وزارت خزانہ

انکم ٹیکس محکمے نے کانچی پورم ، چنئی اور ویلور میں تلاشی کی کارروائیاں انجام دیں   

Posted On: 10 OCT 2021 1:59PM by PIB Delhi

نئی دلّی ،10 اکتوبر / انکم ٹیکس محکمے  نے  5 اکتوبر ، 2021 ء کو کانچی پورم میں چٹ فنڈ اور فائنانسنگ گروپ  اور سلک ساڑیوں اور دیگر ملبوسات کے ایک خردہ  کاروباری کے معاملوں میں تلاشی کی کارروائیاں انجام دیں ۔ تلاشی کی کارروائی کانچی پورم ، چنئی اور ویلور میں واقع 34 عمارتوں میں انجام دی گئیں  ۔

          چٹ فنڈ گروپ کے معاملے میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروپ غیر مجاز طور پر چٹ فنڈ کا کاروبار کر رہا تھا اور پچھلے چند برسوں میں 400 کروڑ روپئے سے زیادہ کی سرمایہ کاری اور ادائیگی پوری طرح نقد رقم میں کی گئی ۔ شواہد سے انکشاف ہوتا ہے کہ گروپ نے کمیشن اور  منافع کے طور پر بغیر حساب کتاب والی بڑی رقم کمائی ہے  ۔

          تلاشی کے دوران کئی پرومیسری نوٹس  ، دستخط شدہ بعد کی تاریخوں کے چیک اور پاور آف اٹارنی جیسی دستاویزات ضبط کی گئی ہیں ، جو چٹ فنڈ کے صارفین کو قرض دینے کے لئے ضمانت کے طور پر جمع کی گئی تھیں ۔ گروپ نے نقد فائنانسنگ سے بھی  بغیر حساب کتاب کے وسیع سود وصول کئے ہیں اور وسیع سرمایہ کاری اور اخراجات کئے ہیں ، جن کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے ۔

          گروپ کے ارکان کے نام پر رجسٹرڈ کئی جائیدادوں کی دستاویزات بھی ضبط کی گئی ہیں ۔ اس گروپ  کے ارکان کی ملکیت میں شاندار مکانات ، فارم ہاؤس ، دیگر اراضی ، مہنگی موٹر گاڑیاں وغیرہ پائی گئی ہیں ، جب کہ انہوں نے کوئی انکم ٹیکس ریٹرن داخل نہیں کیا ہے یا انہوں نے اپنے ریٹرن میں  ، اس کا کوئی ذکر نہیں کیا ۔

          کئی ایسوسی ایٹس اور چٹ فنڈ کے سرمایہ کاروں کی بھی تحقیقات کی گئی ہے اور انہوں نے بھی  ، اِس بات کو تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے بغیر حساب کتاب والی رقم سے سرمایہ کاری کی اور منافع کمایا ،   جس کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے ۔ بغیر حساب کتاب والی 1.35 کروڑ روپئے کی نقد رقم  اور 7.5 کلو گرام کے سونے کے زیورات ضبط کئے گئے ہیں ۔  اس گروپ سے ضبط کی گئی بغیر حساب کتاب والی آمدنی 150 کروڑ روپئے سے زیادہ ہے ۔

          دوسرے گروپ کے معاملے میں ، جو سلک کی ساڑیوں اور دیگر ملبوسات کے کاروبار میں مصروف ہے ، اِس بات کے شواہد پائے گئے ہیں کہ انہوں نے پچھلے 4 برسوں کے دوران  سیلس ( فروخت ) کو کم دکھایا ہے ۔ سیلس کے اعداد و شمار میں ایک سافٹ ویئر ایپلی کیشن کا استعمال بھی ضبط کیاگیا ہے ۔ اس طرح کی خرد برد کے ساتھ گروپ کے ارکان مسلسل بغیر حساب کتاب والی رقم وصول کرتے تھے اور انہوں نے زمین اور عمارتوں میں  بغیر حساب کتاب والی سرمایہ کاری کی ہے ۔ گروپ کے ارکان پُر تعیش طرز زندگی گزارنے ، قرضوں کی ادائیگی کے لئے وسیع نقد رقم استعمال کرتے تھے اور  چٹ فنڈ وغیرہ میں سرمایہ کاری کر رہے تھے ۔

          44 لاکھ روپئے کی نقد رقم اور 9.5 کلو گرام سونے کے زیورات ضبط کئے گئے ہیں ۔ اس گروپ کے ذریعے بغیر حساب کتاب والی 100 کروڑ روپئے سے زیادہ  کی آمدنی کا انکشاف ہوا ہے ۔

          دونوں معاملات میں تفتیش جاری ہے ۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح  ۔ و ا ۔ ع ا ) (10-10-2021)

U. No.  9917



(Release ID: 1762750) Visitor Counter : 124