نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

جناب وینکیا نائیڈو نے گورنروں پر زور دیا کہ وہ مرکز کے اقدامات کے نفاذ کی نگرانی کریں


نائب صدر جمہوریہ نے گورنروں سے کہا کہ وہ لوگوں کو قومی ترقی کے کام میں حصہ لینے کی ترغیب دیں

ریاستوں کے سربراہان سے کہا کہ  ایک بہتر مستقبل کے لئے وہ ماحولیات، ثقافت اور فطرت کو تحفظ فراہم کرنے میں پیش قدمی کریں

قومی تعلیمی پالیسی کے مؤثر نفاذ، خاص طور پر مادری زبان کی تعلیم پر زیادہ زور دینے پر زور

Posted On: 11 NOV 2021 6:42PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ ہند اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جناب ایم وینکیا نائیڈو نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے گورنروں اور لیفٹیننٹ گورنروں پر زور دیا ہے کہ وہ مرکزی پروگراموں پر عمل آوری کی نگرانی کرنے اور ملک کی تعمیر کے اقدامات میں جوش و خروش سے حصہ لینے کے رُخ پر لوگوں کو متحرک کرنے کے لئے سرگرم رہیں۔ آج نئی دہلی میں گورنروں اور لیفٹیننٹ گورنروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب نائیڈونے ان پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی کیلئے سب کا ساتھ ، سب کا پریاس کے فلسفے سے متاثر مرکزی حکومت کی طرف سے شروع کئے جانے والے  ایک سے زیادہ اقدامات کی عوام کی موثر شرکت کے ساتھ  نگرانی اور رہنمائی کریں۔

جناب نائیڈو نے ماحولیاتی تحفظ، کسانوں کے درمیان کاروباری امکانات کے فروغ ، سب کے لئے صحت کی دیکھ  ریکھ، عوامی زندگی میں آئینی اقدار اور اخلاقیات کے فروغ سمیت متعدد مسائل پر شرکاء کے ساتھ اپنے خیالات اور خدشات کا اظہار کیا۔ عوامی زندگی میں گورنروں کے وسیع تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے زور دے کر کہا  کہ پالیسی سازی اور اُن پر عمل آوری، قلیل وسائل کے موثر استعمال  اور عوامی زندگی میں حسنِ سلوک اور اخلاقیات کو یقینی بنانے میں ان کا اہم رول ہے۔جناب نائیڈو نے زور دیا کہ ‘‘گورنروں  اور لیفٹیننٹ گورنروں کو نہ صرف آئینی مقتدرہ کے طور پر بلکہ ایک بزرگ سیاستداں کے اخلاقی اختیار کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔’’

آب و ہوا میں تبدیلی کے تعلق سے بڑھتے ہوئے خدشات اور موسمیاتی تبدیلی پر جاری سی او پی-26 عالمی اجلاس کے تناظر میں جناب نائیڈو نے گورنروں پر زور دیا کہ وہ ماحولیات دوست اقدامات کے رُخ پر لوگوں کی سرگرمیوں جیسے شجر کاری، آبی تحفظ، ماحول دوست تعمیر، فضلے کا نظم وغیرہ کو فروغ دیں۔

سو 100 کروڑ سے زیادہ  کووڈ کے انسدای ویکسین کے انتظام کی ٹیم انڈیا کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے گورنروں پر زور دیا کہ وہ ٹریکنگ کو یقینی بنائیں اور ویکسین سے متعلق ہچکچاہٹ پر قابو پانے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔ انہوں نے صحت مند زندگی گزارنے اور صحت کی سہولیات تک سب کی رسائی کو یقینی بنانے کے لئے طرز زندگی میں تبدیلیوں پر بھی زور دیا۔

جناب نائیڈو نے گورنروں اور لیفٹیننٹ گورنروں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ حکمرانی اور عوامی زندگی آئین کے فلسفے اور شقوں کی سخت پابندی سےعبارت ہوں۔

*****

ش ح- ع س- ک ا

U-12757



(Release ID: 1771045) Visitor Counter : 144