وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

انڈیا @ بی آر او موٹر سائیکل مہم کے تحت دس ہزار کلو میٹرکا فاصلہ طے کیا گیا

Posted On: 28 NOV 2021 9:23AM by PIB Delhi

 

کلیدی خصوصیات:

  • انڈیا@ بی آر او موٹر سائیکل مہم، قومی یکجہتی ، قومی تعمیروترقی  اور سڑک پر حفاظت یعنی روڈ سیفٹی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کا پیغام عام کرنے کے لئے بھارت کے چاروں کونوں کا سفر کرکے آزادی کا امرت مہوتسو کی ایک تقریب ہے۔
  • عزت مآب رکشا منتری جناب راجناتھ سنگھ نے 16 اکتوبر 2021 کو دہلی میں جھنڈی دکھا کر اس مہم کا آغاز کیا ہے۔
  • اس مہم نے 27 نومبر 2021 کو کولکاتہ پہنچ کر اپنا چوتھا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔ اور44 دن تک بنارکے موٹرسائیکل چلا کر دس ہزار کلو میٹر سے زیادہ  کا فاصلہ طے کرلیا ہے ۔
  • اگلے مرحلے کے تحت یہ مہم ‘‘کنیا کمار’’ کے لئے روانہ ہوگئی ہے۔

انڈیا@ 75 بی آر او موٹر سائیکل مہم نے 27 نومبر کو کولکاتہ پہنچنے سے پہلے 12 روز میں چھ ریاستوں سے گزر کر 3200 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے کامیابی سے چوتھا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔ یہ ٹیم ، آسام ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور میگھالیہ کی شمال مشرقی ریاستوں کے پہاڑی دشوار گزار علاقوں سے گزر نے کے بعد کولکاتہ کے مشرقی ساحل تک پہنچی ۔ ٹیم ، کولکاتہ پہنچنے سے پہلے جوہاٹ ، دیماپور ، امپھال، سلچر ، ایزول ، شیلانگ ، علی پوردوار اور مالدہ شہروں سے ہوکر گزری۔

رکشا منتری جناب راجناتھ سنگھ نے 16 اکتوبر 2021 کو نئی دہلی سے اس مہم کو جھنڈی دکھا کرروانہ کیا تھا۔ اس دوران اس مہم کے تحت ٹیم ہماچل پردیش ، لیہہ اور لداخ اور جموں وکشمیر کے برف پوش علاقوں اور بلند مقامات سے ہوکر گزری ۔ دوسرے مرحلے میں ٹیم نے سلی گوڑی پر اپنا مرحلہ مکمل کرنے سے پہلے پنجاب کے میدانی علاقوں ،اتراکھنڈ کی پہاڑیوں اور اترپردیش ،بہار اور بنگال کے گنگا کے میدانی علاقوں کا سفر کیا۔تیسرے مرحلے میں یہ مہم ناتھولا ، گنگٹوک ، کالمپونگ ، ہاشیمارا ، گوہاٹی ، تیزپور، ایٹانگر ،پاسی گھاٹ سے گزر کر آسام کے مشرقی قصبے دوم دوما تک پہنچی ۔ اس کے بعد یہ کولکاتہ کے لئے روانہ ہوئی۔

اس مرحلے کے دوران، مہم کی ٹیم نے جورہاٹ، دیماپور ، امپھال ،سلچر، ایزول، شیلانگ،علی پور دوار، مالدہ اور کولکاتہ میں نوجوان اور ہونہار اسکولی بچوں ،کالج کے طلبا اور این سی سی کیڈیٹس کے ساتھ رابطہ قائم کیا اور ان کے لئے ترغیبی لیکچر کا انعقاد کیا۔

ٹیم نے قوم کے تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے ممکنہ تعاون کے بارے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔نوجوانوں نے بی آر او اور بھارت کی فوج میں شامل ہونے اور ملک کی خدمت کرنے کے سلسلے میں جس دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور سوالات کئے ان سے ٹیم کو خوشگوار حیرت ہوئی۔ٹیم نے اپنے راستے میں پڑنے والے شہروں اور قصبوں کے تمام عمر کے لوگوں کو شامل کرکے تقریباً ہر روز بہت سے معلومات عامہ کے مقابلوں اور رابطہ کاری سے متعلق پروگراموں کا انعقاد کرکے سڑک پر حفاظت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے والے پیغامات عام کئے۔ ٹیم نے مقامی افراد کے ساتھ بات چیت کی، یتیم خانوں اور بزرگ افراد کے لئے بنائے گئے اولڈ ایج ہومز کا بھی دورہ کیا اور مختلف جگہوں پر سرکردہ افراد سے ملاقات کرکے کافی وقت گزارا۔

ٹیم کا ہر مقام پر گرمجوشی کے ساتھ خیر مقدم کیا گیا ۔ٹیم نے سابق بین الاقوامی مکے باز اور راجیو گاندھی کھیل رتن سے سرفراز شریمتی سریتا دیوی اور بھارت کے مکے بازی کے کوچ اور درونا چاریہ ایوارڈ سے سرفراز جناب ایل ایبو مچا سنگھ کے ساتھ گفتگو کی۔ٹیم کو منی پور کے گورنر عزت مآب جناب ایل اے گنیش جیسی کلیدی ریاستی اہم شخصیتوں نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ جنہوں نے مہم جو ٹیم کے ساتھ بات چیت کی اور شمال مشرق میں سڑک کے بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر و ترقی کے لئے بی آر او کی ستائش کی۔ میزورم کے کھیل کود اور نوجوانوں سے متعلق خدمات کے وزیر جناب پورابرٹ روماویا رائٹے نے بذات خود اس مہم میں حصہ لیا اور ایزول کے مضافاتی علاقے میں اپنی موٹر سائیکل چلائی اور ٹیم کو رخصت کیا ۔

انڈیا@ 75 بی آر او موٹر سائیکل مہم نے اب تک دس ہزار کلو میٹر سے زیادہ فاصلہ طے کرلیا ہے اور یہ اپنے سفر کے لگ بھگ آدھے راستے پر ہے۔ ٹیم کے ارکان نے ناقابل فراموش یادیں اور تاحیات قائم رہنے والے تعلقات قائم کئے ہیں اور عام لوگوں میں دلچسپی پیدا کی ہے اور اہم بات یہ ہے کہ شہریوں میں یہ سڑک پر حفاظت کے بارے میں بیداری پیدا کی ہے۔یہ مہم اب اپنی آخری منزل ، بھارت کے جنوب ترین حصے کنیا کماری کی جانب روانہ ہوئی۔

 

 

*************

 

 

 

ش ح- ع م - م ش

U. No.13409


(Release ID: 1776064) Visitor Counter : 151