وزارت آیوش
اختتامِ سال کا جائزہ : آیوش کی وزارت
20-2014 ء کے دوران آیوش کی مارکیٹ میں 17 فی صد کا اضافہ ہوا اور یہ 18.1 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی
کووڈ – 19 کے مریضوں کے علاج کی خاطر موثر آیوش ادویات کی نشاندہی کے لئے ایک بین شعبہ جاتی آر اینڈ ڈی ٹاسک فورس
آیوش کے سیکٹرمیں پانچ اہم پورٹل کا آغاز ، آیوش کے تمام فریقوں کو فائدہ ہوگا
’ ڈبلیو ایچ او ایم یوگا ‘ ایپ اور وائی – بریک ایپ کا آغاز
Posted On:
24 DEC 2021 12:35PM by PIB Delhi
نئی دلّی ،24 دسمبر/ آیوش کی وزارت بھارت کے روایتی طبی نظام کو بحال کرنے اور اسے فروغ دینے کے لئے عہد بستہ ہے ۔ عوام ، صنعتوں اور آیوش کی برادری تک رسائی کی ایک کوشش میں ، وزارت نے وائی – بریک ایپ ، آیور – ادیاماہ ، آیوش گرڈ وغیرہ سمیت مختلف اقدامات کئے ہیں ۔ سال 2021 ء میں وزارت نے پوری دنیا میں اپنی موجودگی کو بڑھانے کے لئے اور عوام اور صنعت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے قابل قدر اقدامات کئے ہیں ۔ یہ وزارت کی بہت سی حصولیابیوں اور اقدامات میں سے چند ہیں ۔
جب دنیا کووڈ – 19 کے قہر کی زد میں تھی اور اس سے بری طرح متاثر تھی ، آیوش کی وزارت نے وبائی مرض سے لڑنے کے لئے انتھک محنت کی۔ ایک کامیابی میں، وزارت نے آیوش 64 کی ملک گیر تقسیم کی مہم شروع کی۔ یہ تقسیم آیوش کی وزارت کے تحت ریسرچ کونسلوں اور سیوا بھارتی کے تعاون سے ، ملک بھر میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ کے 86 کلینیکل یونٹس کے ذریعے کی گئی تھی ۔ ملک کے معروف تحقیقی اداروں کے سائنسدانوں نے پایا ہے کہ آیوش 64، ایک پولی ہربل دوائی ہے ، جو سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن آیورویدک سائنسز ( سی سی آر اے ایس ) نے تیار کی ہے، غیر علامتی، ہلکے اور معتدل کووڈ – 19 کے علاج میں معیاری دیکھ بھال کے لئے بہت فائدہ مند ہے۔ یہ انفیکشن کے علاج میں مفید ہے۔ان ادویات کی موثر کار کردگی کو کئی مراکز پر طبی تجربات کے ذریعے ثابت کیا گیا ہے۔
وبائی مرض نے عوام میں خوف و ہراس پیدا کر دیا تھا اور ابتداء میں ، انہیں یقین نہیں تھا کہ آیوش ان کے مسائل کو کیسے حل کر سکتا ہے۔ اِس کے جواب میں، آیوش کی مرکزی وزارت نے کووڈ-19 سے درپیش چیلنجوں کے لئے آیوش پر مبنی نقطۂ نظر اور حل فراہم کرنے کے لئے ایک وقف کمیونٹی سپورٹ ٹول فری نمبر 14443 ہیلپ لائن کا آغاز کیا۔ یہ ہیلپ لائن پورے ہندوستان میں صبح 6 بجے سے دوپہر 12 بجے تک - ہفتے کے ساتوں دن کام کرتی ہے۔
آیوش کی وزارت ہر سال 21 جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے کے ذریعے یوگا کو مشہتر کرتی ہے اور اسے فروغ دیتی ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے یوگا کے 7ویں عالمی دن کے موقع پر ، اپنے خطاب میں ’ ڈبلیو ایچ او ایم یوگا ‘ کے ایپ کا اعلان کیا تھا ۔ یہ ایپ ایک سے زیادہ زبانوں میں کامن یوگا پروٹوکول ( سی وائی پی ) پر مبنی یوگا تربیتی مشقوں کو آسانی سے سیکھنے کے قابل بناتی ہے ۔
اس کے علاوہ، وزارت نے کام کرنے والے پیشہ ور افراد کے لئے صرف 5 منٹ میں اپنے کام کی جگہ پر تازہ دم ہونے ، دوبارہ توجہ مرکوز کرنے اور تناؤ کو دور کرنے کے لئے ’’ وائی – بریک ‘‘ ایپ لانچ کی ہے۔ ایپ کامن یوگا پروٹوکول پر مبنی ہے۔ پروٹوکول میں آسن، پرانایام اور دھیان شامل ہیں۔
