نے مزید بتایا کہ ان آرٹسٹوں کے متنوع فنون اور فن پاروں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا گیا ہے  جو ایک بھارت شریشٹھ بھارت کا مظہر ہے۔ جناب گووند موہن نے مزید کہا کہ یوم جمہوریہ کے بعد یہ تصاویر اور فن پارے ملک کے مختلف حصوں میں لے جائے جائیں گے اور آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت ان کی نمائش کی جائے گی۔

20220120_150740_copy_1696x1041.jpg20220120_151015_copy_1670x1065.jpg

ان ورکشاپس میں وزارت ثقافت کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت اشتراک اور اجتماعی کام کو اجاگر کیا گیا ۔ اڑیشہ میں نئی دلی کی نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ نے کلنگا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی  اور  سلی کون  انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، کے اشتراک سے بھبنیشور میں گیارہ سے سترہ دسمبر تک اور چنڈی گڑھ میں چترکار یونیورسٹی کے اشتراک سے 25 دسمبر سے دو جنوری 2022 تک اس کا اہتمام کیا۔

’’کلا کمبھ۔ آزادی کا امرت مہوتسو‘‘ کثرت میں وحدت کا عکاس ہے اور اس میں ہندوستان کے 75 برسوں کے ترقی کے سفر اور اس کے عوام کی تابناک تاریخ، ثقافت اور اس کی حصولیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ہندوستان کے آئین سے ترغیب حاصل کرکے بھی فنکاری کے نمونے پیش کئے گئے ہیں۔ جہاں نندلال بوس اور ان کی ٹیم نے ہندوستان کے دیسی فن کانادر مظاہرہ کرکے آئین کی تزئین کا کام کیا تھا۔

ان ورکشاپس میں ایک بھارت شریشٹھ بھارت کا جذبہ پوری شدت سے ظاہر تھا جہاں جدوجہد آزادی کے گمنام سورماؤں کی بہادری کی داستانوں کو ہمارے ملک کے ثقافتی تنوع کے پہلوؤں کی تابناکی کے ساتھ پیش کیا گیا۔

****

 

U.No:574

ش ح۔ رف۔ س ا



(Release ID: 1791352) Visitor Counter : 131