وزارت اطلاعات ونشریات

ہندوستان کے 52 ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں ہالی ووڈ فلم ساز مارٹن اسکورسیس کو ستیہ جیت رے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا


ستیہ جیت رے کی فلموں نے میرے لیے ایک پوری نئی دنیا کھول دی: مارٹن اسکورسیس
بین الاقوامی سنیما کےمعروف فنکار کوآئی ایف ایف آئی کا اعزاز

Posted On: 20 NOV 2021 7:04PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی۔ 20  نومبر   ہندوستان کے 52 ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول نے آج 20 نومبر 2021 کو گوا میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ہالی ووڈ کے فلم ساز مارٹن اسکورسیس  کو سینما کی دنیا میں ان کے عظیم کارناموں کے اعتراف میں ستیہ جیت رے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا ہے۔

ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے، بین الاقوامی سنیما کے معروف فنکار نے کہا، "اب تک کے سب سے عظیم فلم سازوں میں سے ایک اور میرے لیے باعث تحریک شخصیت ، ستیہ جیت رے کے نام سے منسوب اس ایوارڈ کو حاصل کرنے پر مجھے در حقیقت فخر محسوس ہو رہا ہے۔ میں بار بارستیہ جیت رے کے کام کو دیکھتا ہوں اور جب بھی میں ان کی فلمیں دیکھتا ہوں، یہ بالکل نیا تجربہ ہوتا ہے۔ پاتھیر پنچالی دیکھنا میرے لیے ایک انکشافی تجربہ تھا اور اس نے میرے لیے ایک پوری نئی دنیا کھول دی۔"

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/4-1HEEI.jpg

یہ یاد کرتے ہوئے کہ کس طرح اپنائیت، قربت، نرمی اور حساسیت نے ستیہ جیت رے کی فلموں میں اہم کردار ادا کیا، فلم ساز نے انکشاف کیا کہ ستیہ جیت رے کی فلموں کی موسیقی نے انہیں اپنی فلموں کی موسیقی تیار کرنے میں ترغیب دی ہے۔ " انہوں نے کہا "میں نے اپنی بیٹی کو چھوٹی عمر میں پاتھیر پنچالی دکھائی تھی، اس نے اس بات پر بہت اثر ڈالا ہے کہ وہ دنیا کو  اور دنیا بھر کی دیگر ثقافتوں کو کیسے دیکھتی ہے۔"

ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، فلمساز نے انہیں دیئے گئے اعزازکے لیے ہندوستانی فلم انڈسٹری کا شکریہ ادا کیا۔

21 ویں صدی کے بہترین سنیما فنکاروں میں سے ایک کے طور پرشمار کیے جانے والے مارٹن اسکورسیس ایک ہالی ووڈ فلمساز ہیں۔فلموں کی دنیا کے اس سجیلے مارٹن اسکورسیس کے نام کو اپنے آپ میں ایک ادارہ سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کئی دیگر فلموں کے علاوہ گڈفیلس، ٹیکسی ڈرائیور، ریجنگ بل، دی ڈیپارٹڈ، شٹر آئی لینڈ اور دی ورلڈ آف دی وال سٹریٹ جیسے شاہکار تخلیق کیے ہیں جنہوں نے عالمی تخیل کو اپنی فلموں میں قید کیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2-2K70P.jpg

مارٹن اسکورسیس نیو یارک شہر کے کوئنس میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے دی بگ شیو اور اٹز ناٹ جسٹ یو، مورے جیسی مختصر فلموں کے ساتھ فلموں کی دنیا میں قدم رکھا۔

مارٹن اسکورسیس  نے 1990 میں غیر منافع بخش ادارہ 'دی  فلم فاؤنڈیشن'، 2007 میں' ورلڈ سنیما فاؤنڈیشن' اور 2017 میں 'افریقی فلم ہیریٹیج پروجیکٹ' کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے اپنی فلموں کے لیے گولڈن گلوب، بافٹا اور اکیڈمی ایوارڈ سمیت متعدد ایوارڈز جیتے ہیں۔ پانچ دہائیوں سے زیادہ پر محیط کیریئر میں، مارٹن اسکورسیس نے بہت سی فیچر فلموں، دستاویزی فلموں، مختصر فلموں، ٹیلی ویژن شو اور میوزک ویڈیو کی ہدایت کاری اور پروڈیوس کی ہے۔

ہنگری کے مشہور فلم ساز اسٹیوا ن زابو کو بھی آج ہندوستان کے 52 ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں ستیہ جیت رے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

ستیہ جیت رے کو جدید سنیما کے علمبرداروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے اور دنیا بھر کے سینما شائقین انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کی فلمیں جیسے دی اپو ٹریلوجی، دی میوزک روم وغیرہ نے ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں ان کے قدم جمائے اور آج تک شاہکار بنے ہوئے ہیں۔

ستیہ جیت رے سنیما کی دنیا کی وہ کرن تھے جو آج بھی لاکھوں ذہنوں اور ایک ارب سنیما شائقین کے خیالات کو روشن کرتی ہے۔ جیسا کہ ہم ہندوستان کی آزادی کے 75 سال اور معروف  فلم ساز کے 100 سال کا جشن منا رہے ہیں، یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئی ایف ایف آئی کے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کو اب سے ستیہ جیت رے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈسے موسوم کیا جائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 

(ش ح ۔ رض  ۔ ج ا  (

U-13086

 



(Release ID: 1773724) Visitor Counter : 276