ایک پہل میں، تین سرکردہ ادارے کووڈ-19 کے مریضوں کی نفسیاتی بحالی کے لئے ایک پروٹوکول تیار کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے۔ ان 3 باوقار اداروں میں آیوش کی وزارت کے تحت ایک خود مختار ادارہ سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یوگا اینڈ نیچروپیتھی (سی سی آر وائی این)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ نیورو سائنسز ( این آئی ایم ایچ اے این ایس ) ، بنگلور اور سوامی وویکانند یوگا انوسندھان سنستھان (ایس – ویاس ) شامل ہیں۔ انہوں نے مشترکہ طور پر پروٹوکول جاری کیا ہے ۔
آیوش کی وزارت اور خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کے ذریعہ اٹھائے گئے ایک بڑے قدم میں، غذائیت سے متعلق ایک مشترکہ مہم شروع کی گئی۔ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور بچوں کے لئے غذائیت سے بھرپور خوراک اور ادویاتی پودوں کی آسانی سے دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے آنگن واڑیوں، اسکولوں اور کچن گارڈن میں جڑی بوٹیوں کے پودے لگانے کی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔ اس مشن میں آیوش آدھار کے رہنما خطوط پر گھر لے جانے والے راشن کو فروغ دینا (فورٹیفیکیشن/غذائیت کا امتزاج) ، مشن کلپترو-دواؤں کے پودوں/درختوں کی شجرکاری اور تمام آنگن واڑی مراکز میں مرحلہ وار غذائیت اور خون کی کمی کے لئے آیوش پر مبنی اقدامات شامل ہیں۔
آیوش کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ کے بارے میں ایک واضح تصویر اس وقت سامنے آئی ، جب ’ ہندوستان میں آیوش سیکٹر: امکانات اور چیلنجز ‘ کے عنوان سے آر آئی ایس کی رپورٹ جاری کی گئی۔ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ آیوش کا بازار 20-2014 ء میں 17 فی صد سے بڑھ کر 18.1 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا۔ ریسرچ اینڈ انفارمیشن سسٹم فار ڈیولپنگ کنٹریز ( آر آئی ایس ) کی رپورٹ کے مطابق، وبائی امراض کی وجہ سے 2020 ء میں معاشی سرگرمیوں میں سست روی کے باوجود، صنعت کے 2021 ء میں 20.6 ارب امریکی ڈالر اور 2022 ء میں 23.3 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ عالمی حصص کے لحاظ سے، ہندوستان کی آیوش مارکیٹ نے پیداواری رکاوٹوں کے باوجود دنیا کے دیگر ملکوں سے زیادہ تیزی سے ترقی کی ہے ، جو مارکیٹ کا تقریباً 2.8 فی صد ہے ، جسے رد نہیں کیا جاسکتا۔
ہندوستان کے اسٹارٹ اپس اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو دنیا میں بہترین بنانے کے لئے انتھک محنت کرنے کے لئے آیوش اُدیم کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس سے آتم نربھر بھارت کے طویل مدتی ویژن میں مدد ملے گی۔ نئے آئیڈیاز کو ترقی کے لئے ایک سازگار ماحول کی ضرورت ہے اور یہ مرکز ، نوجوان کاروباریوں کو اپنے کاروبار کو بڑھانے سے پہلے خود کو قائم کرنے میں مدد دے گا۔
ایک تاریخی پیش رفت میں، گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (جی یو ایم سی اینڈ ایچ)، گاندربل، جموں و کشمیر نے بی یو ایم ایس (بیچلر آف یونانی میڈیسن اینڈ سرجری) کورس کے اپنے پہلے بیچ کا آغاز کیا ہے ۔ یہ کالج اسپتال 136 گاوؤں کے تقریباً تین لاکھ لوگوں کو اور سری نگر، بارہمولہ اور باندی پورہ کے اضلاع کے لوگوں کو خدمات فراہم کرے گا ۔
یوگا اور اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو بڑے پیمانے پر محسوس کیا گیا ہے کیونکہ آئی ڈی وائی 2021 ، پوری دنیا میں جوش و خروش سے منایا گیا۔ آئی ڈی وائی 2021 کا مرکزی موضوع ’’ یوگا فار ویلنیس‘‘ تھا۔ مختلف تعاون، موضوعاتی معیار کے پروگرام، ویبینار، ورچوئل ایونٹس وغیرہ اور تکنیکی ترقی نے عوام تک پہنچنے میں مدد کی۔ تعداد میں کامیابی سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان میں آئی ڈی وائی 2021 میں 156.86 ملین لوگوں نے حصہ لیا اور کل رسائی (سوشل میڈیا تک رسائی) میں 496.1 ملین لوگوں نے حصہ لیا۔
50,000 سے زیادہ لوگوں نے بیرون ملک ہندوستانی مشنوں میں شرکت کے لئے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا اور یوگا نے نیویارک کے ٹائمز اسکوائر، پیرس کے ایفل ٹاور اور ٹوکیو اسکائی ٹری کے اندر، دنیا کے سب سے اونچے ٹاور جیسے مشہور مقامات پر اپنے نشان چھوڑے ، جہاں لوگوں نے 7 واں آئی ڈی وائی جوش و خروش کے ساتھ منایا ۔
آئی ٹی پر مبنی حل کی طرف بڑھتے ہوئے، اے ایم اے اے آر ، آئی ایم آئی ایس ، ایس اے ایچ آئی آئی اور ای – میدھا پورٹل کے ساتھ آیوروید ڈیٹاسیٹس سے متعلق سی ٹی آر آئی(کلینیکل ٹرائل رجسٹری آف انڈیا)پورٹل کے آغاز نے آن لائن موجودگی میں اضافہ کیا ہے۔آیوروید ڈیٹاسیٹ سی ٹی آر آئی ، عالمی ادارہ صحت کے بین الاقوامی کلینیکل ٹرائلز رجسٹری پلیٹ فارم کے تحت کلینیکل ٹرائلز کا ایک بنیادی رجسٹر ہے۔ سی ٹی آر آئی سہولت پر آیوروید ڈیٹا سیٹ کی تخلیق آیوروید کی اصطلاحات کے استعمال کو آیوروید کی مداخلتوں پر مبنی طبی مطالعات کو ریکارڈ کرنے میں سہولت فراہم کرتی ہے۔ مزید براں، آیوش کی وزارت نے ایک ورچوئل ایونٹ میں اپنے ’ آیوش کلینیکل کیس ریپوزٹری (اے سی سی آر) پورٹل اور آیوش سنجیوانی ایپ ‘ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز کرکے ایک اور سنگ میل حاصل کیا ہے ۔
آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر آیوش کی وزارت نے آزادی کی امرت مہوتسو مہم کے تحت کئی پروگرام شروع کئے۔ ان مختلف پروگراموں کا آغاز 30 اگست سے شروع ہوا اور 5 ستمبر تک جاری رہا۔ وائی بریک ایپ کا آغاز، دواؤں کے پودوں کی تقسیم، ملک میں 75 ہزار ہیکٹر اراضی پر دواؤں کے پودے ، ایک سال میں 75 لاکھ لوگوں میں حفاظتی ادویات تقسیم کرنے کی قومی مہم، 75000 سے زیادہ اسکولوں اور کالجوں کے طلباء کے لئے لیکچر کے لئے ہمارا آیوش – ہمارا سواستھ پر لیکچر سیریز ، نوجوانوں میں آیوش نظام کو مقبول بنانا اور وائی بریک ایپ کی افادیت پر ایک ویبینار دلچسپ پروگراموں کا ایک گلدستہ ہیں ۔ یہ سرگرمیاں ایک سال تک جاری رہیں گی۔
ایک اور پہل میں، وزارت نے ایک بین شعبہ جاتی آیوش آر اینڈ ڈی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے ، جو کووڈ-19 کے مثبت معاملات میں دافعہ امراض کے مطالعات اور اضافی مداخلتوں کے لئے کلینیکل ریسرچ پروٹوکول مرتب کرے گی ۔ اس ٹاسک فورس میں انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر )، ڈیپارٹمنٹ آف بایو ٹیکنالوجی ( ڈی بی ٹی )، سائنسی اور صنعتی تحقیق کی کونسل ( سی ایس آئی آر )، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( اے آئی آئی ایم ایس) اور آیوش اداروں کی نمائندگی شامل ہے۔
ایک بڑے تعاون میں، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے ) اور برطانیہ کے لندن اسکول آف ہائیجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن ( ایل ایس ایچ ٹی ایم ) نے مل کر ’ اشوگندھا ‘ پر ایک مطالعہ کیا تاکہ کووڈ – 19 سے متعلق صحت کے فوائد کو فروغ دیا جا سکے۔ اے آئی آئی اے اور ایل ایس ایچ ٹی ایم نے برطانیہ کے تین شہروں لیسٹر، برمنگھم اور لندن (ساؤتھ ہال اور ویمبلے) میں 2,000 لوگوں پر ’اشوگندھا ‘ کے کلینیکل ٹرائلز کرنے کے لئے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں۔ یہ قابل ذکر ہے کہ آزمائش کی کامیابی سے اشوگندھا کی راہ ہموار ہو سکتی ہے ، جو کہ انفیکشن کو روکنے کے لئے ایک ثابت شدہ دواؤں کا علاج ہے اور اسے دنیا بھر میں سائنسی برادری نے تسلیم کیا ہے۔
شمال مشرقی ریاستوں میں آیوش کو مضبوط بنانے کے لئے پاسی گھاٹ پر 30 سیٹوں والا ایک نیا آیوروید کالج اور 60 بستروں والا آیوروید اسپتال قائم کیا جائے گا۔
ایک اور اہم اقدام میں، آیوش کی وزارت نے لائسنسنگ کے عمل کو آسان بنانے اور وقت کی بچت کے لئے ایک آن لائن درخواست کا نظام شروع کیا ہے ۔ اس سے آیوروید، سِدّھا اور یونانی ( اے ایس یو ) ادویات کو تیز تر، کاغذ کے بغیر اور زیادہ شفاف بنانے کے لئے لائسنس دینے کے عمل میں مدد ملے گی۔
اس کے علاوہ، آیوش کی وزارت نے فارماکوپیا کمیشن فار انڈین میڈیسن اینڈ ہومیوپیتھی ( پی سی آئی ایم اینڈ ایچ ) اور امریکن ہربل فارماکوپیا، امریکہ کے درمیان عملی طور پر مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان مساوات اور باہمی فائدے کی بنیاد پر آیوروید اور دیگر ہندوستانی روایتی نظامِ طب کے میدان میں معیارات کو مضبوط بنانے، فروغ دینے اور ترقی دینے میں مدد ملے گی۔
ایک اور سنگ میل طے کرتے ہوئے ، انڈین میڈیسن فارماسیوٹیکل کارپوریشن لمیٹڈ (آئی ایم پی سی ایل)، جو آیوش کی وزارت کے تحت ایک پبلک سیکٹر مینوفیکچرنگ یونٹ ہے، نے مالی سال 21-2020 ء کے لئے 164.33 کروڑ روپئے کا لین دین (عارضی ) درج کیا ہے ۔ یہ کمپنی کی تاریخ میں حاصل کردہ سب سے بڑا لین دین ہے اور سال بھر میں تقریباً 12 کروڑ روپئے کا سب سے زیادہ منافع کمایا ہے ، جو اب تک کا سب سے زیادہ منافع ہے۔ گزشتہ سال 20-2019 ء میں، کمپنی کی آمدنی کے بہترین اعداد و شمار 97 کروڑ روپئے تھے۔ یہ اضافہ کووڈ – 19 وبائی امراض کے تناظر میں عوام کی طرف سے آیوش مصنوعات اور خدمات کو تیزی سے اپنانے کی عکاسی کرتا ہے۔
آیوش کی وزارت ، شعبے کے مختلف امور اور چیلنجوں کی نشاندہی کرکے خامیوں کو دور کرنے کے لئے سرگرمی سے کام کر رہی ہے اور عالمی سطح پر اس کی مقبولیت کو بڑھانے کے لئے مختلف راستے تلاش کر رہی ہے ۔ اس شعبے میں کاروبار کے لئے وسیع امکانات ہیں اور آیوش کی وزارت ، اِس کے لئے ہمت افزائی اور سہولت فراہم کرتی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا ) (24-12-2021)
U. No. 14773
(Release ID: 1785003)
Visitor Counter : 263